باب

1 ۔ مخُتلف قُربانیاں اور خُداوندنے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔ تُو بنی اِسرائیل سے خطاب کر اوراُن سے کہہ ۔ کہ میری قُربانی اور میری غذاکو آتشین قُربانی سمیت جو میرے لئے عُمدہ خُوشبُو ہے۔ تم خوب یاد رکھو کہ معُین وقت پر میرے لئے اُنہیں گزُرانو۔ 3 ۔اور تُو اُن سے کہہ کہ آتشین قُربانی جو تم خُداوند کے لئے گزُرانو ۔ سو یہ ہے دو بے عیب بّرے یک سالہ ہر روز دائمی سوختنی قُربانی کے لئے۔ 4 ۔ ایک برّہ صُبح کے وقت گزُرانو۔ اور دُوسرا برّہ شام کے وقت۔ 5 ۔ اور ایفہ کا دسواں حِصہ میدہ چوتھائی ہین نہائت صاف تیل سے مَلا ہُؤا نَذر کی قُربانی کے لئے ۔ 6 ۔ یہ دائمی سوختنی قُربانی ہے ۔ جیسی تُو نے کوہِ سینا میں خُداوند کے واسطے عُمدہ خوشبو کے لئے آتشین قُربانی گزُرانی ۔ 7 ۔ اور تپاون کے ساتھ چوتھائی ہین مے ہر ایک برّے کے لئے مقَدس ہی میں نشہ آور تپاون اُنڈیلا جائے۔ 8 ۔ اور دُوسرا برّہ شام کے وقت گزُراننا۔ صُبح کی نَذر کی قُربانی اور تپاون کی طرح خُداوند کے لئے عُمدہ خُوشبُو کی آتشین قُربانی گزُراننا۔ 9 ۔ اور سبت کے دِن دو بے عیب برّے یک سالہ اور اُس کے ساتھ ایفہ کے دو دسویں حِصے میدہ تیل سے مَلا ہُؤا نَذر کی قُربانی کے لئے اُس کے تپاون کے سمیت۔ 10 ۔ یہ سبت بہ سبت کی سوختنی قُربانی ہے ۔دائمی سوختنی قُربانی اور اُس کے تپاوَن کے سمیت۔ 11 ۔اور اپنے مہینوں کے آغاز میں تم یہ سوختنی قُربانی خُداوند کے لئے گزُرانو۔ دو بچھڑے ایک مینڈھا اور سات بے عیب برّے ایک ایک سال کے۔ 12 ۔ او رایفہ کے تین دسویں حِصے میدہ تیل سے ملَاہُؤا ہر ایک مینڈھے کے ساتھ نَذر کی قُربانی کے لئے۔اور ایفہ کے دو دسویں حصے میدہ تیل سے ملا ہوا ہر ایک مینڈھے کے ساتھ نذر کی قربانی کے لئے۔ 13 ۔اور ایفہ کا دسواں حِصہ میدہ تیل سے مَلا ہُؤا ہر ایک برّے کے ساتھ نَذر کی قُربانی کے لئے ۔ یہ سوختنی قُربانی خُداوند کے لئے عُمدہ خُوشبُو دار آتشین قُربانی ہو گی۔ 14 ۔ اور اُس کا تپاوَن آدھا ہین مے ہر ایک بچھڑے کے لئے اور تہائی ہین مینڈھے کے لئے اور چوتھائی ہین ہر ایک برّے کے لئے سال کے مہینوں میں ماہ بہ ماہ کےلئے یہ سوختنی قُربانی ہے۔ 15 ۔ اور دائمی سوختنی قُربانی کے علاوہ خطا کی قُربانی کے لئے ایک بکرا اُس کے تپاوَن سمیت خُدا کے آگے گزُرانا جائے۔ 16 ۔ اور پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو خُداوند کی فسح ہوگی۔ 17 ۔ اور اُس کی پندرھویں تاریخ کو عید ہوگی ۔ تم سات دِن فطیری روٹی کھاؤ۔ 18 ۔ اُن میں سے پہلے دِن مقُدس محفل ہے۔ تم غُلامانہ کام نہ کرو۔ 19 ۔ اور تم خُداوندکے لئے آتشین قُربانی یعنی سوختنی قُربانی گزُراننا۔ دو بچھڑے ایک مینڈھا اور سات بے عیب برّے ایک ایک سال کے۔ 20 ۔ اور اُن کی نَذر کی قُربانی ایفہ کے دسویں حِصے میدہ تیل سے ملا ہوا ہر بچھڑے کے لئے اور ایفہ کے دو دسویں حصے مینڈھے کے لئے گزُرانو۔ 21 ۔ اور ساتوں برّوں میں سے ہر ایک برّے کے لئے ایفہ کا دسواں حِصہ۔ 22 ۔ اور خطا کی قُربانی کے لئے ایک بکرا تاکہ تمہارا کفارہ دِیا جائے۔ 23 ۔ صُبح کی سوختنی قُربانی دائمی سوختنی قُربانی کے علاوہ تم یہ گزُرانو۔ 24 ۔ اور اِسی طرح سے سات دنوں میں ہر ایک دِن تم خُداوند کے لئے آتشین قُربانی کی یہ غذا عُمدہ خُوشبو گزُرانو۔ یہ دائمی سوختنی کے علاوہ ہوگا۔ 25 ۔ اور ساتویں دِن تمہارے لئے مقُدس محفل ہوگی ۔ تم کوئی غُلامانہ کام نہ کرو ۔ 26 ۔اورپہلے پھلوں کے روز جب تم نئی نَذر کی قُربانیاں ہفتوں کے پُورا ہونے پر خُداوند کے لئے گزُرانو۔ تمہارے لئےمقُدس محفل ہوگی ۔ کوئی غُلامانہ کام نہ کرو ۔ 27 ۔ اور خُداوند کے لئے عُمدہ خُوشبودار سوختنی قُربانی گزُرانو۔ دو بچھڑے ۔ایک مینڈھا اور سات برّے ایک ایک سال کے۔ 28 ۔اور اُس کے ساتھ نَذر کی قُربانی کے لئے ایفہ کے تین دسویں حِصے میدہ تیل سے ملَا ہُؤاہر ایک بچھڑے کے لئے اور ایفہ کے دو دسویں حِصے مینڈھے کے لئے۔ 29 ۔اور ساتوں برّوں میں سے ایفہ کا دسواں حِصہ ہر ایک برّے کے لئے۔ 30 ۔اور ایک بکرا جو تمہارے کفارہ کے لئے قُربان کیِا جائے۔ 31 ۔تم اُنہیں دائمی سوختنی کے علاوہ گزُرانو۔ اور تمہاری نَذر کی قُربانیاں اُن کے تپاوَن کے سمیت بے عیب ہوں۔