پہلا تھِسلنُیکیوں باب ۴

1 ۱۔ پس بھائیو ہم تمہیں خداوند یسو ع میں تمہاری حوصلہ افزائی اور نصیحت کرتے ہیں کہ جیسے تم نے ہم سے راہنمائی حاصل کی کہ کیسے خدا میں چلنا اور اُس کو خوش کرنا ہے؟،اب بھی ایسی ہی چال چلو اور اُس میں مزید بڑھتے جاؤ۔ 2 ۲۔اِس لئے تم جانتے ہو ہم نے تمہیں خداوند یسوع کے وسیلے سے کیا تعلیم دی ہے۔ 3 ۳۔ یہ خدا کی مرضی ہے کہ تم پاکیزہ رہواور حرام کاری سے باز رہو۔ 4 ۴۔ جیسا کہ تم میں سے ہر ایک جانتا ہے کہ کیسے اپنے بدن میں عزت اور پاکیزگی میں رہنا ہے؟ 5 ۵۔ نہ کہ شہوت کے جوش میں جیسے غیر قومیں جو خدا کو نہیں جانتیں۔ 6 ۶۔اور کوئی آدمی اپنے بھائی سے اِس معاملے میں کچھ غلط نہ کرے کیونکہ خدا اِن سب کا بدلہ لینے والا ہے جیسا کہ ہم نے تمہیں پہلے سے جتا دیا اورگواہی دی ہے۔ 7 ۷۔اِس لئے کہ خدا نے ہمیں ناپاکی کے لئے نہیں بلکہ پاکیزگی کے لئے بلایا ہے۔ 8 ۸۔ اِس لئے کہ جو کوئی انکار کرتا ہے وہ آدمیوں کا نہیں کرتا بلکہ خدا کا انکار کرتا ہے جو تمہیں پاک روح دیتا ہے۔ 9 ۹۔ برادرانہ محبت کی بابت تم سے کسی کو مزید لکھنے کی ضرورت نہیں،اِس لئے کہ ایک دوسرے سے محبت رکھنے کی تعلیم تم نے خدا سے پائی ہے۔ 10 ۱۰۔ بھائیوحقیقت میں تم ان سب بھائیوں سے جو مکدینہ میں رہتے ہیں محبت کرتے ہو لیکن ہم تمہیں نصیحت کرتے ہیں کہ تم اُس میں بڑھتے جاؤ۔ 11 ۱۱۔ ہم تمہیں یہ بھی نصیحت کرتے اور حکم دیتے ہیں کہ خاموشی کے ساتھ رہو ، اپنے کام سے کام رکھو اور خوب محنت کروجس طرح ہم نے تُم کو حکم دیا ہے۔ 12 ۱۲۔اِسی طرح کرو کہ تم غیر ایمان داروں کے ساتھ عزت سے رہو اور تمہیں کسی چیز کی ضرورت نہ ہو۔ 13 ۱۳۔ ہم نہیں چاہتے کہ تم اِن بھائیوں کے بارے میں جو سو گئے ہیں نا واقف رہو تاکہ دوسروں کی طرح غم زدہ نہ ہو جن کے پاس اُمید نہیں۔ 14 ۱۴۔ اِس لئے اگر ہم یقین رکھتے ہیں کہ مسیح مر گیا اور دوبارہ جی اٹھاتو خدااُن کو بھی جو سو گئے ہیں یسوع کے ساتھ واپس لائے گا۔ 15 ۱۵۔ اِس لئے ہم تمہیں خدا کے کلام کے ذریعے کہتے ہیں کہ ہم جو زندہ ہیں خداوند کی آمد پر اُن سے ہر گز آگے نہ بڑھیں گے جو سوئے ہوئے ہیں۔ 16 ۱۶۔کیونکہ خداوند خود آسمان سے ایک بڑی للکار کے ساتھ اور مقرب فرشتے کی آواز کے ساتھ اور خدا کے نرسنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور جو مسیح میں موئے ہیں پہلے جی اٹھیں گے۔ 17 ۱۷۔ تب ہم جو باقی زندہ ہوں گے اُن کے ساتھ بادلوں پر اٹھائے جائیں گے تاکہ ہوا میں خداوند کا استقبال کریں او رہمیشہ خداوند کے ساتھ رہیں گے۔ 18 ۱۸۔ پس تم اِ ن باتوں سے ایک دوسرے کو تسلی دیا کرو۔