باب

1 ۔برگشتگی کی سزا اَے کاہِنو! یہ بات سُنو۔ اَے اِسرؔائیل کے گھرانے مُتوجّہ ہو۔ اَے شاہی گھرانے کان لگا کیونکہ تُم پر عدالت ہو گی اِس لئے کہ تُم مصفاہ میں پھندا اَور تبُور پر بِچھایا ہُوا جال بنے ہو۔ 2 ۔اَور باغی خوُن ریزی میں غرق ہیں۔ لیکن مَیں تُم سب کو سزا دُوں گا۔ 3 ۔مَیں اِفؔرائیم کو جانتا ہُوں اَور اِسرؔائیل مُجھ سے پوشِیدہ نہیں کیونکہ تُو نے اَے اِفرائیم زِنا کاری کی ہَے اَور اِسرؔائیل ناپاک ہو گیا ہَے۔ 4 ۔اُن کے اعمال اُنہیں خُدا کی طرف رجُوع لانے نہیں دیتے کیونکہ زِنا کاری اُن کی فطرت میں ہے اَور وہ خُداوند کو نہیں پہچانتے۔ 5 ۔اَور اِسر؎ائیل کا غرُور اُس کے خلاف گواہی دیتا ہَے اِسرؔائیل اَور اَفرؔائیم اپنی بے دِینی کے سبب سے گِریں گے اَور یہُوداہؔ بھی ساتھ ہی گِرے گا۔ 6 ۔وہ اپنی بھیڑ بکریوں اَور گائے بَیلوں کو لے کر خُداوند کو ڈُھونڈنے جائیں گے لیکن پائیں گے نہیں کیونکہ وہ اُن سے جُدا ہو گیا ہے۔ 7 ۔اُنہوں نے خُداوند کے ساتھ بے وفائی کی ہَے کیونکہ اُن سے حرام اولاد پیدا ہُوئی ہَے۔ اَب وہ نئے چاند کے تہوار قرنا (بگل) تک جائیداد سمیت بِالکُل فنا ہو جائیں گے۔ 8 ۔جبعَہ میں قرنا اَور راؔمہ میں تُرہی پھُونکو بَیتؔ آوِن میں للکارو کہ اَے بنیمین! خبردار۔ 9 ۔سزا کے روز اِفرؔائیم وِیران ہو گاجو کُچھ یقیناً ہونے والا ہے میں نے اِسرؔائیل کے قبائل کو جتا دیا ہے۔ 10 ۔یہُوداہ کے سردار اُن کی مانند ہَیں جو حدوں کو سرکاتے ہَیں۔ مَیں اُن پر اپنا قہرپانی کی طرح اُنڈیل دُوں گا۔ 11 ۔اِفرؔائیم مظلوم ہے اور سزا کے بوجھ سے دبا ہے۔ کیونکہ اُس نے اپنی مرضی سے بُتوں کی پیروی کی ہے۔ 12 ۔اَور مَیں اِفؔرائیم کے لئے پتنگے کی مانند اَور یہُوداہ کے گھرانے کے لئے بوسیدگی کی طرح ہُوں گا۔ 13 ۔اِفرؔائیم اپنے مرض اَور یہوداہ اپنے زخم کو دیکھے گا۔ تب ِ افرؔائیم اسور کو جائے گا اَور یہُوداہ شاہِ عظیؔم کے پاس قاصد بھیجے گا۔ لیکن وہ نہ تُمہیں شفِا دے سکے گا اَور نہ تُمہارے زخم کا عِلاج کر سکے گا۔ 14 ۔کیونکہ مَیں اِفرؔائیم کے لئے شیر کی مانند اَور یہوُداہ کے گھرانے کے لئے جوان شیر کی طرح ہُوں گا مَیں ہاں مَیں ہی پھاڑ کر چلا جاؤں گا۔ مَیں اُٹھا لے جاؤں گا اَور کوئی نہ ہو گا جو چھُڑا سکے۔ 15 ۔انابت اور بحالی مَیں روانہ ہُوں گا اَور اپنی جگہ واپس چَلا جاؤں گا۔ جب تک کہ وہ اپنے گُناہوں کا اِقرار نہ کریں گے اَور میرے چہرے کے طالب نہ ہوں گے اَور اپنی تنگی کے وقت پورے دل سے میری تلاش کریں گے۔