باب

1 ۔ تب لشکر کے سب سردار یوحنان بِن قرؔیح اَور یزنیاہ بِن ہوسعیاہ بلکہ سب لوگ کیا چھوٹے کیا بڑے نزدِیک آکر۔ 2 ۔ یرمیاہ نبی سے کہنے لگے کہ ہماری مِنّت تیرے سامنے منظُور ہو ۔تُو ہمارے لئے یعنی اِس تمام بَقیہّ کے لئے خُداوند اپنے خُدا سے دُعا کر۔ ( کیونکہ بہُتیروں میں سے ہم تھوڑے ہی رہ گئےہَیں۔ جس طرح تُو خود اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہَے)۔ 3 ۔تاکہ خُداوند تیرا خُدا وہ راہ جس میں ہمیں چلنا ہَے۔ اَور وہ کام جو ہمیں کرنا ہَے ۔ہمیں بتائے۔ 4 ۔ یرمیاہ نے اُن سے کہا ۔ مَیں نے تُمہاری سُنی۔ دیکھ۔ مَیں تُمہارے کہنے کے مُطابق خُداوند تمُہارے خُدا سے دُعا کرُوں گا۔ اَور مَیں وہ پُورا کلام جو خُداوند تُم سے جَواب میں کہے گا۔تُمہیں بتاؤں گا اَور تُم سے ایک بات بھی نہ چھُپاؤں گا۔ 5 ۔ اُنہوں نے یرمیاہ سے کہا۔ کہ خُداوند سچّا اَور وفادار گَواہ ہمارے درمیان ہو۔ ہم بمُطابق اُس سب کلام کے کریں گے جو خُداوند تیرا خُدا تیری معرفت ہم پر ظاہر کرے گا۔ 6 ۔ خواہ وہ بھلا ہو خواہ بُرا ہو۔ ہم خُداوند اپنے خُدا کی آواز سُنیں گے جس کے پاس ہم تُجھے بھیجتے ہَیں۔ تاکہ جب ہم خُداوند اپنے خُدا کی آواز سُنیں تو ہمارا بھلا ہو۔ 7 ۔ اَور د س دِن کے بعد خُداوند یرمیاہ سے ہم کلام ہُؤا۔ 8 ۔ تو اُس نے یوحنان بِن قریؔح اَور لشکر کے اُن تمام سر داروں کو جو اُس کے ساتھ تھے اَور سب لوگوں کو کیا چھوٹے کیا بڑے بُلایا ۔ 9 ۔ اَور اُن سے کہا کہ خُداوند اِسرائیؔل کا خُدا جس کے پاس تُم نے مُجھے بھیجا ۔ کہ اُس کے حضُور تُمہاری مِنّت پیش کرُوں یُوں فرما تا ہَے۔ 10 ۔ اگر تُم اِس ملُک میں ٹھہرے رہو تو مَیں تُمہیں اُستوار کرُوں گا ۔ نہیں ڈھاؤں گا اور میں تمہیں لگاؤں گا اَور نہیں اُکھاڑوں گا ۔کیونکہ مَیں اُس بَدی سے جو مَیں نے تُم سے کی پچھتا رہا ہُوں۔ 11 ۔تُم شاہ بابؔل سے جس سے تُم ڈرتے ہو خوف نہ کرو۔ تُم اُس سے نہ ڈرو ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) ۔ کیونکہ مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں۔ تاکہ تُمہیں بچاؤں۔ اَور اُس کے ہاتھ سے تُمہیں چھُڑاؤں ۔ 12 ۔ اَور مَیں تُم پر مہربانی کرُوں گا۔تاکہ وہ تُم پر مہربانی کرے اَور تُمہیں تمہارے اپنے مُلک میں بسنے دے۔ 13 ۔ لیکن اگر تُم خُداوند اپنے خُدا کی نہ سُنو گے۔ اَور کہو گے کہ ہم اِس مُلک میں نہیں رہیں گے۔ 14 ۔ ہرگز نہیں ۔بلکہ ہم مُلک ِ مِصؔر کو جائیں گے جہاں ہم لڑائی نہ دیکھیں گے ۔اَور نرسِنگے کی آواز نہ سُنیں گے۔ اَور روٹی کے بھُوکے نہ رہیں گے ۔اِس لئے ہم وہاں پر بسیں گے۔ 15 ۔ تو اَے یہُوداہ کے بَقیہّ! خُداوند کا کِلام سُنو۔ لشکروں کا خُداوند اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ کہ اگر تُم اپنے مشورے میں قائم رہو گے کہ تُم مِصؔر کو جاؤ گے اور تُم جا کر وہاں بسو گے۔ 16 ۔ تو جس تلوار سے تُم ڈرتے ہو و ہ وَہیں مُلکِ مِصؔر ہی میں تُمہیں جا لے گی اَور جس کال سے تُم خوف کرتے ہو وہ وَہیں مِصؔر ہی میں تُمہارا پیچھا کرے گا۔ اَور وَہیں تُم مَر جاؤ گے۔ 17 ۔ پس جِتنے آدمی اپنے مشورے میں قائم رہیں گے کہ مِصؔر کو جائیں اَور وہاں قیام کریں۔ وہ تلوار اَور کال اَور وَبا سے مَر جائیں گے ۔اَور کوئی بھاگنے والا باقی نہ رہے گا۔ اَور اُس آفت سے جو مَیں اُن پر نازل کرُوں گا کوئی نہ بچے گا۔ 18 ۔ کیونکہ ربُّ الا فواج یُوں فرماتا ہَے۔ کہ جس طرح میرا غضب اَور قہر یرُوشلیؔم کے رہنے والوں پر اُنڈیلا گیا ۔اُسی طرح میرا قہر تُم پر اُنڈیلا جائے گا۔جب تُم مِصؔر کو جاؤ گے۔ اَور تُم کراہت اَور باعِث عبرت اَور باعِث تکفیر اَور خجالت ہوگے ۔اَور اِس جگہ کو تُم پھر نہ دیکھو گے۔ 19 ۔ اَے یہُوداہ کے بَقیہّ! خُداوند نے تُم سے کلام کِیا ۔تُم مِصؔر کو نہ جاؤ۔ اَور یقین جانوکہ آج کے دِن مَیں نے تُمہیں مُتنّبہ کر دِیا ہَے۔ 20 ۔ تُم نے درحقیقت اپنی جانوں کو دھوکا دِیا ۔ کیونکہ تُم نے مُجھے خُداوند اپنے خُدا کے پاس بھیج کر کہا کہ خُداوند ہمارے خُدا سے ہمارے واسطے دُعا کر۔ اَور جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے۔ ہمیں بتا تو ہم اُس پر عمل کریں گے۔ 21 ۔ اَور آج کے دِن مَیں نے تُمہیں بتایا پر تُم خُداوند اپنے خُدا کے شَنَوا نہ ہُوئے ۔اَور نہ کسی ایسی بات کے جو اُس نے میری معرفت تُم پر ظاہر کی۔ 22 ۔ پس اَب یقین جانو کہ تُم تلوار اَور کال اَور وَبا سے اُسی جگہ مَر جاؤ گے جہان تُم جانا چاہتے ہو ۔تاکہ وہاں قیام کرو۔