باب

1 موسیٰ کی وفات تب موسیٰ موآب کے میدان سے کوہِ نبُو کی طرف پسگہ کی چوٹی پر جو یریحو کے مقُابل ہے چڑھا ۔ اور خُداوند نے اُسے سارا ملکِ جلعاد سے لے کر دان تک دِکھایا۔ 2 کل نفتالی اور افرائیم اور مَنسی کا ملک اور یہوداہ کا سارا ملک مغڑب سمنُدر تک ۔ 3 اور جنُوب اور یردن کی وادی یعنی کھجوروں کے شہر یریحو کا میدان ضغر تک۔ 4 اور خُداوند نے اُس سے کہا ۔ یہ وہ ملک ہے جس کی بابت میَں نے ابراہام اور اضحاق اور یعقُوب سے قسم کھا کر کہا کہ اُن کی نسل کو دُوں گا ۔ تُو نے اپنی آنکھوں سے اُسے دیکھ لیِا ہے ۔لیکن تُو وہاں پار نہ جائے گا۔ 5 چُنانچہ موسیٰ خُداوند کا خادم وہاں پر خُداوند کے کہنے کے موافق موآب کے ملک میں فوت ہُؤا۔ 6 اور موآب کی وادی میں بیت فغور کے مقُابل دفنایا گیا ۔ مگر اُس کی قبر کو آج کے دِن تک کوئی نہیں جانتا ۔ 7 اور موسیٰ اپنی موت کے وقت ایک سو بیس برس کی عمر کا تھا ۔ اُس کی آنکھیں نہ دھندلائیں اور نہ اُس کی جسمانی قُوت کم ہُوئی۔ 8 تب بنی اِسرائیل نے موسیٰ کے لئے موآب کے میدان میں تیس دِن تک ماتم کیِا ۔ جب تک کہ موسیٰ پر ماتم کرنے کے دِن پُورے نہ ہوئے۔ 9 اور یشوُع بِن نُون حکمت سے معمور تھا ۔ کیونکہ موسیٰ نے اپنے ہاتھ اُس پر رکھے تھے ۔ اور بنی اِسرائیل نے اُس کی تابعداری کی اور جیسا خُداوند نے موسیٰ کو دِیا عمل میں لائے ۔ 10 اور بعد اِزاں اِسرائیل میں کوئی نبی موسیٰ کی مانند نہ اُٹھا ۔ جس کےساتھ خُداوند نے رُو برُو بات کی ہو۔ 11 اِن سب نشانات اور عجائبات میں جو خُداوندنے دئیے کہ اُنہیں مصر کی سر زمین میں فرعون اور اُس کے تمام وُزرا اور اُس کے سارے ملک کے لئے کرے۔ 12 اور تمام زورآور ہاتھ اور عظیم معجزوں میں جو موسیٰ نے سارے بنی اِسرائیل کی آنکھوں کے سامنے دِکھائے۔