باب

1 موسیٰ کی برکت یہ وہ برکت ہے جس سے مرد ِخُدا موسیٰ نے اپنی وفات سے پیشتر بنی اِسرائیل کو دُعا دی۔ 2 اُس نے کہا۔ خُداوند سینا سے آیا ۔ اور شعیر سے اپنی قوم پر طلوع ہُؤا۔ وہ کوہِ فاران سے جلوہ گر ہُؤا ۔ اور مریبہ قادس میں آیا ۔ اُس کے دہنے ہاتھ سے شعلہ زن آتش پھو ٹ نکلی ۔ 3 اُس کے قہر نے اقوام کو تباہ کر دیا ۔ اُس کے تمام مقدسین تیرے ہاتھ میں تھے ۔ اور وہ تیر ے قدموں میں بیٹھے ۔ اُنہوں نے اُس کی باتوں سے روشنی پائی ۔ 4 شریعت کا حکم جو موسیٰ نے فرمایا ۔ یعقُوب کی جماعت اُس کی ملکیت ہے ۔ 5 اور وہ یسورون میں بادشاہ ہُؤا۔ جب قوم کے سردار فراہم ہُوئے ۔ بنی اِسرائیل کے قبائل اِکٹھے ہُوئے ۔ 6 روبِن کے حق میں اُس نے کہا روبن جیِتا رہے اور نہ مرے۔ اگرچہ اُس کے مرد تھوڑے ہوں۔ 7 اور یہوداہ کے حق میں اُس نے یوُں کہا اَے خُداوند !یہوُداہ کی سُن اور اُسے اُس کی قوم کے پاس پہنچا ۔ تیرا ہاتھ اُس کے لئے جنگ کرے۔ اور اُس کے دُشمنو ں کے خلاف تُو اُس کی مدد کر۔ 8 اور لاوی کے حق میں اُس نے کہا لاوی کے پاس تیر اتمہیم ہو۔ تیرے اُس مرد خُدا کے پاس تیر اُوریم ہو۔ جِسے تُو نے مسہ پر آزمالیا ۔ اور جس کے ساتھ مریبہ کے پانی پر تُو نے جھگڑا کیِا۔ 9 جس نے اپنے ماں باپ کے حق میں کہا ۔ کہ اُنہیں میَں دیکھتا نہیں۔ جس نے اپنے بھائیوں کو اپنا نہیں مانا ۔ جس نے اپنے بیٹوں کو نہیں پہچانا ۔ مگر تیری باتوں کو یاد رکھا۔ اور تیرے عہد کی اِحتیاط کی۔ 10 وہ یعقُوب کو تیرے احکام ۔ اور اِسرائیل کو تیری شریعت سِکھاتے ہیں۔ وہ تیر ے آگے بخُور ۔ اور سوختنی قُربانیاں مَذبح پر رکھتے ہیں۔ 11 اَے خُداوند ! اُس کی ملکیت کو برکت دے ۔ اور اُس کے ہاتھوں کے کام قبُول فرما۔ اور اُس کے دُشمنوں کی رانوں کو ناقِص کر، یعنی اُس کے مخالفوں کی ۔ تاکہ وہ قائم نہ رہیں۔ 12 اور بنیمین کے حق میں اُس نے کہا خُداوند کا محبُوب بنیمین ہے ۔ سلامتی سے اُس کے ہاں وہ رہے گا ۔ وہ دِن بھر اُس کی حفاظت کرتا ہے ۔ وہ اُس کے کندھوں کے بیچ سکُونت کرتا ہے ۔ 13 اور یُوسف کے حق میں اُس نے کہا اُس کی سرزمین خُداوند کی طرف سے مبُارک ہو۔ اور آسمان کے عُمدہ تحائف ۔ وہ گہرا پانی جو نیچے ہے۔ 14 سُورج کے اُگائے ہُوئے عُمدہ تحائف ۔ چاندی کے پکائے ہُوئے عُمدہ تحائف ۔ 15 قدیم پہاڑوں کی عمدگی ۔ ابدی ٹیلوں کے عُمدہ تحائف 16 زمین اور اُس کی معموری کے عُمدہ تحائف ۔ اور اُس کی خُوشنُودی جو جھاڑی میں رہتا ہے۔ یُوسف کے سر پر نازل ہوں۔ بلکہ اُس کے سر کی چاندی جو اپنے بھائیوں میں رئیس ہے۔ 17 اُس کی شوکت بَیل کے پہلوٹھے کی سی ہے۔ اور اُس کے سینگ جنگلی سانڈ کے سینگ ہیں۔ اُن ہی سے وہ سب قوموں کو ۔ بلکہ زمین کی انتہا تک سب کو دھکیلے گا ۔ اور افرائیم کے لاکھوں لاکھ ۔ اور منسی کے ہزاروں ہزار ہیں۔ 18 اور زبُولون کے حق میں اُس نے کہا اَے زبُولون تُو اپنے باہر جانے میں ۔ اور اے اشکار تُو اپنے خیموں میں خُوش رہ ۔ 19 وہ قوموں کو اُن پہاڑوں پر بُلاتے ہیں۔ جہاں وہ صداقت کی قُربانیاں گزرانتے ہیں۔ کیونکہ وہ سمندروں کی فراوانی چُوستے ۔ اور ساحل کے چھپے ہُوئے خزانوں کو جمع کرتے ہیں۔ 20 اور جد کے حق میں اُس نے کہا مبُارک ہےوہ جو جد کو بڑھائے ۔ اور شیر کی طرح گھات میں بیٹھا ۔ اور بازو بلکہ سر بھی پھاڑ ڈالتا ہے۔ 21 اُس نے پہلا بخرہ اپنے لئے چُن لیِا ۔ کیونکہ شاہانہ حصہ وہاں الگ کیِا گیا تھا۔ وہ قوموں کے سرداروں کے ساتھ آیا۔ اُس نے خُداوند کی صداقت ۔ اور اِسرائیل کے ساتھ اُس کے احکام کو پُورا کیا۔ 22 اور دان کے حق میں اُ س نے کہا دان شیر کا وہ بچہ ہے جو بسن سے کُود کر آتا ہے۔ 23 اور نفتالی کے حق میں اُس نے کہا اَے نفتالی تُو جو خُوشنُودی سے سیر۔ اور خُداوند کی برکت سے معمور ہے۔ وہ مغرب اور جنُوب کا مالک ہے۔ 24 اور آشر کے حق میں اُس نے کہا آشر بیٹوں کے درمیان سب سے مبُارک ہو۔ وہ اپنے بھائیوں میں زیادہ مقبُول ہو۔ وہ اپنے پاؤں تیل میں ڈبوئے ۔ 25 تیرے بینڈے لوہے اور پیتل کے ہوں۔ اور تیرے ایام کے انجام تک تیری راحت قائم ہو۔ 26 یسورون کے خُدا کی مانند کوئی نہیں جو فضا بلکہ بادلوں پر حشمت سے سَوار ہو کر تیری مدد کو آئے 27 ازلی خُدا تیری جائے پناہ ہے اور ابدی بازُو نیچے ہیں۔ اُس نے دُشمن کو تیرے سامنے سے نکال دِیا۔ اور کہا کہ ہلاک کر۔ 28 لہٰذا اِسرائیل سلامتی سے ۔ اور یعقُوب کا چشمہ اکیلا۔ گیہوں اور مَے کی سرزمین میں بسے گا ۔ اور اُس کے لئے فلک سے شبنم پڑے گی۔