باب

1 پاک اور ناپاک جانور تم خُداوند اپنے خُدا کے فرزند ہو۔ مرُدوں کے لئے اپنے جسم کو چیر نہ لگاؤ۔ اور اپنے آنکھوں کے درمیان نہ موُنڈواؤ۔ 2 کیونکہ تم خُداوند اپنے خُدا کے مقُدس لوگ ہو ۔ اور خُداوندنے روئے زمین کے تمام لوگوں میں سے تمہیں چُن لیِا ۔ تاکہ اُس کے خاص لوگ ہو۔ 3 تُو کوئی مکرُوہ چیز نہ کھا۔ 4 چوپایوں میں سے تُو یہ کھا ۔ گائے بیَل اور بھیڑ اوربکر ی۔ 5 اور ہرن اور غزال (چھوٹا ہرن) اور چکارا اور کوُہی اور بز اور ظبی اور نیل گاؤ اور جنگلی بھیڑ ۔ 6 اور ہر ایک چوپایہ جس کے کھر دو حِصوں میں چرِے ہوں اور جو جگالی کرتا ہو ۔چوپایوں میں سے تُو یہ کھا سکتا ہے ۔ 7 لیکن اُن میں سے جو جگالی کرتے ہیں یا جن کے کھر چِرے ہُوئے ہیں ۔تُو یہ نہ کھانا۔ اُونٹ اور خرگوش اور سافان ۔ کیونکہ یہ جگالی تو کرتے ہیں پر اِن کے کھر چِرے ہوئے نہیں ۔لہٰذا تیرے لئے ناپاک ہیں۔ 8 اور سُور کیونکہ اِس کے کھر تو چِرے ہُوئے ہیں ۔ مگر وہ جگالی نہیں کرتا ۔ یہ تیرے لئے ناپاک ہے ۔تُو اُن کا گوشت نہ کھانا اور نہ ہی اُن کی لاش چھوُنا۔ 9 اور پانی کے جانوروں میں سے تُو یہ کھا ۔اُن سب کو جن کے پرَ اور چھلکے ہوں تُو کھا سکتا ہے ۔ 10 اور جِن کے پرَ یا چھلکے نہ ہوں اُن میں سے کسی کو نہ کھانا۔ وہ تیرے لئے ناپاک ہیں ۔ 11 ہر ایک پاک پرندہ تُو کھا سکتا ہے ۔ 12 لیکن یہ تُو نہ کھانا۔ نَسر اور ہما اور عقُاب ۔ 13 اور چیل اور باز اوراُن کی اقسام ۔ 14 ہر ایک قسم کے کوئے ۔ 15 اور شُتر مرغ اور ابابِیل اور حواصل اور شِکرہ کی اقسام ۔ 16 اور چغد اور اُلو اور بوُم شب ۔ 17 اور بگلا اور گدھ اور ماہی گیر ۔ 18 اور لقلق اور بوُتیمار ہر قسم کا اور ہدُ ہدُ اور چمگاڈر ۔ 19 اور ہر ایک پردار رینگنے والا جانور تیرے لئے ناپاک ہے۔ اُسے نہ کھانا۔ 20 لیکن جتنے پرندے پاک ہیں تُو اُنہیں کھا سکتا ہے ۔اور جو جانور اپنے آپ مرَ جائے اُسے تُونہ کھانا۔ 21 تُو اُسے کسی پردیسی کو جو تیرے شہروں کے اندر ہو دے تاکہ اُسے کھائے ۔ یا اُسے بیچ دے ۔ کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی پاک قوم ہے ۔تُو حلوان کو اُس کی ماں کے دودھ میں نہ پکا ۔ 22 دَہ یکی تُو اپنی کھیتی کے غلے سے جو سال بہ سال تجھے زمین سے حاصل ہو دَہ یکی الگ کر ۔ 23 اور تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُس جگہ میں جہاں وہ اپنا نام رکھنا پسند کرے گا ۔ اپنے غلے اور اپنی مَے اور اپنے تیل کی دَہ یکی اور اپنئ گائے بَیل اور بھیڑ بکری کے پہلے بچے کھانا ۔ تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے ہمیشہ خوف کرنا سیکھے ۔ 24 اور اگر تیرا رستہ دُور ہو ۔ کہ تُو اُنہیں اُٹھا کر نہ لے جاسکے ۔ اور وہ جگہ جہاں خُداوند تیرا خُدا اپنا نام رکھنا پسند کرے گا ۔ تجھ سے دُور ہو ۔ اور خُداوند تیرے خُدا نے تجھے برکت بخشی ۔ 25 تو تُو اُسے نقدی کے بدلے بیچ اور نقدی کو باندھ اور اُسے اپنے ساتھ لے کر اُس جگہ کو جا جو خُداوند تیرا خُدا چُن لے گا۔ 26 اور اُس نقدی سے جو کچھ تیرا جی چاہے ، خرید لے گائے بَیل یا بھیڑ بکری یا مَے یا شراب یا جو کچھ تیرے دِل کو پسند ہو ۔ اور وہاں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کھا۔ اور اپنے گھرانے کے سمیت خُوشی کر۔ 27 اور اُس لاوی کو جو تیرے شہروں میں ہے ہرگز فراموش نہ کر۔ کیونکہ تیرے ساتھ اُس کا حِصہ اورمیِراث نہیں۔ 28 تین تین برس کے بعد تُو اُس برس کے اپنے غلےکی سب دَہ یکیاں نکال کر اُنہیں اپنے پھاٹکوں کے اندر اِکٹھا کر۔ 29 تُو لاوی جس کا حصہ اور میِراث تیرے ساتھ نہیں۔ اور جو مسافر اور یتیم اور بیوہ عورتیں تیرے پھاٹکوں کے اندر ہیں وہ آئیں اور کھائیں۔ اور سیر ہوں تاکہ خُدا وند تیرا خُدا تیرے ہاتھ کے اُ ن سب کاموں میں جو تُو کرتا ہے، تجھے برکت بخشے۔