باب

1 خُدا کے احکام کی تابعداری پس تُو خُداوند اپنے خُدا کو پیار کر ۔ اور اُس کی شرع یعنی اُس کے قوانین اور آئین اور احکام کو ہمیشہ یاد رکھ۔ 2 میرا کلام تمہارے بیٹوں سے نہیں ۔جنہوں نے خُداوند تمہارے خُدا کی تنبیہ کو نہ جانا اور نہ دیکھا ۔اُس کی قدُرت اور اُس کے زور آور ہاتھ اور اُس کے بڑھائے ہُوئے بازو کو جان لو۔ 3 اوراُس کی نشانیوں اور کاموں کوبھی جواُس نے مصرمیں مصر کے بادشاہ فرعون سے اور اُس کے تما م ملک سے کئے ۔ 4 اور جو کچھ اُس نے مصریوں کی فوج اور اُن کے گھوڑوں اور اُن کی گاڑیوں کے ساتھ کیِا۔ اور جب اُنہوں نے تمہارا تعاقب کیِا تو کیسے بُحرِ قُلزم کے پانی نے اُنہیں ڈھانپ لیِا اور خُداوند نے کیسے اُنہیں آج کے دِن تک نابوُد رکھا ۔ 5 اور جو کچھ اُس نے بیابان میں تمہارے ساتھ کیِا جب تک کہ تُم اِس مقام میں نہ آئے۔ 6 اور جو کچھ اُس نے داتن اور ا بیرام بنی الیاب بِن روبن سے کیِا۔ جس وقت زمین نے اپنا منُہ کھولا ۔ اور اُنہیں مع اُن کے اسباب اور اُن کے خیموں کو مع اُن کی سب چیزوں کل اِسرائیل کے رُوبرُو نگِل گئی۔ 7 تمہاری آنکھوں نے خُداوند کے یہ سب بڑے بڑے کام جو اُس نے کئے ،دیکھے ۔ 8 پس تم اُن سب حکموں پر عمل کرو جس کا آج کے دِن میَں تمہیں فرمان دیتا ہوں تاکہ تم مضبُوط ہوجاؤ۔ اوراُس کے ملک میں داخل ہو جس کے مالک بننے کے لئے تم پار جاتے ہو۔ اور اُس پر قبضہ کرو ۔ 9 اور تمہارے دِن اُس ملک میں بڑھ جائیں جس کی بابت خُداوند نے تمہارے باپ دادا سے قسم کھائی کہ تمہیں اور تمہاری نسل کا عطا کرے گا ۔ اور جس میں دوُدھ اور شہد بہتا ہے۔ 10 کیونکہ جس ملک پر تُو قبضہ کرنے کو جاتا ہے ۔ وہ ملکِ مصر کی طرح نہیں ۔ جہاں سے تُو نکل آیا ہے ۔جہاں تُو اپنا بیج بو کر اُسے سبزی کے کھیتوں کی طرح آپ پاؤں سے پانی دیتا تھا۔ 11 لیکن جس ملک پر قبضہ کرنے کے لئے پار جاتے ہو ۔ وہ پہاڑوں اور وادیوں کا ملک ہے ۔ اور وہ بارش کے پانی سے سیراب ہُؤا کرتا ہے۔ 12 اُس ملک کی خُداوند تیراخُدا خبر گیری کرتا ہے اور سال کے شُروع سے لے کر آخر تک اُس کی آنکھیں ہمیشہ اُس پر لگی رہتی ہیں۔ 13 پس اگر تم اُن احکام کو سُنو جِن کی بابت آج کے دِن میَں تمہیں فرمان دیتا ہوں۔ اور خُداوند اپنے خُدا کو پیار کرو ۔ اور اپنے سارے دِل اور ساری جان سے اُس کی عبادت کرو۔ 14 تو وہ تمہارے ملک پر عین وقت پر پہلا اور پچھلا مینہ برسائے گا۔اور تُو اپنا غلہ اور اپنی مے اور اپنا تیل جمع کرے گا ۔ 15 اور وہ تیرے چوپایوں کے لئے تیرے کھیتوں میں گھاس اُگائے گا اور تُو کھائے گا ۔ اور سیر ہوگا ۔ 16 خبردار ایسا نہ ہو کہ تمہارے دِل فریب کھا جائیں۔ اور تم پھر جاؤ۔ اور تم اجنبی معبُودوں کی بندگی کرو اور اُنہیں سجدہ کرو ۔ 