باب

1 یہ وہ احکام اور قوانین اور آئین ہیں۔ جو خُداوند تمہارے خُدا نے مجھے فرمائے ۔ کہ میَں تمہیں سکِھاؤں تاکہ تم اُس ملک میں اُن پر عمل کرو جس کے مالک بننے کے لئے تم جاتے ہو۔ 2 تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے ڈرے ۔ تاکہ تُو اُن سب قوانین اور احکام کو مانے جن کا میَں نے تجھے حکم دیِا۔ تُو اور تیرا بیٹا اور تیرا پوتا اپنی عُمر بھر، تاکہ تیرے دِن بڑھائے جائیں ۔ 3 پس اَے اِسرائیل ! سُن اور شوق سے اُن پر عمل کر تاکہ تیرا بھلا ہو اور اُس ملک میں جس میں دودھ اور شہد بہتا ہے تُو بہت بڑھ جائے ۔ جیسا کہ خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تجھ سے وعدہ کیِا ہے۔ 4 خُدا کی محبت اور تابعداری سُن اَے اِسرائیل! کہ خُداوند ہمارا خُدا ! وہی اکیلا خُداوند ہے ۔ 5 پس تُو خُداوند اپنے خُد ا کو اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت سے پیار کر۔ 6 اور یہ باتیں جن کا میَں آج کے دِن تجھے حکم دیتا ہوں ۔ تیرے دِل میں رہیں۔ 7 اور تُو یہ اپنے لڑکوں کو بار بات بتا۔ اور اُن کی بابت اُن سے ذکر کر جس وقت تُواپنے گھر میں بیٹھے اور جس وقت تُو راہ میں چلے اور جس وقت تُو لیٹے اور جس وقت تُو اُٹھے۔ 8 اور نشانی کے لئے تُو اُنہیں اپنے ہاتھ پر باندھ اوروہ تیری آنکھوں کے درمیان ٹیکوں کی طرح ہوں۔ 9 اور تُو اُنہیں اپنے گھر کے دروازوں کی چوکھٹوں پر اور اپنے دروازوں پر لکھ ۔ 10 اور جب خُداوند تیرا خُدا تجھے اُس ملک میں داخل کرے گا ۔ جس کی بابت اُس نے تیرے باپ دادا ابرہام اور اضحاق اور یعقُوب سے قسم کھائی ۔ کہ وہ تجھے وہ بڑے اور اچھے شہر دے گا جو تُو نے نہیں بنائے ۔ 11 اور سب اچھی چیزوں سے بھرے ہُوئے گھر بھی جو تُو نے نہیں بھرے اور وہ کھدُے ہُوئے تالاب جو تُو نے نہیں کھودے اور وہ انگورستان اور زیتُون کے درخت جو تُو نے نہیں لگائے۔ 12 اور تُو کھائے گا اور سیر ہوگا۔ 13 پس خبردار ہو۔ کہ تُو اپنے خُداوند کو بھول نہ جائے جو تجھے ملک مصر یعنی جائے غُلامی سے نکال لایا۔ بلکہ خُداوند اپنے خُدا سے خوف کر اور اُسی کی عبادت کر اور اُسی کے نام کی قسم کھا۔ 14 تُو دوُسرے معبُودوں کی یعنی اُن قوموں کے معبُودوں میں سے جو تیرے اِرد گرِد ہیں کسی کی پیروی نہ کر۔ 15 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جو تمہارے درمیان ہے خُدائے غیور ہے ایسا نہ ہو کہ تجھ پر خُداوند تیرے خُدا کا غضب بھڑکے اور وہ تجھے روئے زمین سے فنا کر ڈالے۔ 16 تم خُداوند اپنے خُدا کو مت آزماؤ۔ جیسا کہ تم نے مسّہ میں اُسے آزمایا ۔ 17 بلکہ خُداوند اپنے خُدا کے حکموں پر اور اُس کی شہادتوں پر اور اُس کے قوانین پر جو اُس نے تمہیں فرمائے عمل کرو۔ 18 اور تُو وہی کر۔ جو خُداوند کی نگاہ میں راست اور درُست ہےتاکہ تیرا بھلا ہو اور تُواُس اچھے ملک میں جس کی بابت خُداوند نے تیرے باپ دادا سے قسم کھائی۔ داخل ہو اور اُس کا مالک بنے۔ 19 تاکہ وہ تیرے سب دُشمنوں کوتیرے سامنے سے دفع کرے ۔ جیسا کہ خُداوند نے فرمایا۔ 20 اور کل جب تیرا بیٹا تجھ سے پوُچھے کہ یہ شہادتیں اور قوانین اور آئین جو خُداوند ہمارےخُدا نے تمہیں فرمائے کیسے ہیں؟ 21 تو تُو اپنے بیٹے سے کہنا کہ جب ہم مصر میں فرعون کے غُلام تھے تو خُداوند اپنے زور آور ہاتھ سے ہمیں وہاں سے نکال لایا۔ 22 اور خُداوند نے ہماری آنکھوں کے سامنے ہی مصر میں فرعون اور اُس کے تمام گھرانے کی مخالفت میں نشانیاں اور عظیم اور ہولناک عجائبات کئے۔ 23 اور ہمیں وہاں سے نکال لایاتاکہ ہمیں اُس ملک میں لائے جس کی بابت اُس نے ہمارے باپ دادا سے قسم کھائی تھی اور اُسے ہمیں عطا کرے۔ 24 پس خُداوند نے ہمیں فرمایا ۔ کہ تم یہ قوانین بجا لاؤ اور خُداوند اپنے خُدا سے ڈرو ۔ تاکہ زندگی کے سب ایام میں تمہارا بھلا ہو۔ اور آج کے دِن کی مانند تم زِندہ رکھے جاؤ ۔ 25 اور اِس میں ہماری راستبازی ہوگی کہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُن تمام احکام پر عمل کرنے کے مشُتاق ہوں۔ جیسا اُس نے فرمایا۔