باب

1 ۔ بُت پرستی کی بات نصیِحت یہ وہ کلام ہَے جو یرمیاہ نے اُن تمام یہُودیوں کے حَق میں پایا جو مُلک ِ مِصؔر میں یعنی مجؔدال اَور تحفخِیس اَور نوف اَور فتروؔس کے علاقے میں رہتے تھے۔ 2 ۔ربُّ الافواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ تُم نے وہ پُوری آفت دیکھی ہَے جو مَیں نے یُروشلیِؔم اَور یہودیوں کے تمام شہروں پر نازل کی ہَے۔ تو دیکھ وہ آج کے دِن وِیران ہَیں اَور اُن میں کوئی بسنے والا نہیں۔ 3 ۔ بباعِث اُس شرارت کے جو اُنہوں نے کی تاکہ مُجھے غُصّہ دلائیں ۔ کہ اُنہوں نے دُوسرے مَعبُودوں کے آگے جِنہیں نہ تُم اَور نہ تُمہارے باپ دادا جانتے تھے بخُور جَلائی اَور اُن کی پرسِتش کی ۔ 4 ۔ اَور مَیں تُمہارے پاس اپنے سب بندے یعنی انبِیاء ہمیشہ بروقت بھیجتا رہا ۔جو کہا کریں کہ تُم اِس طرح کا مکرُوہ کام نہ کرو ۔ کیونکہ مَیں اُس سے نفرت کرتا ہُوں۔ 5 ۔ پر اُنہوں نے نہ سُنا اَور نہ اپنے کان لگائے تاکہ اپنی بَدی سے باز آئیں ۔اَور دُوسرے مَعبُودوں کے لئے بخُور نہ جَلائیں۔ 6 ۔ تب میرا قہراَور غضب اُنڈیلا گیا ۔اَور یہُودؔاہ کے شہروں اَور یُروشلیِؔم کے کُوچوں میں بھڑکا۔ یہاں تک کہ وہ وِیران اَور سُنسان ہُوئے جیسا کہ آج کے دِن ہَے۔ 7 ۔ اَور اَب خُداوند کا لشکروں کا خُدا اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ کہ تُم کِس لئے یہ بڑی شرارت اپنے خلاف کرتے ہو ۔ کہ تُم میں سے مرد اور عورت اور بچہ اَور شیر خوار یہُوداہ کے درمیان سے کاٹا جائے۔یہاں تک کہ تُمہارا کُچھ بَقیہّ باقی نہ رہے ۔ 8 ۔ تُم مُلک ِ مِصؔر میں جہاں تُم قیام کرنے کے لئے آئے دُوسرے مَعبُودوں کے آگے بُخور جَلا کر اپنے ہاتھوں کے کاموں سے مُجھے غُصّہ دلاتے ہو ۔کہ تُم کاٹے جاؤ۔ اَور زمین کی تمام قوموں میں لعنت اَور علامت کا عِث ہو۔ 9 ۔ کیا تُم اپنے باپ دادا کی بَدیاں اَور شاہانِ یہُوداہ کی بَدیاں اَور اُن کی بیویوں کی بَدیاں اَور اپنی بَدیاں اَور اپنی عورتوں کی بَدیاں جو اُنہوں نے یہُوداہ کے مُلک میں اَور یُروشلیِؔم کے کُوچوں میں کیں بھُول گئے ہو؟۔ 10 ۔ اَور اُنہوں نے آج کے دِن تک فروتنی نہ کی اَور نہ ڈرے ۔اَور وہ میری شریعت پر اَور میرے قَوانین پر جو مَیں نے تُمہارے سامنے اَور تُمہارے باپ دادا کے سامنے رکھّے نہ چلے۔ 11 ۔ اِس لئے ربُّ الا فواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ دیکھ۔ مَیں اپنا مُنہ تُمہارے خلاف بَدی کرنے کے لئے اَور سارے یہُوداہ کو کاٹ دینے کے لئے کرُوں گا۔ 