باب

1 بتُ پرستی کو دُور کرنا یہ وہ آئین اور احکام ہیں جِن پر تم اُس ملک میں جو خُداوند تیرے باپ دادا کا خُدا ۔ تجھے عطا کرے گا ۔ اپنی زندگی کے کل ایام میں عمل کرو۔ جب تک کہ اُس میں بستے رہو۔ 2 تم اُونچے اُونچے پہاڑوں اور ٹیلوں پر اور ہر ایک سرسبز درخت کے نیچے کی اُن سب جگہوں کو مسمار کر و۔ جہاں اُن قوموں نے جن کے تم وارث ہُوئے۔اپنے معبُودوں کی پُوجا کی ۔ 3 اُن کے مذبحوں کو ڈھا دو ۔ اُن کے ستُونوں کو توڑ ڈالو ۔ اُن کے کھمبوں کو آگ سے جَلاؤ ۔ اُن کے معبُودوں کے بتُوں کے ٹکڑے ٹکڑکے کرو ۔ اور اُس جگہ سے اُن کا نام تک مِٹا ڈالو۔ 4 لیکن خُداوند اپنے خُدا سے ایسا نہ کرنا ۔ 5 بلکہ وہ جگہ جِسے خُداوند تمہارا خُدا تمہارے سب قبائل کے درمیان سے پسند کرے گا ۔ کہ اپنا نام وہیں رکھے اور وہیں سکوُنت کرے اُسے تم ڈھونڈو اور وہیں جایا کرو ۔ 6 اور تم وہیں اپنی سوختنی قُربانیاں اوراپنے ذبیحے اور اپنی دہ یکیاں اور اپنے ہاتھوں کے ہدیے اور اپنی نذریں اور اپنی خُوشی کی قُربانیاں اور اپنی گائے بیل اور بھیڑ بکری کے پہلوٹھوں کو گزُرانو۔ 7 اور تم وہیں خُداوند اپنے خُدا کے آگے کھاؤ اور اپنے گھرانوں سمیت اپنے ہاتھ کے اُن سب کاموں کی خُوشی کرو جِن میں خُداوند تمہارے خُدا نے تمہیں برکت دی ہو۔ 8 تم ایسا نہ کرو ۔ جیسا کہ ہم آج کرتے ہیں ۔ کہ ہر ایک جو اُس کی نظر میں اچھا ہے وہی کرتا ہے ۔ 9 کیونکہ ابھی تک تم اُس آرام اور میِراث کو نہیں پہنچے جو خُداوند تمہار خُدا تمہیں دے گا۔ 10 پس جب تم یردن کے پار جاؤ اور اُس ملک میں جو خُداوند تمہار خُدا تمہیں میِراث کے طور پر دے گا رہنے لگو اور وہ تمہیں تمہارے اُن سب دُشمنوں سے آرام دے جو تمہارے گرِد ہیں ۔ اور تم بےخوف سکوُنت کرو۔ 11 تو جس جگہ کو خُداوند تمہار ا خُدا چُن لے گا ۔ کہ وہاں اپنا نام رکھے ۔ تو تم جو کچھ میں تمہیں حکم دیتا ہوں ۔ اُسے وہاں لے جایا کرو یعنی اپنی سوختنی قُربانیاں اور اپنے ذَبیحے اور اپنی دَہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے ہدیئے اور اپنی وہ نیک مَنتیں جو تم خُداوند کے لئے مانو۔ 12 اور خُداوند اپنے خُدا کے آگے خُوش ہو۔تم اور تمہارے بیٹے اور تمہاری بیٹیاں اور تمہارے غُلام اور لونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تمہارے شہروں میں ہو ۔ کیونکہ اُس کا کوئی حِصہ یا میِراث تمہارے ساتھ نہیں۔ 13 خبردار ایسا نہ ہو کہ تُو اپنی سوختنی قُربانیاں جس جگہ کو دیکھ لے ،وہیں گزُرانے ۔ 14 مگر اُسی جگہ میں جِسے خُداوند تیرے قبائل میں سے چُن لے گا ۔ تُو اپنی سوختنی قُربانیاں وہیں گزُراننا ۔ اور وہ سب کچھ جس کا میں تجھے حکم دیتا ہوں ، وہیں کرنا ۔ 15 لیکن اگر تُو گوشت کھانا چاہے اور تیرا دِل خواہش مند ہو کہ اُسے کھائے تو تُو اپنے سب شہروں میں خُداوند اپنے خُدا کی اُس برکت کے مطُابق جو اُس نے تجھے دِی ہے ذَبح کر اور کھا خواہ تُو پاک ہو خواہ ناپاک ، جیسے تُو غزال (چھوٹا ہرن) یا ہرن کھا تا ہے ۔ 16 لیکن تُو خُون ہرگز نہ کھانا ۔ بلکہ اُسے پانی کی طرح زمین پر اُنڈیل دینا ۔ 17 تیرے لئے یہ جائز نہیں ۔ کہ تُو اپنے شہروں کے اندر اپنے غلے یا مےَ یا تیل کی دَہ یکیاں یا اپنے گائے بیل اور بھیڑ بکری کے پہلوٹھے یا اپنی اُن منَتوں کی چیزیں جو تُو نے مانیں یا اپنی خُوشی کی قُربانیاں یا اپنے ہاتھ کے ہدئیے کھائے ۔ 18 لیکن تُو اُنہیں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُس جگہ میں کھا جو خُداوند تیرا خُدا چُن لے گا ۔ تُو اور تیرا بیٹا اور تیری بیٹی اور تیرا غلام اور تیری لونڈی اور وہ لاوی جو تیرے شہروں میں ہے۔ اور تُوخُداوند اپنے خُدا کے حضُور اپنے ہاتھ کے سب کاموں میں خُوش رہ۔ 19 اور خبردار رہ ۔ کہ جب تک تُو زمین پر رہے ۔ لاوی کو فراموش نہ کر ۔ 20 اور خُداوند تیرا خُدا اپنے وعدہ کے مطُابق تیری سرحدوں کو وسیع کرے ۔ او رتُو کہے کہ میں گوشت کھاؤں گا ۔کیونکہ میرا جی گوشت کھانے کا خواہش مند ہے ۔ تو تُو اپنے دِل کی خواہش کے مطُابق گوشت کھا۔ 21 اور اگر وہ جگہ جِسے خُداوند تیرا خُدا چُن لے گا ۔ کہ اپنا نام وہاں رکھے تجھ سے دُور ہو تو اپنے گائے بیل اور بھیڑ بکری میں سے جِنہیں خُداوند نے تجھے دِیا ہے ۔ذَبح کر ۔ جیسا کہ میَں نے تجھے حکم دِیا ہے۔اور تُو اپنے شہروں میں جو کچھ تیرا جی کر ے ،کھا ۔ 22 جس طرح غزال (چھوٹا ہرن) اور ہرن کھائے جاتے ہیں ۔خواہ تُو پاک ہو خوا ہ ناپاک ۔بِلا تمیز کھا۔ 23 لیکن خبردار تُو خُون نہ کھانا۔ 24 کیونکہ وہ جان ہے ۔چُنانچہ تُو جان کو گوشت کے ساتھ نہ کھا نا ۔ 25 تُو اُسے ہرگز گز نہ کھانا ۔بلکہ پانی کی طرح اُسے زمین پر اُنڈیلنا۔ 26 تُو اُسے نہ کھانا ۔تاکہ تیرا اور تیرے بعد تیری اولاد کا بھلا ہو۔ جبکہ تُو وہ جو خُداوند کی نظر میں راست ہے وہ کرے۔ 27 لیکن تُو اپنی مقُدس چیزیں جو تیرے پاس ہوں اور اپنی مَنتیں اُس جگہ لے جا ۔ جِسے خُداوند چُن لے گا۔ اور اپنی سوختنی قُربانیوں کو گوشت اور خُون خُداوند تیرے خُدا کے مَذبح پر اُنڈیلا جائے گا۔مگر اُن کا گوشت تُو کھائے گا ۔ 28 اَن سب باتوں کو جِن کا میَں تجھے حکم دیتا ہوں تُو مان اور سُن ۔ تاکہ تیرا اور تیرے بعد تیری اولاد کا ہمیشہ تک بھلا ہو ۔ جبکہ تُو وہ جوخُداوند تیرے خُدا کی نگاہ میں نیک اور راست ہے ،کرے گا۔ 29 اور جب خُداوند تیرا خُدا اُن قوموں کو ،جن کا وارث ہونے کو تُو جاتا ہے تیرے آگے سے کاٹ ڈالے ۔ اور تُو اُن کا وارث ہوجائے اور اُن کے ملک میں رہنے لگے ۔ 30 پس تُو اپنے آپ میں خبردار رہ ۔ ایسا نہ ہو کہ اُن کا تیرے سامنے سے فنا ہونے کے بعد بھی تُو اُن کی پیروی کر کے پھندے میں پھنسے ۔ اور اُن کے معبُودوں کی بابت یہ کہہ کر پوچھے۔ کہ یہ قومیں اپنے معبودوں کی کس طرح بندگی کرتی تھیں ۔ کہ میَں ہی ویسا ہی کرُوں ۔ 31 تُو خُداوند اپنے خُدا سے ایسا نہ کرنا ۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے معبُودوں کے لئے ہر ایک مکرُوہیت کی جس سے خُداوند کو نفرت ہے ۔یہاں تک کہ اُنہوں نے اپنے معبوُدوں کے نام پر اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو آگ میں ڈال کر جَلا دِیا۔ 32 اِن سب باتوں پر جِن کا میَں تمہیں حکم دیتا ہوں ۔ تم عمل کرنے کے خواہش مند ہو۔ اُن پر کچھ نہ بڑھانا ۔ اوراُس میں سے کچھ نہ گھٹانا۔