باب

1 کاہِنوں کی میِراث کاہِنوں اور لاویوں اور لاوی کے تمام قبیلے کا اِسرائیل کے ساتھ حِصہ اور میِراث نہ ہوگی ، کیونکہ وہ خُداوند کی آتشین قُربانیوں اور اُس کی میِراث سے کھائیں گے۔ 2 اور اُس کی میِراث اُس کے بھائیوں کے درمیان نہ ہو گی ۔ کیونکہ خُداوند ہی اُس کی میراث ہے ۔ جیسا اُس نے اُسے فرمایا۔ 3 لوگوں کی طرف سے جب و ہ گائے بَیل یا بھیڑ بکری کی قُربانی گزُرانتے ہو ۔ تو کاہِنوں کا حق ہوگا ۔ کاہِن کو شانہ اور دونوں جبڑے اور اوجھڑی دئیے جائیں ۔ 4 اور اپنے غلے اور اپنی مَے اور اپنے تیل کے پہلے پھل اور اپنی بھیڑوں کی پہلی اُون تُو اُسے دے۔ 5 کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے تیرے تمام قبیلوں میں اُسے چُن لیِا ہے تاکہ وہ اور اُس کے بیٹے ہمیشہ خُداوند کے نام کی خدمت کے لئے کھڑے رہیں۔ 6 اگر اِسرائیل کے درمیان تیرے کسی شہر سے جہاں وہ رہتا ہے کوئی لاوی آئے اور اُس جگہ میں جِسے خُداوند چُن لے گا اپنے دِل کی رغبت سے حاضر ہو ۔ 7 تو وہ خُداوند اپنے خُدا کے نام سے اپنے تمام بھائی لاویوں کی طرح جو وہاں خُداوند کے حضُور کھڑے رہتے ہیں خدمت کرے گا ۔ 8 اور وہ اُس کے کھانے کا مساوی حِصہ دیں گے ۔ ماسِوائے اُس کے جو اُسے آبائی مِلکیت بیچنے سے مِلا ہو۔ 9 باطل پرستی اور انبیاء جب تُو اُس ملک میں آئے جو خُداوند تیرا خُدا تجھے عطا کرے گا ۔ تُو اُن قوموں کے مکرُوہ کاموں کی طرح نہ کرنا سِیکھنا ۔ 10 تیرے درمیان کوئی ایسا نہ پایا جائے جو اپنے بیٹی یا بیٹے کو آگ میں سے گزُارے یا۔ جو غیب گو سے صلاح لے یا شعُبدہ باز یا فال گیر یا جادُوگرہو۔ 11 نہ منتر پڑھنے والا نہ جنات سے سوال کرنے والا نہ رمّال اور نہ وہ جو مرُدوں سے مشورہ کرتا ہے ۔ 12 کیونکہ وہ سب جو ایسے کام کرتے ہیں خُداوند کے نزدیک قابل نفرت ہیں اور اِنہی مکروہات کے باعث خُداوند تیرا خُدا اُن قوموں کو تیرے سامنے سے دفع کرے گا ۔ 13 بلکہ تُو خُداوند اپنے خدا کے حضُور کامل ہو۔ 14 کیونکہ یہ قومیں جِنہیں تُو نکال دے گا ۔ نجومیوں اور غیب گوؤں کی سُنتی ہیں۔ لیکن ایسا کرنے کی خُداوند تیرے خُدا نے تجھے اجازت نہیں دی ۔ 15 خُداوند تیرا خُدا تیرے ہی درمیان سے یعنی تیرے بھائیوں ہی میں سے میری مانند ایک نبی تیرے لئے برپا کرے گا ۔ تم اُس کی سُننا ۔ 16 جیسا کہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا سے حورب پر مجمع کے روز اِلتجا کر کےکہا کہ میَں خُداوند اپنے خُدا کی آواز پھر نہ سُنوں اور ایسی بڑی آگ بھی پھر نہ دیکھوں ۔ تاکہ میَں مر نہ جاؤں۔ 17 تو خُداوند نے مجھ سے کہا ۔ کہ اُنہوں نے اچھا کہا ۔ 18 میَں اُن کے بھائیوں کے درمیان سے تیری طرح ایک نبی برپا کر دُوں گا ۔ اور اپنا کلام اُس کے منُہ میں ڈالوں گا اور جو کچھ میَں اُسے حکم دُوں گاوہ اُن سے کہے گا ۔ 19 اور جو اِنسان میرے کلام کو جو وہ میرے نام سے کہے گا نہ مانے گا ۔ تو میَں اُس کا حساب اُس سے لوُں گا۔ 20 اور جو نبی یہ گستاخی کرے کہ کوئی ایسی بات میرے نام سے کہے جس کے کہنے کا میَں نے اُسے حکم نہیں دِیا ۔ یا دُوسرے معبُودوں کے نام سے نبُوت کرے ، تو وہ نبی ضُرور قتل کیِا جائے ۔ 21 اگر تُو اپنے دِل میں کہے ۔ کہ کیسے معلوم ہو۔ کہ یہ بات خُداوند نے نہیں کہی؟ 22 تو اگر وہ نبی خُداوند ے نام سے کہے ۔ اور اُس کا کلام پُورا نہ ہواور واقع نہ ہو۔ تو وہ کلام خُداوند نے اُسے نہیں فرمایا ۔ بلکہ اُس نبی نے گستاخی سے وہ بات کہی ہے ۔ تم ایسے سے نہ ڈرنا۔