17 اور خُداوند کا غضب تم پر بھڑکے اور وہ آسمان کو بندکرے ۔ تو مینہ نہ برسے اور زمین اپنا حاصل نہ دے اورتم اُس اچھے ملک سے جو خُداوند تمہیں دے گا جلد ہی فنا ہو جاؤ۔ 18 پس تم میری اِن باتوں کو اپنے دِل اور اپنی جان میں سنبھالے رکھو اور نشان کے طور پر اُنہیں اپنے ہاتھوں پر باندھو اور یہ تمہار ی آنکھوں کے درمیان ٹیکوں کی طرح ہوں۔ 19 اور تم اُنہیں اپنے لڑکوں کو سکِھاؤ اور جس وقت تم اپنے گھروں میں بیٹھو اپنے رستے میں چلو اور لیٹو اور اُٹھو تو اِنہی کا ذکر کیِا کرو ۔ 20 اور تم اُنہیں اپنے گھروں کے دروازوں کی چوکھٹوں پر اور اپنے پھاٹکوں پر لکھو۔ 21 تاکہ جب تک آسمان زمین کے اُوپر ہے تمہارے دِن اور تمہاری اولاد کے دِن اُس ملک میں بہت ہوں۔ جس کی بابت خُداوندنے تمہارے باپ دادا سے قسم کھائی ۔ کہ و ہ تمہیں دے گا۔ 22 کیونکہ اگر تم اُن سب احکام کو، جن کی بابت میَں تمہیں فرمان دیتا ہوں مانو اور اُن پر عمل کرو ۔اور اُس کی سب راہوں میں چلو اور اُس سے لپٹے رہو۔ 23 تو خُداوند اِن سب قوموں کو تمہارے سامنے سے دفع کرے گا اور تم ایسی قوموں کواُن کی ملکیت سے محرُوم کرو گے جو تم سے بڑی اور زورآور ہیں۔ 24 ہر ایک جگہ جہاں تمہارے پاؤں کے تلوے پڑیں گے ، تمہاری ہوجائے گی ۔ بیابان اور لبُنان سے اور بڑ ے دریا یعنی دریائے فُرات سے لے کر مغربی سمنُدرتک تمہاری سرحد ہوگی ۔ 25 کوئی آدمی تمہارے خلاف کھڑا نہ ہو سکے گا ۔ کیونکہ خُداوند تمہارا خُدا تمہارا خوف اور ڈر اُس تمام ملک پر جہاں کہیں تم چلو ، ڈالے گا جیسا اُس نے تمہیں فرمایا ہے۔ 26 دیکھو۔ میَں آج کے دِن میں تمہارے آگے برکت اور لعنت دُونوں رکھتا ہوں۔ 27 برکت اگر تم خُداوند اپنے خُدا کے اُن احکام کو سُنو جن کامیں تمہیں آج کے دِن فرمان دیتا ہوں۔ 28 لیکن لعنت اگر تم خُداوند اپنے خُدا کے احکام کو نہ سُنواور اُس رستے سے پھر جاؤجو میَں آج کے دِن تمہیں دِکھاتا ہوں اور اجنبی معبُودوں کی پیروی کرو جِن سے تم ناواقف تھے ۔ 29 اور جب خُداوند تیر اخُدا تجھے اُس ملک میں داخل کرے جس کا مالک بننے کے لئے تُو جاتا ہے تو تُو برکت کو کوہِ گرزیم پر اور لعنت کو ، کوہِ عیبال پر رکھے گا۔ 30 کیا وہ یردن کے پار واقع نہیں؟یعنی مغرب کی راہ کی پرلی طرف اُن کِنعانیوں کے ملک میں جلجال کے مقُابل مورہ کے بلوُط کے قریب میدان میں رہتے ہیں ۔ 31 کیونکہ تم یردن کے پار جانے والے ہو تاکہ اُس ملک میں داخل ہو جو خُداوند تمہارا خُدا تمہیں عطا کرتا ہے اور اُس پر قبضہ کرو ۔ پس تم اُس کے مالک بنو گے اور اُس میں رہو گے۔ 32 پس احتیاط کر کے اُن سب قوانین اور احکام پر عمل کرو جو میَں آج کے دِن تمہارے سامنے رکھتا ہوں۔