باب

1 ۔ یہُوداہ کا گُناہ لوہے کے قلم سے قلم بند کیا گیا ہَےاَور ہیرے کی نوک سے اُن کے دِل کی تختی پر نقش کِیا گیا۔بلکہ اُن کے مذَبحوں کے سینگوں پر ۔ 2 ۔ جہاں اُن کے فرزند اُن کے کھمبوں کے مذَ بحوں پر یاددَہی ٹھہرے۔ سبز درختوں کے پاس اُونچے ٹِیلوں ۔ 3 ۔ اَور میدان کے پہاڑوں پر۔ مَیں تیرے گُناہوں کے سبب سے تیری تمام حُدود میں تیری دولت اَور تیرے خزانوں کو غنیمت میں دُوں گا۔ 4 ۔اَور تُو اپنی اَس میَراث سے ہاتھ اُٹھائے گا جو مَیں نے تُجھے عطا کی تھی ۔اَور مَیں تُجھے ایک ایسے مُلک میں تیرے دُشمنوں کا غُلام کر دُوں گا جسے تُو نہیں جانتا۔ کیونکہ تُو نے میرے غضب کی آگ سُلگائی۔اَور وہ اَبد تک جَلتی رہے گی۔ 5 ۔خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ مَلعُون ہَے وہ آدمی جو اِنسان پر بھروسا رکھتا ہَے اَور بشر کو اپنا بازُو بناتا ہَے اَور جس کا دِل خُداوند سے پھِر جاتا ہَے۔ 6 ۔ وہ بِیابان کی جھاڑی کی مانند ہوگا۔ جو نیکی کی آمد محسُوس نہیں کرتا بلکہ صحرا کی خُشک جگہوں میں اَور بِیابان کی پتھّریلی جگہوں اَور غیر آباد زمین میں رہتا ہَے۔ 7 ۔ مُبارَک ہَے وہ آدمی جو خُداوند پر بھروسا رکھتا ہَے۔ اَور خُداوند جس کی جائے توکُل ہَے۔ 8 ۔وہ اُس درخت کی مانند ہوگا۔ جو پانی کے کِنارے لگایا گیاہو ۔ جو اپنی جڑیں تَری میں پھیلاتا ہَےاَور جب گرمی آئے تو محسُوس نہیں کرتا۔ بلکہ اُس کے پتّے سبز رہتے ہَیں۔اَور خشک سالی میں اُسے کُچھ فکر نہیں۔اَور پھَل لانے سے نہیں تھمتا ۔ 9 ۔ دِل تمام چیزوں سے زیادہ حیلہ باز اَور لاعلاج ہَے اُسے کون دریافت کر سکتا ہَے۔ 10 ۔ مَیں خُداوند دِل کو جانچتا اَور گُردوں کو آزما تا ہُوں۔ اَور ہر ایک اِنسان کو بُمطابق اُس کی راہوں اَور کاموں کے پھَل کے بدلہ دیتا ہُوں۔ 11 ۔ جس طرح تیترانڈوں کو جمع کرتا ہَے پر بچّے نہیں نِکالتا۔ اُسی طرح جو راستی کے بغیر دولت کو جمع کرتا ہَےو ہ اُسے نصِف عُمر میں چھوڑے گا اَور اپنے اَنجام میں احمق ٹھہرے گا۔ 12 ۔ہمارے مُقدّس مقام میں اَے قدیم سے بُلند تخت جلالی۔ 13 ۔ اَے اِسرائیؔل کی اُمّید گاہ۔ اَے خُداوند ! جو تُجھے چھوڑ دیتے ہَیں وہ سب شرمِندہ ہوں گے۔ اَور جو مُجھ سے جُدا ہو جاتے ہَیں۔لکھا ہَے۔ کہ وہ خاک میں مِل جائیں گے کیونکہ اُنہوں نے آبِ حیات کے چشمے خُداوند کو ترک کِیا ہَے۔ 14 ۔ اَے خُداوند تُو مُجھے شِفا دے۔ تو مَیں شِفا پاؤں گا۔تُو ہی مُجھے بچا تو مَیں بچ جاؤں گا کیونکہ تُو میرا حمد کا گیت ہَے۔ 15 ۔ دیکھ۔وہ مُجھ سے کہتے ہَیں۔ کہ خُداوند کا کلام کہاں گیا؟ اَب وہ آئے۔ 16 ۔ مَیں نے چرواہے کی مانند تیرا تَعاقب نہیں کِیا اَور نہ مَیں نے دُشوار دِن کی خُواہش کی ۔تُو خُود جانتا ہَے کہ جو کُچھ میرے ہونٹوں سے نِکلا وہ تیری طرف سے تھا۔ 17 ۔تُو میرے لیے دہشت نہ ہو۔ کیونکہ مُصیبت کے دِن تُو میری جائے پناہ ہَے۔ 18 ۔میرے مُصیبت دینے والے رُسوا ہوں۔ پر مُجھے رُسوا نہ ہونے دے۔وہ خوف زَدہ ہوں پر مجھے خوف زَدہ نہ ہونے دے۔ مُصیبت کا دِن اُن پر لا اَور دُگنی ہلاکت سے اُنہیں ہلاک کر۔ 19 ۔ خُداوند نے مُجھ سے یُوں کلام کِیا۔ جا اَور بنی اُمّت کے پھاٹک پر کھڑا ہو جس سے شاہان یہُوداہ اندر آتے اَور باہر جاتے ہَیں۔ بلکہ یرُوشلیِؔم کے تمام پھاٹکوں پر۔ 20 ۔اَوراُن سے کہہ ۔اَے شاہانِ یہُوداہ اَور تمام یہُوداہ اَور تمام باشِندگانِ یرُوشلیِؔم ۔تُم جو اِن پھاٹکوں سے اندر آتے ہو خُداوند کا کلام سُنو۔ 21 ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ تُم اپنی جانوں کے لئے خبر دار رہو۔ کہ سبت کے دِن کوئی بوجھ نہ اُٹھاؤ ۔اَور اُسے لے کر یرُوشلیِؔم کے پھاٹکوں کے اندر نہ آؤ۔ 22 ۔ اَور نہ سبت کے دِن اپنے گھروں میں سے بوجھ لے کر باہر جاؤ اَور نہ کوئی اَور کام کرو۔ بلکہ سبت کے دِن کو پاک رکھّو۔جیسا کہ مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو حُکم دِیا۔ 23 ۔ پر اُنہوں نے نہ سُنا اَور نہ اپنے کان لگائے ۔بلکہ اپنی گردنیں سخت کیں تاکہ نہ سُنیں اَور نہ تربیت کو قبُول کریں۔ 24 ۔ پس اگر تُم توجّہ سے میری سُنو گے۔( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) اَور سبت کے دِن تُم اِس شہر کے پھاٹکوں میں بوجھ لے کر داخِل نہ ہوگے۔بلکہ سبت کے دِن کو پاک رکھّو گے ۔یہاں تک کہ کِسی طرح کاکام کاج نہ کرو۔ 25 ۔تو اِس شہر کے پھاٹکوں سے وہ بادشاہ جو داؤد کے تخت پر بیٹھے ہوں گے داخِل ہوں گے اَور وہ اَور اُن کے سردار اَور مَردانِ یہُوداہ اَور باشِندگان یرُوشلیِؔم رتھوں اَور گھوڑوں پر سَوار ہوں گے اَور یہ شہر اَبد تک آباد رہے گا۔ 26 ۔ اَور وہ یہُوداہ کے شہروں اَور یرُوشلیِؔم کی نواحی اَور بِنیمِیؔن کی سَر زمین اَور نشیبی زمین اَور کو ستان اَور جنوب سے آئیں گے۔ اَور سوختنی قُربانیوں اَور ذَبیحوں اَور نَذَروں اَور لُبان کو لائیں گے اور خداوند کےگھر میں شکرانے کے ذبیحوں کو گزرانیں گے۔ 27 ۔لیکن اگر تُم میری نہ سُنو کہ سبت کے دِن کو پاک رکھّو اَور بوجھ نہ اُٹھاؤ اَور اُسے لے کر سبت کے دِن یرُوشلیِؔم کے پھاٹکوں میں داخِل نہ ہو۔ تو مَیں اُس کے پھاٹکوں میں آگ بھڑکاؤں گا ۔تو وہ یرُوشلیِؔم کے محلّول کو بھسم کرے گی اَور نہیں بُجھے گی۔