12 ۔ اَور مَیں یہُوداہ کے اُن پس ماندو ں کو اُٹھالُوں گا جو اپنے مشورے میں قائم رہے کہ مُلک مِصؔر میں جائیں اَور وہاں قیام کریں۔ پس وہ سب مُلکِ مِصؔر میں فنا ہو جائیں گے۔ اَور تلوار اَور کال سے مَر جائیں گے ۔اَور کراہت اَور باِعِث عبِرت اَور باعِثِ تکفیر اَور خجالت ہوں گے۔ 13 ۔ اَور مَیں مُلکِ مِصؔر کے رہنے والوں کو سزا دُوں گا۔ جیسے مَیں نے یُروشلیِؔم کو تلوار اَور کال اَور وَبا سے سزا دی ۔ 14 ۔ اَور یہُوداہ کے اُن پس ماندوں سے جو مُلک ِ مِصؔر کو گئے ۔ کہ وہاں قیام کریں کوئی نہ بھاگے گا اَور کوئی نہ بچے گا ۔ کہ وہ یہُوداہ کے مُلک کو واپس جائیں ۔ جس میں لَوٹنے اَور قیام کرنے کے لئے اُن کا دِل خواہش مند ہَے ۔ کیونکہ چند مفرُوروں کے سِوا کوئی نہیں لَوٹے گا۔ 15 ۔ تب اُن سب مَردوں نے جو جانتے تھے کہ ہماری بیویاں دُوسرے مَعبُودوں کے آگے بخُور جَلاتی ہَیں۔ اَور ان سب عورتوں نے جو بڑی جماعت بن کر وہاں کھڑی تھیں۔ اَور اُن تمام لوگوں نے جو مُلک ِ مِصؔر میں یعنی فتروس میں رہتے تھے یُوں کہہ کر یرمیاہ کو جَواب دِیا کہ۔ 16 ۔ یہ بات جو تُو نے خُداوند کے نام سے ہم سے کہی ۔ ہم اَسے ہر گز نہ مانیں گے ۔ 17 ۔ بلکہ ہم اُس بات کے مُطابق جو ہمارے مُنہ سے نِکلی ہَے عمل کریں گے کہ ہم آسمان کی مَلکہ کے لئے بخُور جَلائیں گے اَور اُس کے لئے تپاون اُنڈلیں گے ۔جیسے کہ ہم نے اَور ہمارے باپ دادا نے اَور ہمارے بادشاہوں اَور ہمارے سرداروں نے یہُوداہ کے شہروں اَور یرُوشلیؔم کے کُوچوں میں کِیا۔ تب ہم روٹی سے سیر ہوتے تھے اَور خُوشحال تھے اَور بَدی نہ دیکھتے تھے۔ 18 ۔ لیکن جب سے ہم نے آسمان کی ملکہ کے لئے بخُور جَلانا اَور تپاؤن بہانا چھوڑ دِیا ہَے۔ ہم ہر ایک چیز کے مُحتاج ہوگئے ہَیں۔ اَور تلوار اَور کال سے فنا ہو گئے ہَیں۔ 19 ۔ اَور جب ہم نے آسمان کی مُلکہ کے لئے بُخور جَلایا اَور تپاوَن بہائے ۔تو کیا ہم نے اپنے شوہروں کے بغیر اُس کی خُدمت کے لئے کُلچے پکائے اَور اُس کے لئے تپاون اُنڈیلا؟ 20 ۔ تب یرمیاہ نے سب لوگوں مَردوں اَور عورتوں سے یعنی اُن تمام لوگوں سے جنہوں نے اُسے جَواب دِیا تھا بات کر کے کہا۔ 21 ۔ کیا وہ بخُور جو تُم نے اَور تُمہارے باپ دادا اَور تُمہارے بادشاہوں اَور تُمہارے سرداروں اَور مُلک کے عوام نے یہُوداہ کے شہروں اَور یُروشلیِؔم کے کُوچوں میں جَلائی خُداوند نے اُسے یاد نہ کِیا اَور اپنے دِل میں نہ سوچا؟۔ 22 ۔