باب

1 خُدا کی مہربانیوں کی زورآوری اُن تمام احکام کو جن کی بابت آج کے دِن میَں تمہیں فرمان دیتا ہوں تم مانو اور اُن پر عمل کرو ۔ تاکہ جیتے رہواور بہت ہوجاؤ۔ اور اُس ملک میں جس کی بابت خُداوند نے تمہارے باپ دادا سے قسم کھائی داخل ہواور اُس کے مالک بنو ۔ 2 اور تُواُس سارے رستے کو یاد رکھ جس میں خُداوند نے بیابان میں چالیس برس تک تجھے چلایا ۔ تاکہ تجھے تکلیف دے کر آزمائے ۔ اور تیرے دِل کی بات دریافت کرے کہ تُو اُس کے احکام مانے گا یا نہیں۔ 3 پس اُس نے تجھے تکلیف دی اور تجھے بھوکا رکھا اور تجھے وہ مَن کھلایا جِسے نہ تُو جانتا تھا اور نہ تیرے باپ دادا جانتے تھے ۔ تاکہ تجھے سِکھائے کہ اِنسان صرف روٹی ہی سے نہیں جیتا بلکہ ہر ایک کلمہ سے جو خُدا کے مُنہ سے نکلتا ہے۔ اِنسان جِیتا ہے ۔ 4 اِ ن چالیس برسوں میں تیرے کپڑے تجھ پر پرُانے نہ ہُوئے او ر نہ تیرے پاؤں سُوجے۔ 5 پس اپنے دَل میں جان لے کہ جیسے آدمی اپنے بیٹے کو تنبیہ کرتا ہے ۔ خُداوند تیرے خُدا نے ویسے ہی تیری کی ہے۔ 6 پس تُو خُداوند اپنے خُدا کے احکام مان ۔ اور اُس کی راہ میں چل اور اُسی سے ڈر۔ 7 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تجھے اچھے ملک میں داخل کرے گا ۔یعنی اُس ملک میں جس میں پانی کی نہریں اور چشمے اور سوتے میدانوں اور پہاڑوں میں پھوٹ کر نکلتے ہیں ۔ 8 اور وہ گیہوں اور جو اور انگوُر اور انجیر اور انار کا ملک ہے ۔ تیل اور شہد کا ملک ۔ 9 ایک ایسا ملک جہاں تُو اپنی روٹی تنگی سے نہ کھائے گا۔ اور جس میں تجھے کسی چیز کی کمی نہ ہوگی۔ ایک ایسا ملک جس کے پتھروں سے تُو لوہا اور جس کے پہاڑوں سے پیتل کھودے گا۔ 10 تب تُو کھائے گا اور سیر ہو گا اور خُداوند اپنے خُدا کو مبُارک کہے گا۔ اِس لئےکہ اُس نے ایسا اچھا ملک تجھے عطا کیِا ہے۔ 11 خبر دار ہو! تاکہ کہیں ایسا نہ ہو ۔ کہ تُوخُداوند اپنے خُدا کو بھُول جائے اور اُس کے اُن احکام اور آئین اور قوانین پر عمل نہ کرے جِن کی بابت آج کے دِن میَں نے تجھے حکم دِیا ہے۔ 12 ڈرتا رہ ایسا نہ ہو کہ جب تُو کھائے اور سیر ہو اور عُمدہ گھر بنائے اور اُن میں رہے ۔ 13 اور تیرے گائے بیل اور بھیڑ بکری بڑھ جائیں اورتیری چاندی اور تیرا سونا اورتیرا سب مال زیادہ ہو۔ 14 تو تیری دِل پھوُل جائے اور تُو خُداوند اپنے خُدا کو بھُول جائے جو ملک ِمصر یعنی جائے غُلامی سے تجھے نکال لایا۔ 15 اور جس نے اُس عظیم اور خوفناک بیابان میں تیری رہبری کی ۔ جہاں آتشی سانپ اور بچھو اور ایسی پیاسی زمین تھی جہاں پانی نہ تھا ۔ وہاں اُس نے تیرے لئے سخت چٹان سے پانی نکالا ۔ 16 اور اُس نے بیابان میں تجھے من کھلایا ۔ جس سے تیرے باپ دادا ناواقف تھے ۔ تاکہ تجھے تکلیف دینے اور تیرا امتحان کرنے کے بعد آخرکار تیرے ساتھ بھلائی کرے۔ 17 اور تُو اپنے دِل میں نہ کہے کہ میری ہی قُوت اور میرے ہی ہاتھوں کی طاقت نے یہ دولت میرے لئے پیدا کی ہے 18 بلکہ خُداوند اپنے خُدا کو یاد کرے کیونکہ اُسی نے تجھے دولت کمانے کی قُوت عطا کی۔تاکہ اپنے اُس عہد کو پُورا کرے۔ جس کی بابت اُس نے تیرے باپ دادا سے قسم کھائی ۔ جیسا کہ آج تُو دیکھتا ہے ۔ 19 لیکن اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کوبھُول جائے اور اجنبی معبوُدوں کی پیروی کرے۔ اُن کی بندگی کرے اور اُنہیں سجدہ کرے۔ تو میَں آج کے دِن ہی تمہارے خلاف گواہی دیتا ہوں تم ضُرور ہی اُن قوموں کی طرح ہلاک ہوجاؤ گے۔ 20 جنہیں خداوند نےتمہارے آگے سے دفع کیا۔ تم ہلاک ہو جاؤگے۔اِس لئے کہ تم نے خُداوند اپنے خُدا کی آواز نہ سُنی۔