باب

1 ۔شِکَتہ صُراحی کی تمیِثل خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ جا اَور کُمہار سے مِٹّی کی ایک صراحی مول لے ۔اَور اُمّت کے کئی بزُرگ اَور کاہنوں کے کئی بزُرگ تیرے ساتھ ہوں۔ 2 ۔ اَور کمہاروں کے پھاٹک کے مُقابِل بِن ہنّوؔم کی وادی میں جاکر وہاں اُن باتوں کا اعلان کر جو مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں۔ 3 ۔اَور کہہ ۔اَے شاہانِ یہُوداہ اَور باشِندگان ِ یرُوشلیِؔم خُداوند کا کلام سُنو۔ ربُّ الافواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتاہَے۔دیکھ مَیں اِس جگہ پر ایک آفت نازِل کرُوں گا۔ کہ جو کوئی اُس کی بابت سُنے گا۔ اُس کے کان سنسنا جائیں گے۔ 4 ۔ کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا۔ اَور اِس جگہ کو غیروں کی کر دِیا۔ اَور اِس میں دُوسرے مَعبُودوں کے لئے خُوشبُو جلائی۔ جنہیں نہ وہ نہ اُن کے باپ دادا اَور نہ شاہانِ یہُوداہ جانتے تھے اُنہوں نے اِس جگہ کو بے گُناہوں کے خُون سے بھر دِیا۔ 5 ۔ اَوربعؔل کے لئے اُونچے مقام تعمیر کئے تاکہ اپنے فرزندوں کو بعؔل کی سوختنی قُربانیوں کے طور پر آگ سے جَلائیں۔جس بات کی بات مَیں نے نہ کبھی حُکم دِیا نہ کلام کِیا اَور نہ دِل میں خیال کِیا۔ 6 ۔ اِس لئے دیکھ وہ دِن آتے ہَیں (یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) جِن میں یہ جگہ پھِر توفِتؔ اَور وادی بِن ہنّوؔم نہیں بلکہ وادی قتل کہلائے گی۔ 7 ۔ اَور اِس جگہ میں یہُوداہ اَور یرُوشلیِؔم کی مشورت کو مَیں باطِل کرُوں گا۔ اَور وہ اپنے دُشمنوں کے سامنے تلوار سے اَور اُن کے ہاتھ سےقتل کئے جائیں گے جو اُن کی جان کے خواہاں ہَیں۔ اَور مَیں اُن کی لاشیں ہَوا کے پرندوں اَور زمین کے درِندوں کو کھانے کے لئے دُوں گا۔ 8 ۔ اَور مَیں اِس شہر کو وِیران اَور باعِثِ حقارت کرُوں گا۔ اَور ہر ایک جو اُس کے پاس سے گُزرے گا۔حیران ہوگا۔اَور اُس کی سب آفتوں کے سبب سِسکارے گا۔ 9 ۔ اَور مَیں اُنہیں اُن کے بیٹوں اَور اُن کی بیٹیوں کا گوشت کِھلاؤں گااَور وہ اُس مُحاصرہ اَور تنگی کے وقت جس سے اُن کے دُشمن اَور اُن کی جان کے خواہاں اُنہیں تنگ کریں گے ایک دُوسرے کا گوشت کھائیں گے۔ 10 ۔ تب تُو اُس صُراحی کو اُن آدمیوں کے سامنے توڑے گا جو تیرے ساتھ گئے۔ 11 ۔ اَور اُن سے کہے گا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہَے۔ جس طرح کُمہار کا برتن توڑا جاتا ہَے اَور پھِر نہیں جُڑتا۔اُسی طرح مَیں اِس اُمّت اَور اِس شہر کو توڑ ڈالُوں گااَور جگہ کے نہ ہونے کی وجہ سے تو فِؔت قبر ستان بنے گا۔ 12 ۔اِس جگہ سے اَور اُس کے باشِندوں سے مَیں یُو نہی کرُوں گا۔( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) اَور مِیں اِس شہر کو توفِتؔ کی مانند کر دُوں گا۔ 13 ۔ اَور یرُوشلیِؔم کے گھر اَور شاہانِ یہُوداہ کے محلّ توفِؔت کی جگہ کی طرح ناپاک ہوں گے۔ اُن سب گھروں کے ساتھ جِن کی چھتوں پر وہ آسمان کے تمام لشکر کے لئے خُوشبُو جَلاتے اَور دُوسرے مَعبُودوں کے لئے تپاون بہاتے رہے۔ 14 ۔ تب یرمیاہ توفِؔت سے جہاں خُداوند نے اُسے نُبوّت کرنے کے لئے بھیجا تھا واپس آیا۔ اَور خُداوند کے گھر کے صحن میں کھڑا ہُوا۔ اَور تمام لوگوں سے کہا۔ 15 ۔ کہ ربُّ الافواج اِسرائیؔل کاخُداوند یُوں فرماتا ہے۔دیکھ مَیں اِس شہر پر اَور اِس کے تمام قصبوں پر وہ سب آفتیں لاؤں گا جِن کا مَیں نے اُس کے حَق میں ذِکر کِیا۔کیونکہ اُنہوں نے اپنی گردنیں سخت کیں تاکہ میرا کلام نہ سُنیں۔