باب

1 کِنعانیوں کے ساتھ رفاقت ممنُوع جب خُداوند تیرا خُدا تجھے اُس ملک میں داخل کرے ۔ جس کے وارث ہونے کے لئے تُو جاتا ہے اور تیرے سامنے سے بہت سی قوموں کو جڑ سے اُکھاڑ ڈالے۔ یعنی حِتیوں اور جرجاسیوں اور اموریوں اور کِنعانیوں اورفرزیوں اور حویوں اور یبُوسیوں کو جو سات بڑی اور تجھ سے زیادہ زور آور قومیں ہیں۔ 2 اور جب خُداوند تیرا خُدا اُنہیں تیرے ہاتھ میں دے دے اور تُو اُنہیں مارے ۔ تو تُو اُنہیں بالکل ہلاک کرنا ۔ تُو اُن کے ساتھ کوئی عہد نہ باندھنا اور نہ اُن پر مہربانی کرنا ۔ 3 تُو اُن کے ساتھ بیاہ نہ کرنا۔ اپنی بیٹی اُن کے بیٹے کو نہ دینا اور اُن کی بیٹی اپنے بیٹے کے لئے نہ لینا ۔ 4 کیونکہ وہ تیرے بیٹے کو میری پیروی کرنے سے بہکائے گی ۔ کہ وہ دوُسرے معبُودوں کی بندگی کرے ۔ تب خُداوند کا غضب تم پر بھڑکے گا اور وہ جلد تمہیں نابُود کرے گا ۔ 5 بلکہ تم اُن سے یُون کرنا کہ تم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دو ۔ اور اُن کے ستُونوں کو توڑ دو ۔ اُن کے کھمبوں کو کاٹ ڈالو ۔ اور اُن کی تراشی ہُوئی مورتوں آگ میں جلاؤ ۔ 6 کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی مقُدس قوم ہے اور خُداوند تیرے خُدا نے تجھے چُن لیِا ۔ تاکہ اُن سب لوگوں میں سے جو روئے زمین پر ہیں ۔تم اُس کے خاص لوگ ہو۔ 7 نہ اِس لئے کہ تم دیگر سب قوموں سے زیادہ تھے خُداوند نے تمہیں پسند کیِا اور چُن لیِا۔ کیونکہ تم سب قوموں سے بہت تھوڑے تھے ۔ 8 لیکن چُونکہ خُداوند نے تمہیں پیار کیِا اور اُس قسم کا لحاظ کیِا جو اُس نے تمہارے باپ دادا سے کھائی ۔ اِ س لئے خُداوند تمہیں زور آور ہاتھ سے نکال لایا ۔ اور جائے غُلامی سے اور مصر کے بادشاہ فرعون کے ہاتھ سے تمہیں چھڑایا ۔ 9 پس جان رکھ کہ خُداوند تیرا خُدا وہی خُدا ہے۔ وہ وفادار خُدا ہے جو عہد کو اور رحمت کو اُن کےلئے ہزاروں پُشتوں تک یاد رکھتا ہے جو اُسے پیار کرتے ہیں اور اُس کے حکموں کو مانتے ہیں۔ 10 اور وہ اُنہیں ہلاکت سے بدلہ دیتا ہے جو اُس سے کینہ رکھتے ہیں ۔ وہ ایسوں کے ساتھ دیر نہیں کرتا لیکن اُن ہی سے انتقام لیتا ہے ۔ 11 پس تُو وہ احکام اور قوانین اور آئین مان جن پر عمل کرنے کے لئے میَں آج کے دِن تجھے حکم دیتا ہوں۔ 12 وفاداروں کے لئے برکت پس اگر تُواُن آئینوں کو سُنے گا ۔ اُنہیں مانے گا اور اُن پر عمل کرے گا تو وہ تجھے اجر دے گا ۔ یعنی خُداوند تیرا خُدا تیرے لئے اپنے اُس عہد اور اپنی اُس رحمت کو یاد رکھے گا جس کی اُس نے تیرے باپ دادا سے قسم کھائی ۔ 13 وہ تجھے پیار کرے گا اور تجھے برکت دے گا اور تجھے بڑھائے گا ۔ وہ تیرے رحم کے پھل اور تیری زمین کے پھل کو بھی یعنی تیرے غلے اور تیری مے اور تیرے تیل اور تیرے مویشی کے بچوں اور تیری بھیڑ بکری کے گلوں کو اُسی ملک میں برکت دے گا جس کی بابت اُس نے تیرے باپ دادا سے قسم کھائی تھی کہ تجھے عطا کرے گا۔ 14 اور تُو سب قوموں سے بڑھ کرمبُارک ہوگا اور تمہارا کوئی چوپایہ بانجھ نہ ہوگا اور تم میں کو ئی خواہ مرد خواہ زن بےاولاد نہ رہے گا ۔ 15 اور خُداوند ہر ایک بیماری تجھ سے دوُر کرے گا اور مصر کے ان سب بُرے مرضوں میں سے جِنہیں تُو جانتا ہے کوئی مرض تجھ پر نہ لائے گا۔ بلکہ اُنہیں تیرے دُشمنوں پر ڈالے گا۔ 16 اور تُو اُن سب قوموں کو جِنہیں خُداوند تیرا خُدا تیرے حوالے کرے گا نابُود کر دے گا ۔ پس تیری آنکھیں اُن پر ترس نہ کھائیں اور نہ تُواُن کے معبُودوں کی بندگی کرنا ، ایسا نہ ہو ۔ کہ وہ تیرے لئے پھندا ہوں۔ 17 اگر تُو اپنے دِل میں کہے گا کہ یہ قومیں مجھ سے زیادہ ہیں میَں اُنہیں کس طرح نکال سکُوں گا ۔ 18 تو تُو اُن سے نہ ڈرنا ۔بلکہ یاد کرنا کہ خُداوند تیرے خُدا نے فرعوُن اورتمام مصریوں کے ساتھ کیا کیِا ۔ 19 یعنی وہ بڑی آفتیں جو تیری آنکھوں نے دیکھیں ۔ وہ نشانیاں ۔ وہ عجائبات ۔ وہ زور آور ہاتھ اور بڑھایا ہُؤا بازو جس سے خُداوند تیرا خُدا تجھے باہر نکال لایا ۔ اِسی طرح خُداوند تیرا خُد اُن تمام قوموں سے کرے گا جن سے تو ڈرتا ہے۔ 20 اور خداوند تیرا خدا اُن پر زنبُور بھیجے گا ۔ تاکہ اُن باقی ماندوں کو بھی ،جو تیرے سامنے سے چھپ گئے، ہلاک کرے۔ 21 پس تُو اُن سے خوف نہ کھانا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جو تمہارے درمیان ہے ۔ عظیم اور مہیب خُدا ہے ۔ 22 اور خُداوند تیرا خُدا اُن قوموں کو تیرے آگے سے تھوڑاتھوڑا کر کے دفع کرے گا ۔ تُو اُنہیں جلد فنا نہ کرے گا ۔ ایسا نہ ہو کہ جنگلی درندے تجھ پر بڑھ جائیں ۔ 23 بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُنہیں تیرے حوالے کر دے گا اور اُن پر سخت گھبراہٹ ڈالے گا۔ یہاں تک کہ وہ فنا ہو جائیں گے۔ 24 اور وہ اُن کے بادشاہوں کو تیرے ہاتھ میں دے دے گا ۔ پس تُو اُن کے نام آسمان کے نیچے سے مٹِا ڈالے گا ۔ اور کوئی تیرے سامنے کھڑا نہ رہ سکے گا جب تک تُو اُنہیں فنا نہ کرے ۔ 25 تُو اُن کے معبُودوں کی تراشی ہُوئی مورتوں کو آگ سے جَلا ۔ تُو اُس چاندی اور سونے کا جو اُن پر ہے لالچ نہ کر اور اُسے اپنے لئے نہ لے ۔ ایسا نہ ہو وہ تیرے لئے پھندا ہوں کیونکہ یہ خُداوند تیرے خُدا کے سامنے مکرُوہ ہے۔ 26 اور تُو بُت کی کوئی چیز اپنے گھر کے اند ر نہ لا ۔ ایسا نہ ہو کہ تُو اُس کی طرح ملعون ہو۔ تُو اُس سے کمال نفرت کر۔ اور وہ تیرے لئے غلاظت کی طرح ہو۔ کیونکہ وہ ملعون ہے۔