باب

1 ۔مَیں نے خُداوند کا کلام پایا۔جب اُس نے کہاکہ۔ 2 ۔تُو اپنے لئے بیوی نہ کر اَور نہ اِس جگہ میں تیرے بیٹے اَور تیری بیٹیاں ہوں۔ 3 ۔کیونکہ خُداوند اُن بیٹوں اَور بیٹیوں کی بابت جو یہاں پیدا ہوتے ہَیں اَور اُن کی ماؤں کی بابت جِن سے وہ پیدا ہوتے ہَیں اَور اُن کے باپوں کی بابت جو اُنہیں اِس مُلک میں پیدا کرتے ہَیں یُوں فرماتا ہَے۔ 4 ۔وہ دَرد ناک مَوت مریں گے۔اُن پر کوئی ماتم نہ کرے گا۔وہ دفن نہ کئے جائیں گے وہ سطح زمین پر کھاد کی مانند ہوں گے۔وہ تلوار اَور کال سے ہلاک ہوں گے۔ اُن کی لاشیں ہَوا کے پرندوں اَور زمین کے درِندوں کی خُوراک ہوں گی۔ 5 ۔کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہَےکہ تُو ماتم کے گھر میں داخِل نہ ہو۔ اَور رونے کے لئے وہاں نہ جا اَور نہ اُنہیں تسلّی دینے کے لئے۔ کیونکہ اِس اُمّت سے مَیں نے اپنی سلامتی اَور مہربانی اَور رحمت ہٹالی ہَے۔ ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے)۔ 6 ۔پس بڑے اَور چھوٹے اِس مُلک میں مَر جائیں گے۔ وہ دفن نہ کئے جائیں گے اَور نہ اُن پر ماتم کِیا جائے گا۔آدمی اپنے آپ کو نہ چیریں گے اَور نہ اُن کے واسطے اپنے بال مُنڈائیں گے۔ 7 ۔ اَور ماتم زَدوں کے لئے مُردوں کی بابت تسلّی دینے کے واسطے روٹی نہ توڑیں گے اَور نہ اُن کے باپ یا ماں کے واسطے اُنہیں تسکیِن کا پیالہ پِلائیں گے۔ 8 ۔ اَور تُو ضِیافت کے گھر میں داخِل نہ ہو۔ تاکہ اُن کے ساتھ بیٹھے اَور کھائے اَور پیئے۔ 9 ۔کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیؔل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔دیکھ۔ مَیں اِس جگہ میں تُمہاری آنکھوں کے سامنے اَور تُمہارے ایّام میں خُوشی کی آواز اَور فرحت کی آواز ۔دُلہے کی آواز اَور دُلہن کی آواز موقُوف کراؤں گا۔ 10 ۔اَور جب تُو اُس اُمّت کو یہ تمام باتیں بتائے گا۔اَور وہ تُجھ سے کہیں گے کہ خُداوند ہمارے خلاف کِس لئے اِس بڑی آفت کی بات کرتا ہَے ۔اَور ہماری خطا اَور ہمارا گُناہ کیا ہَے جو ہم نے خُداوند اپنے خُدا کے خلاف کِیا؟ 11 ۔توتُو اُن سے کہے گا کہ ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) چُونکہ تُمہارے باپ دادا نے مُجھے چھوڑ دیا اَور دُوسرے مَعبُودوں کے پیچھے جا کر اُن کی پرستِش کی اَور اُنہیں سجدہ کِیا اَور مُجھے ترک کِیا اَور میری شریعت کو نہ مانا۔ 12 ۔ اَور چونکہ تُم نے اپنے باپ دادا سے بَد تر شرارت کی۔کیونکہ دیکھ تُم میں سے ہر ایک اپنے دِل کی ضِد پر چلتا اَور میرا شَنَوا نہیں ہوتا۔ 13 ۔ اِس لئے مَیں تُمہیں اِس مُلک میں سےایک ایسے مُلک میں پھینک دُوں گا جِسے نہ تُم اَور نہ تُمہارے باپ دادا جانتے تھے۔اَور وہاں تُم رات دِن دُوسرے مَعبُودوں کی پرسِتش کروگے ۔کیونکہ مَیں تُم پر رحم نہ کرُوں گا۔ 14 ۔ اِس لیے دیکھ ۔وہ دِن آتے ہَیں۔ (یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) جِن میں پھِر کہا نہ جائے گا کہ زندہ خُداوند کی قسم جو بنی اَسرائیؔل کو مُلک مِصؔر سے نِکال لایا۔ 15 ۔بلکہ زندہ خُدا وند کی قسم جو بنی اِسرائیؔل کو شِمال کے مُلک سے اَور اُن تمام مُمالِک سے نِکال لایا جہاں جہاں اُس نے اُنہیں ہانک دِیا تھا۔ کیونکہ مَیں اُنہیں اُس سر زمین میں واپس لاؤں گا جو مَیں نے اُن کے باپ دادا کو عطا کی تھی۔ 16 ۔ دیکھ۔ مَیں بہُت سے ماہی گیروں کو بھیجُوں گا۔ ( یُوں خُداوند کا فرمان ہَے) جو اُنہیں پکڑلیں گے۔ اُور بعد اِس کے، مَیں بہُت سے شِکاریوں کو بھیجُوں گا۔ جو ہرایک پہاڑ اَور ہر ایک ٹِیلے سے اَور چٹان کی دراڑوں سے اُن کا شِکار کریں گے۔ 17 ۔کیونکہ میری آنکھیں اُن کی تمام راہوں پر ہَیں۔ اَور وہ میرے حضُور سے چھُپی نہیں رہتیں۔ اَور نہ اُن کی بَدی میری آنکھو ں سے پوشِیدہ ہَے۔ 18 ۔ مَیں اُن کی بَدی اَور اُن کی خطاؤں کا دُگنا بدلہ دُوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے میرے مُلک کو ناپاک کِیا۔اَور میری میَراث کو اپنی مکرُوہات اَور نجاستوں کی لاشوں سے بھر دِیا۔ 19 ۔نبی کا اِصراراَے خُداوند تُو جو میری قُوّت اَور میرا قلعہ اَور مُصیبت کے دِن میری جائے پناہ ہَے۔زمین کے کِناروں سے اقوام تیرے پاس آئیں گی اَور کہیں گی۔یقیناََ ہمارے باپ دادا نے جھُوٹ اَور بطلان کی ایسی وِراثت لی جس میں کُچھ فائدہ نہیں۔ 20 ۔کیا بشر اپنے لئے مَعبُود بنائے۔ وہ تو مَعبُود نہیں ہَیں۔ 21 ۔پس اِس لئے دیکھ ۔مَیں اِس دفعہ اُنہیں آگاہ کرُوں گا۔ مَیں اپنا ہاتھ اوراپنا زور اُنہیں دِکھاؤں گا۔تب وہ جانیں گے کہ میرا نام خُدوند ہَے۔