باب

1 ۔ کُمہار کی تمِثیل یہ وہ کلام ہَے جو یرمیاہ نے خُداوند سے پایا جب اُس نے کہا۔ 2 ۔ اُٹھ اَور کُمہار کے گھر میں جا ۔اَور وہاں مَیں اپنے کلمات تُجھے سُناؤں گا۔ 3 ۔تب مَیں کُمہار کے گھر میں گیا۔تو دیکھ۔ وہ چاک پر کام کرتا تھا۔ 4 ۔ جب کبھی کوئی برتن جو کُمہار مِٹی سے بنا رہا تھا اُس کے ہاتھ میں بِگڑ جاتا۔تو وہ اُس سے اَور کوئی برتن بنا لیتا۔ جیسا کہ اُس کی نگاہ میں اچھّا معلّوم ہوتا۔ 5 ۔تب خُداوند نے مُجھ سے کلام کِیا اَور کہا۔ 6 ۔اَے اِسرائیؔل کے گھرانے۔(یوں خداوند کا فرمان ہے) کیا میرا اختیارنہیں کہ اِس کمہار کی مانند تمہارے ساتھ سلوک کروں؟ دیکھ۔ اے اسرائیل کے گھرانے!تُم میرے ہاتھ میں ایسے ہو جیسے مِٹّی کُمہار کے ہاتھ میں ہَے۔ 7 ۔ مَیں کبھی کِسی قوم اَور کِسی مَملُکَت کے حَق میں کہتا ہُوں کہ اُسے اُکھاڑُوں تو ڑ ڈالُوں اَور ہلاک کرُوں ۔ 8 ۔لیکن اگر وہ قوم اپنی اُس بَدی سے باز آئے جس کے سبب سے مَیں نے اُس کے خلاف بات کی تھی۔تو مَیں بھی اُس بَدی سے پچھتاؤُں گا جو مَیں نے اُن سے کرنے کے لئے سوچی تھی۔ 9 ۔ اَور مَیں کبھی کِسی قوم اَور کسی مَملُکَت کی بابت کہتا ہُوں کہ اُسے بناؤں گا اَور لگاؤں گا۔ 10 ۔ لیکن اگر وہ میری نگاہ میں بَدی کرے اَور میری نہ سُنے۔تو مَیں بھی اُس کے ساتھ نیکی کرنے سے پچھتاؤُں گا ۔ جو مَیں نے کہی تھی کہ اُس کے ساتھ کرُوں گا۔ 11 ۔ اَور اَب مَردان یہُوداہ اَور باشِندگانِ یرُوشلیِؔم سے کلام کرکے کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہَے دیکھ۔ مَیں تُمہارے خلاف مُصیبت کا تصُّور کرتا ہُوں اَور تُمہارے خلاف ایک منصُوبہ باندھتا ہُوں۔لٰہذا تُم سب کے سب اپنی بُری رَوش سے باز آؤ ۔اَور اپنی راہوں اَور اپنے اعمال کو دُرست کرو۔ 12 ۔ لیکن وہ کہتے ہَیں کہ یہ فضول ہَے۔ ہم تو اپنے خیالات کے مُطابق چلیں گے اَور سب کے سب اپنے شریر دِل کی ضِد پر عمل کریں گے۔ 13 ۔ پس۔ اِس لئے خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ قوموں سے پُوچھو۔ کِس نے کبھی ایسی بات سُنی؟ اِسرائیؔل کی کُنواری نے ایسا کام کِیا جس سے رونگٹے کھڑے ہوتے ہَیں۔ 14 ۔ کیا عظیم کولُبناؔن کی برف کبھی جاتی رہے گی؟ یا اُس کی پھُوٹتی ہُوئی ٹھنڈی جاری ندیاں جذب ہوجائیں گی؟ 15 ۔لیکن میری اُمّت مُجھے بھُول گئی۔ اَور بتوں کے لئے خُوشبُو جَلائی۔اُس نے اُن کی راہوں میں یعنی قدیم رستوں میں اُنہیں گُمراہ کِیا۔ تاکہ پگڈنڈیوں میں ناہموار راہ میں چلیں۔ 16 ۔ تاکہ اپنے مُلک کو وِیران اَور ہمیشہ کی سُسکار کریں۔تو جو کوئی اُدھر گُزرے گا وہ حیران ہو گا اَور اپنا سر ہلائے گا۔ 17 ۔ مشرقی ہَوا کی مانند مَیں اُنہیں دُشمن کے سامنے پراگندہ کرُوں گا۔ اَور ہلاکت کے دِن اُنہیں چہرہ نہیں بلکہ پِیٹھ دِکھاؤُں گا۔ 18 ۔ تب اُنہوں نے کہا۔ آؤ ہم یرمیاہ کے خلاف منصوبہ بندی کریں۔ کیونکہ کاہن کے نہ ہونے کی وجہ سے شریعت ہرگز جاتی نہ رہے گی۔اَور نہ مشورت مُشیِروں کے نہ ہونے سے۔اَور نہ کلام نبی کے نہ ہونے کی وجہ سے۔ آؤ ہم اُسے زُبان سے ماریں ۔اَور اُس کی کِسی بات پر توجُّہ نہ کریں ۔ 19 ۔ اَے خُداوند ! تُو مُجھ پر توجُّہ کر ۔اَور میرے مُخالِفوں کی آواز کو سُن۔ 20 ۔کیا نیکی کا بدلہ بَدی سے دِیا جائے ؟ کیونکہ اُنہیں نے میری جان کے لئے گڑھا کھودا۔یاد رکھّ ۔ کہ مَیں تیرے حضُور کھڑا ہُؤا۔تاکہ اُن کے لئے نیکی کی بات کرُوں۔ اَور تیرا غضب اُن سے پلٹ دُوں 21 ۔ اِس لئے اُن کے بچّوں کو کال کے حوالے کر۔ اَور اُنہیں تلوار کی دھار کے سُپرد کر۔اُن کی بیویاں بے اولاد اَور بیوہ ہو جائیں۔ اَور اُن کے آدمی وَبا کے مقتُول ہوں اَور اُن کے نَوجوان جنگ میں تلوار سے مارے جائیں۔ 22 ۔ اُن کے گھروں سے چلاّنے کی آواز سُنی جائے۔ جب تُو اُن پر ناگہاں ڈاکُوؤں کا جَتھالائے گا۔ اِس لئے کہ اُنہوں نے مُجھے پکڑنے کے لئے گڑھا کھودا۔ اَور میرے پاؤں کے لئے پھندے لگائے۔ 23 ۔پر تّو اَے خُداوند اُن کے تمام قتل کے منصوبوں کو جانتا ہَے۔ جو وہ میرے خلاف باندھتے ہَیں۔ پس تُو اُن کی بَدی مُعاف نہ کر ۔اَور اُن کے گُناہ اپنے سامنے سے مِٹا نہ ڈال وہ تیرے سامنے ہلاک ہو جائیں۔اپنے غضب کے وقت اُن سے یہ سلُوک کر۔