باب

1 ۔ وراثت کی شریعت صلافحاد بِن حفر بِن جِلعاد بِن مکیر بِن مَنّسی بِن یُوسف کی بیٹیاں محلاّہ اور نوعاہ اور حُجلاہ اور ملکاہ اور تر ضاہ نامی نزدِیک آئیں۔ 2 ۔ اور موسیٰ اور الیعزر کاہِن اور رئیسوں اور ساری جماعت کے سامنے خیمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس کھڑی ہُوئیں اور بولیں۔ 3 ۔ کہ ہمارا باپ بِیابان میں مر گیا اور وہ اُن لوگوں میں نہ تھا ۔ جو خُداوندکے خلاف قورح کے گروہ میں ملے۔ مگر اپنے گنُاہ کے سبب مرَا ۔ اور اُس کا کوئی بیٹا نہ ہُؤا۔ 4 ۔تو ہمارے باپ کا نام اُس کے خاندان میں سے کیوں جاتا رہے۔ اِس لئے کہ اُس کا کوئی بیٹا نہ ہُؤا۔ سو ہمارے باپ کے بھائیوں کے درمیان ہمیں میِراث دے۔ تو موسیٰ اُن کا مقُدمہ خُداوندکے حضُور لے گیا۔ 5 ۔تب خدُاوند نے موسیٰ سے کلام کرکے فرمایا۔ 6 کہ صلافحاد کی بیٹیاں درُست کہتی ہیں۔ تُو اُنہیں اُن کے باپ کے بھائیوں کے درمیان اُن کی میِراث کی ملکیت دے ۔ اور اُن کے باپ کی میِراث اُن کی طرف منُتقل کر۔ 7 ۔ اور تُو بنی اِسرائیل سے کہہ ۔ کہ اگر کوئی آدمی مر جائے اور اُس کا بیٹا نہ ہو تو اُس کی میِراث اُس کی بیٹی کی طرف منُتقل کرو۔ 8 ۔اور اگر اُس کی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کی میِراث اُس کے بھائیوں کو دو۔ 9 ۔اور اگر اُس کے بھائی نہ ہوں تو اُس کے باپ کے بھائیوں کو دو۔ 10 ۔اور اگر اُس کے باپ کا کوئی بھائی نہ ہو تو اُس کے خاندان میں اُس کے سب سے نزدیکی رِشتہ دار کو دو۔ تو وہ اُس کا وارث ہو گا۔ اور یہ بنی اِسرائیل کے لئے شرعی فرض ہوگا۔ 11 ۔جیسا کہ خُداوند نے موسیٰ کو فرمایا۔ 12 ۔ موسیٰ کا جانشین او ر خُداوند نے موسیٰ سے کہا۔ کہ تُو کوہِ عباریم پر چڑھ اور اُس سَر زمین کو دیکھ جو میَں بنی اِسرائیل کو دُوں گا۔ 13 ۔ اور جب تُو اُسے دیکھ لے گا ۔ تو تُو بھی اپنے لوگوں میں جا ملے گا ۔ جس طرح تیر ابھائی ہارون مل گیا۔ 14 ۔ کیونکہ تم دُونوں نے دشتِ صین میں جماعت کے جھگڑے کے وقت میرے حکم کی نافرمانی کی ۔ اور اُن کے رُوبرُو پانی پر میری تقدیس نہ کی۔ اور یہ دشتِ صین میں مریبہ قادس کا پانی ہے۔ 15 ۔تب موسیٰ نے خداوند سے بات کر کے کہا۔ 16 ۔ کہ خُداوند سب آدمیوں کی رُوحوں کا خُدا جماعت پر کوئی آدمی مقُرر کرے۔ 17 ۔جو اُن کے آگے باہر جائے اور اُن کے آگے اندر آئے ۔ اور اُنہیں باہر لے جائے اور اندر لے آئے ۔ تاکہ خُداوند کی جماعت اُن بھیڑوں کی طرح نہ ہو جائے ۔ جن کا کوئی چرواہا نہیں۔ 18 ۔ تب خُداوند نے موسیٰ سے کہا ۔ کہ تُو یشوع بِن نوُن کو لے۔ کیونکہ وہ ایک آدمی ہے جس میں رُوح ہے۔ اور اپنا ہاتھ اُس پر رکھ۔ 19 ۔ اور اُسے الیعزر کاہِن کے اور ساری جماعت کے سامنے کھڑا کر۔ 20 ۔اور اُن کے رُوبرُو تو اُسے اپنا جانشین قرار دے کر اپنے رعب میں سے اُسے دے تاکہ بنی اِسرائیل کی سب جماعت اُس کی فرمانبرداری کرے۔ 21 ۔وہ الیعزر کاہِن کے آگے کھڑا ہو۔ کہ وہ اُس کے لئے خُداوند کے آگے اَوریم کا حکم پُوچھے ۔ وہ اور تمام بنی اِسرائیل اُس کے ساتھ اور ساری جماعت اُس کے حکم سے باہر آئیں گے ۔ اور اُس کے حکم سے اندر جائیں گے۔ 22 ۔ تو جیسا خُداوند نے فرمایا موسیٰ نے کیِا۔ اُس نے یشوع کو لیِا۔ اور اُسے الیعزر کاہِن اور ساری جماعت کے سامنے کھڑا کیِا۔ 23 ۔اور اپنے ہاتھ اُس پر رکھے ۔ اور اُسے اپنا جانشین قرار دِیا۔ جیسا خُداوندنے موسیٰ کی زُبان سے حُکم دِیا تھا۔