باب

1 ۔صدقیاہ کی سِفارَت یہ وہ کلام ہَے جو یرمیاہ نے خُداوند سے پایا۔ جب صدقیاہ بادشاہ نے فشُحؔور بِن ملکیاہ اَورصُفنیاہ بِن معسیاہ کاہن کو اُس کے پاس بھیجا تاکہ کہیں۔ 2 ۔ کہ ہمارے لئے خُدا سے پوُچھ ۔کیونکہ نبوکؔد نضّر شاہ بابؔل ہم سے لڑائی کرتا ہَے۔ شاید کہ خُداوند ہمارے ساتھ اپنے تمام عجیب کاموں کی طرح کرے تاکہ وہ ہمارے پاس سے چلا جائے۔ 3 ۔ تب یرمیاہ نے اُن سے کہا تُم صدقیاہ سے یُوں کہو گے ۔ 4 ۔ خُداوند اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے دیکھ۔ لڑائی کے جو ہتھیار تُمہارے ہاتھ میں ہَیں۔ اَور جِن سے تُم اپنے مُحاصرین شاہِ بابؔل اَور کسدیوں سے جنگ کرتے ہو۔ مَیں اُنہیں فصیل سے باہر پھیر دُوں گا۔ اَور اِس شہر کے بیچ میں جمع کرُوں گا۔ 5 ۔ اَور مَیں اپنے بڑھائے ہُوئے ہاتھ اَور قوی بازُو اَور غصّے اَور غضب اَور بڑے قہر سے تُم سے لُڑوں گا۔ 6 ۔ اَو ر مَیں اِس شہر کے رہنے والوں کو کِیا اِنسان کیا حیوان دونوں کو مارُوں گا۔ تو وہ بُری وَبا سے مَر جائیں گے ۔ 7 ۔ اَور اُس کے بعد( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) مَیں شاہِ یہُوداہ صدقیاہ کواُس کے مُلازمین اَور رعایا کے ساتھ اَور اُن کے ساتھ جو وَبا اَور تلوار اَور کال سے بچ جائیں گے ۔ نُبوکد نضّر شاہ ِبابؔل ۔اَور اُن کے دُشمنوں اَور اُن کی جان چاہنے والوں کے حوالہ کر دُوں گا۔ تو وہ اُنہیں تلوار کی دھار سے قتل کرے گا۔ اَور اُن کے لئے غمگین نہ ہوگا۔ اَور نہ ترس کھائے گا اَور نہ رحم کرے گا۔ 8 ۔ اَور تُو اِس اُمّت سے کہے گا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہَے ۔ دیکھ۔ مَیں تُمہارے سامنے راہ حیات اَور راہ وفات دونوں رکھتا ہُوں۔ 9 ۔ جو کوئی اِس شہر میں رہے گا تو تلوار اَور کال اَور وَبا سے مَرے گا۔ لیکن جو نِکل جائے گا اَور تُمہارے مُحاصرین کسدیوں کی پناہ لے گا وہ زِندہ رہے گا۔ اُس کی جان اُسی کی غنیمت ہوگی۔ 10 ۔ کیونکہ مَیں نے اپنا چہرہ اِس شہر کے خلاف بھلائی کے لئے نہیں پر بُرائی کرنے کے لئے کِیا ہَے۔( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) تو وہ شاہِ بابؔل کے ہاتھ میں دِیا جائے گا۔ اَور وہ اُسے آگ سے جَلا دے گا۔ 11 ۔ اَور شاہِ یہُوداہ کے گھرانے کے حَق میں خُداوند کا کلام سُنو۔ 12 ۔ اَے داؤد کے گھرانے ! خُداوند یُوں فرما تا ہَے۔ تُم صُبح کے وقت اِنصاف کرو۔اَور مظلُوم کو ظالمِ کے ہاتھ سے چھُڑاؤ۔ ورنہ میر ا غضب آگ کی طرح بھڑ کے اَور ایسی تیزی سے جَل اُٹھے کہ تُمہارے اَعمال کی بَدی کے سبب سے نہ بُجھے۔ 13 ۔ دیکھ ۔اَے وادی میں بسنے والی اَے میدان کی چٹان! ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) مَیں تُمہیں جو کہتے ہو کہ کون ہم پر حملہ کرے گا۔ اَور کون ہمارے مَسکنوں میں داخِل ہو گا؟ 14 ۔ مَیں تُمہارے اعمال کے پھَلوں کے مُطابق تُمہیں سزادُوں گا۔( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) اَور مَیں اُس کے جنگل میں آگ جَلاؤُں گا تو وہ اُس کی تمام نواحی کو بھسم کرے گی۔