باب

1 جھوُٹے نبی کی سزا اگر تمہارے درمیان کوئی نبُوت کرنے والا یا خواب دیکھنے والا اُٹھ کھڑا ہو ۔ اور تمہیں کوئی نشان یا معجزہ دِکھائے ۔ 2 او ر وہ نِشان یا معجزہ جس کی اُس نے خبر دی وقُوع میں آئے ۔ اور وہ تم سے کہے کہ آؤ ہم اجنبی معَبوُدوں کے پاس جِنہیں تم نہیں جانتے تھے، جائیں اور اُن کی بندگی کریں ۔ 3 تو تم اُس نبُوت کرنے والے یا خواب دیکھنے والے کی نہ سُننا ۔کیونکہ خُداوند تمہارا خُدا تمہیں آزماتا ہے تاکہ معلوم کرے ۔ آیا تم خُداوند اپنے خُدا کو اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے پیار کرتے ہو ۔ 4 تم خُداوند اپنے خُدا کی پیروی کرو اور اُس سے ڈرو۔ اُس کے حکموں کو مانو اور اُس کی سُنو اور اُسی کی عبادت کر و اور اُسی سے لپٹے رہو۔ 5 اور وہ نبُوت کرنے والا یا خواب دیکھنے والا قتل کیا جائے گا ۔ کیونکہ اُس نے تمہیں خُداوند تمہارے خُدا سے جس نے تمہیں ملکِ مصر سے نکال لاکر جائے غُلامی سے چھڑا لیا ۔ برگشتہ ہونے کے لئے کہا ۔ اور اُس راہ سے جس میں خُداوند تمہارے خُدا نے تمہیں چلنے کے لئے حکم دِیا ، بہکایا۔پس تم اپنے درمیان سے اِس بدی کو دُور کرو۔ 6 اور اگر تیرا بھائی تیرے باپ کا بیٹا یا تیری ماں کا بیٹا ۔ یا تیرا ہی بیٹا یا تیری بیٹی یا تیری ہم کنِار بیوی یا تیرا جانی دوست تجھے پوشیدگی میں پھُسلائے اور کہے ۔ کہ آؤ ہم دُوسرے معبُودوں کی بندگی کریں ۔ جن سے نہ تیری نہ تیرے باپ دادا کی واقفیت تھی ۔ 7 یعنی اُن قوموں کے معبُودوں کی جو تیرے اِردگرِد نزدیک یا تجھ سے دُور زمین کے ایک کنارے سے لے کر دوُسرے کنارے رہتی ہیں۔ 8 تو تُو رضا مند نہ ہونا اور نہ اُس کی سُننا ۔ اور نہ تیری آنکھ اُس پر ترس کھائے ۔تُواُس سے درگزُر نہ کرنا نہ اُسے چھُپانا ۔ 9 بلکہ تُو اُسے فوراً عدالت میں پیش کرنا ۔ اُسے قتل کرتے وقت پہلے تیرا ہاتھ اُس پر پڑے ۔اُس کے بعد ساری قوم کا ہاتھ ۔ 10 اور تُواُسے سنگسار کرنا تاکہ وہ مرَ جائے ۔کیونکہ اُس نے تجھے خُداوند تیرے خُدا سے جو تجھے ملکِ مصر یعنی جائے غلامی سے نکال لایا ، برگشتہ کرنا چاہا۔ 11 تب سب اِسرائیل سُنیں گے اور ڈر جائیں گے اور ایسی شرارت کا کام تیرے درمیان پھر نہ کریں گے۔ 12 بتُ پرست شہروں کی سزا اگر تُواُن شہروں میں سے جو خُداوند تیرے خُدا نے تجھے رہنے کے لئے دئیےہیں۔ کسی کی بابت یہ بات کہی جاتی سُنے۔ 13 کہ بعض خبیث اشخاص تیرے درمیان سے نکلے اور اپنے شہر کے رہنے والوں سے کہہ کر اُنہیں گمراہ کیِا ۔ کہ آؤ ہم چلیں ۔ اور اجنبی معبُودوں کی بندگی کریں جن سے تم واقف نہ تھے ۔ 14 تو اِس بات کی صداقت کی بابت دریافت کر۔ اور خُوب تحقیق کر اور دیکھ اگر یہ سچ اور یقینی بات ہو کہ یہ نفرتی کام تیرے درمیان کیِا گیا۔ 15 تو تُو اُس شہر کے رہنے والوں کو تلوار کی دھار سے مار اور اور اُسے اور سب کچھ جو اُس میں مع چوپایوں کے تلوار کی دھار سے فنا کر۔ 16 اور اُس کے گھروں کی سب چیزوں کو چوک میں جمع کر ۔ اور اُس شہر کو اور اُس کی تمام چیزوں کو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور آگ سے جَلا دے ۔ تو وہ ہمیشہ کے لئے ایک ٹِیلا ہوگا ۔ وہ پھر بنایا نہ جائے گا ۔ 17 اور ایک بھی لعنتی چیز تیرے ہاتھ میں نہ رہے تاکہ خُداوند اپنے غضب کی تنُدی سے باز آئے اور تجھ پر رحم فرمائے۔ اور تجھ پر ترس کھائے اورتجھے بڑھائے ۔جیسا اُس نے تیرے باپ دادا سے قسم کھائے ۔ 18 بشرطیکہ تُو اپنے خُداوند کی سُنے اور اُس کے اُن سب حکموں کو مانے جن کی بابت میں آج کے دِن تجھے حکم دیتا ہوں اور وہی کرے۔ جو خُداوند تیرے خُدا کی نگاہ میں راست ہے۔