باب

1 ۔ اِنجیروں کی تمِثیل بعد اُس کے کہ شاہِ بابؔل نُبوکدنِضؔر شاہ یہُوداہ یکونیاہ بِن یہویقیم کو یہُوداہ کے سرداروں کے ساتھ اَور پیشہ وروں کے ساتھ اَور لُوہاروں کے یرُوشلیِؔم سے جَلاوطن کر کے بابؔل کو لے گیا تو خُداوند نے مُجھے ایک رُویا دکھائی ۔تو کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کی ہیکل کے سامنے اِنجیروں کی دو ٹوکریاں دھری ہَیں۔ 2 ۔ ایک ٹوکری میں پہلے پکّے ہُوئے اِنجیروں کی مانند نہایت عُمدہ اِنجیر تھے۔ اَور دُوسری میں نہایت خراب اِنجیر ایسے خراب کہ کھانے کے لائق نہ تھے۔ 3 ۔ اَور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ اَے یرمیاہ تُو کیا دیکھتا ہَے۔ تو مَیں نے کہا کہ اِنجیر ۔اچھّے اِنجیر بُہت ہی اچھّے ہَیں اَور خراب اِنجیر بُہت ہی خراب ۔اتنے خراب کہ کھانے کے لائق نہیں ۔ 4 ۔ تب مَیں نے خُداوند کا کلام پایا۔ اَور اُس نے کہا کہ ۔ 5 ۔ خُداوند اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرما تا ہَے کہ اِن عمدہ اِنجیروں کی مانند مَیں یُہوداہ کے جَلا وطنوں پر نِگاہ کرتا ہُوں۔ جنہیں مَیں نے اِس جگہ سے اُن کی بھلائی کے لئے کسدیوں کی سَر زمین میں بھیجا ہَے۔ 6 ۔ اَور مَیں نیکی کے لیے اُن پر اپنی نگاہ کرُوں گا۔ اَور اُنہیں اَس سَر زمین میں واپس لاؤں گا۔ اَور اُنہیں بناؤں گا اَور ڈھاؤں گا اَور اُنہیں لگاؤں گا اَور نہ اُکھاڑُوں گا۔ 7 ۔ اَور مَیں اُنہیں ایسا دِل دُوں گا کہ وہ مُجھے پہچانیں ۔یعنی یہ کہ مَیں خُداوند ہُوں۔ تو وہ میری اُمّت ہوں گےاَور مَیں ان کا خُدا ہُوں گا۔ کیونکہ وہ اپنے سارے دِل سے میری طرف رجُوع کریں گے۔ 8 ۔ لیکن اُن خراب اِنجیروں کی بابت جو ایسے خراب ہَیں کہ کھانے کے لائق نہیں خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ کہ شا ہ یہُوداہ صدقیاہ کے ساتھ اَور اُس کے سرداروں اَور یرُوشلیِؔم کے اُن پس ماندوں کے ساتھ جو اِس سَر زمین میں رہ جائیں گے یا مُلک مِصؔر میں بستے ہوں گے ۔مَیں ایسا ہی کرُوں گا۔ 9 ۔ اَور مَیں اُنہیں زمین کی تمام مَملُکَتوں کے نزدِیک اُن سب جگہوں میں جہاں جہاں مَیں اُنہیں ہانکُوں گا، باعِث خوف اَور شرمندگی اَور ضربُ المِثل اور توہین و تکفیر کا باعِث کردُوں گا۔ 10 ۔ اَور مَیں ان میں تلوار اَور کال اَور وَبا بھیجوُں گا یہاں تک کہ وہ اُس سَرزمین سے جو مَیں نے اُنہیں اَور اُن کے باپ دادا کو عطا کی فنا ہو جائیں گے۔