باب

1 شمع دان کے سات چراغ اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔کہ ہارون سے مخاطب ہو اور اُس سے کہہ ۔ کہ جب تُو چراغوں کو رکھے تو ساتوں چراغ اپنی روشنی شمع دان کے سامنے کی طرف ڈالیں۔ 3 ۔تو ہارون نے ایسا ہی کیِا۔ اُس نے شمع دان کے سامنے کی طرف چراغ جَلائے ۔ جیسا کہ خُداوند نے موسیٰ کو حُکم دِیا۔ 4 ۔اور شمع دان کی بناوٹ یوں تھی کہ وہ تنہ سے لے کر اپنی شاخوں تک سونے سے گھڑا ہُؤا تھا۔ وہ اُس شکل کا گھڑا ہُؤا تھا۔ جو خُداوند نے موسیٰ کو دکھائی ۔ تو اُس نے شمع دان ویسا ہی بنایا۔ 5 ۔ لاویوں کا تقرر اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 6 ۔ کہ بنی اِسرائیل کے درمیان سے تُو لاویوں کو لے اور اُنہیں پاک کر۔ 7 ۔اور اُن کے پاک کرنے کے لئے تُو اُن سے یُوں کر۔ تُو اُن پر طہارت کا پانی چھڑک۔اور وہ اپنے سارے بدن پر اُسترہ پھرائیں اور اپنے کپڑے دھوئیں ۔تو وہ پاک ہو جائیں گے۔ 8 ۔ تب وہ ایک بَیل اور نَذر کی قُربانی کے لئے میدہ تیل سے ملا ہُؤا لیں۔ اور تُو ایک دُوسرا بَیل خطا کی قُربانی کے لئے لے۔ 9 ۔اور تُو لاویوں کو خیمہ اجتماع کے سامنے لا اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کر۔ 10 ۔او ر تُو لاویوں کو خُداوند کے آگے لا۔ اور بنی اِسرائیل اپنے ہاتھ اُن پر رکھیں۔ 11 ۔اور ہارون لاویوں کو بنی اِسرائیل کی طرف سے ہلانے کی قُربانی کی طرح خُداوند کے آگے گزُرانے ۔ تب وہ خُداوند کی خدمت کے لئے مخصُوص ہوں گے۔ 12 ۔تب لاوی اپنے ہاتھ دونوں بیَلوں کے سروں پر رکھیں ۔ تب تُو اُن میں سے ایک کو خطا کی قُربانی کے لئے اور دُوسرے کو خُداوند کی سوختنی قُربانی کے لئے لاویوں کے کفّارے کے لئے گزُران۔ 13 ۔اور تُو لاویوں کو ہارون اور اُس کے بیٹوں کے سامنے کھڑا کر۔ اور خُداوند کو ہلانے قُربانی کی طرح اُنہیں گزُران۔ 14 ۔اور تُو لاویوں کو بنی اِسرائیل کے درمیان سے الگ کر۔ تو وہ میرے ہوں گے۔ 15 ۔اور بعد اِس کے لاوی اندر جائیں تاکہ خیمہ اجتماع کی خدمت کریں اور تُو اِس طرح اُنہیں پاک کرے گا۔ اور ہلانے کی قُربانی کی طرح اُنہیں گزُرانے گا۔ 16 ۔کیونکہ وہ بنی اِسرائیل کے درمیان سے مجھے نَذر دئیے گئے ہیں۔ میَں نے بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے جو رحم کے کھولنے والے ہوں اُنہیں اپنے لئے لیِا ہے۔ 17 ۔کیونکہ بنی اِسرائیل میں سے سب پہلوٹھے خواہ اِنسان کے خواہ حیوان کے میرے ہیں۔ کیونکہ جس دِن میَں نے مصر کی سَر زمین میں سب پہلوٹھوں کو مارا تو اُنہیں میَں نے اپنے لئے مقُدس کیِا۔ 18 ۔اور میَں نے بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے لاویوں کو لے لیِا۔ 19 ۔ میَں نے بنی اِسرائیل میں سے سب لاوی ہارون اور اُس کے بیٹوں کو دے دئیے ۔تاکہ خیمہ اجتماع میں وہ بجائے بنی اِسرائیل کے خدمت گزُاری کریں ۔ اور بنی اِسرائیل کی طرف سے کفّارہ دیں تاکہ بنی اِسرائیل پر بَلا نازِل نہ ہو۔ جب وہ مقَدس کے نزدِیک آنے کی جُرأت کریں۔ 20 ۔تب موسیٰ اور ہارون اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے لاویوں سے ایسا ہی کیِا ۔ جیسا خُداوند نے اُن کے حق میں موسیٰ کو حکم دیا ویسا ہی بنی اِسرائیل نے اُن سے کیِا۔ 21 ۔تب لاوی پاک کئے گئے ۔ اور اُنہوں نے اپنے کپڑے دھوئے اور ہارون نے اُنہیں ہلانے کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے آگے گزُرانا اور اُنہیں پاک کرنے کے لئے اُن کی طرف سے کفّارہ دِیا۔ 22 ۔اور بعد اُس کے وہ اندر آئے ۔تاکہ خیمہ اجتماع میں وہ ہارون اور اُس کےبیٹوں کے سامنے خدمت کریں۔ جیسا خُداوند نے موسیٰ کو اُن کے حق میں فرمایا۔ اُنہوں نے اُن سے کیِا۔ 23 ۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 24 ۔کہ لاویوں کی بابت یہ حکم ہے ۔ کہ پچیسویں برس سے لے کر خدمت گزُاری میں داخِل ہوں ۔ تاکہ خیمہ اجتماع کی خدمت کریں۔ 25 ۔اور پچاس برس کی عُمر کے بعد وہ خدمت گزُاری سے نکل جائیں اور پھر خدمت نہ کریں۔ 26 ۔اور خیمہ اجتماع میں اپنے بھائیوں کی نگہبانی کے کام میں مدد کریں ۔ لیکن خدمت نہ کریں ۔ اِسی طرح لاویوں کے ساتھ اُن کی نگہبانی کی بات کر۔