یہاں تک کہ خُداوند تُمہارے کاموں کی بُرائی کے باعِث اَور اُن مکرُو ہات کے سبب سے جو تُم کرتے تھے اُس کی برداشت نہ کر سکا۔ اِس لئے تُمہارا مُلک وِیران اَور حیرت و لعنت کا باعِث ہُؤا۔ یہاں تک کہ اُس میں کوئی نہیں بستا۔ جیسے کہ آج کے دِن ہَے۔ 23 ۔ پس چونکہ تُم نے بخُور جَلائی اَور خُداوند کا گُناہ کِیا ۔اَور خُداوند کی آواز نہ سُنی ۔اَور اُس کی شریعت ۔اُس کے قَوانِین اَور اُس کی شہادتوں پر نہ چلے ۔اِس لئے یہ سب آفت تُم پر نازِل ہُوئی جیسا کہ آج کے دِن ہَے۔ 24 ۔ پھِر یرمیاہ نے سب لوگوں اَور سب عورتوں سے یُوں کہا ۔اَے تمام بنی یہُوداہ جو مُلک ِ مِصؔر میں ہو۔ خُداوند کا کلام سُنو۔ 25 ۔ ربُّ الا فواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ کہ تُم عورتیں اپنے مُنہ سے بولتی اَور اپنے ہاتھ سے پُورا کرتی ہو اَور تُم کہتی ہو کہ جو مَنّتیں ہم نے مانیں ہم اُنہیں پُورا کریں گی۔ ہم آسمان کی ملکہ کے لئے بخُور جَلائیں گی اَور تپاون اُنڈیلیں گی پس تُم اپنی مَنّتیں پُوری کرو۔ اپنے تپاون ادا کرو۔ 26 ۔ اِس لئے اَے تمام اہلِ یہُوداہ جو مُلکِ مِصّر میں رہتے ہو خُداوند کا کلام سُنو ۔دیکھ۔ (خُداوند فرما تا ہَے)مَیں اپنے عظیم نام کی قَسم کھاتا ہُوں۔ کہ تمام مُلک مِصؔر میں اہل ِ یہُوداہ میں سے کِسی کے مُنہ سے پھر میرا نام نہ نِکلے گا کہ وہ کہےکہ " زِندہ خُداوند کی قَسم" ۔ 27 ۔ دیکھ۔ مَیں اُن سے نیکی کرنے کے لئے نہیں ۔پر بَدی کرنے کے لئے بیدا ہُوں گا ۔اَور یہُوداہ کے جو آدمی مُلکِ مِصؔر میں ہَیں ۔وہ سب تلوار اَور کال سے فنا ہوں گے یہاں تک کہ وہ ختم ہو جائیں گے۔ 28 ۔ پر جو تلوار سے بچے رہیں گے وہ مُلکِ مِصؔر سے یہُوداہ کی سَر زمین کو واپس جائیں گے۔ اَور وہ تھوڑے ہی ہوں گے ۔تب یہُوداہ کے جو پس ماندے مُلک مِصؔر میں آئے تھے تاکہ وہاں قیام کریں۔ وہ سب معلوم کریں گے ۔ کہ کِس کا کلام قائم رہا ؟ میرا یا اُن کا ۔ 29 ۔ اَور تُمہارے لئے یہ نشان ہَے ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) ۔ کہ مَیں تُمہیں اِسی جگہ میں سزا دُوں گا۔ تاکہ تُم جانو ۔ کہ میرا کلام تُمہارے خلاف بَدی کے لئے ضُرور قائم رہے گا۔ 30 ۔ ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) دیکھ۔ مَیں شاہ مِصؔر حُفرعؔ فِر عُون کو اُس کے مُخالفوں اَور اُس کے جانی دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا۔جس طرح مَیں نے شاہ یہُوداہ صِدقیاہ کو اُس کے دُشمن اَور اُس کی جان کے خواہاں یعنی شاہ بابؔل نُبوکد نضّؔر کے ہاتھ میں کر دِیا۔