باب

1 خُدا کے خوف کے بارے میں نصیحت اُس وقت خُداوند نے مجھے فرمایا کہ پہلی لوحوں کی مانند اپنے لئے پتّھر کی دو لوحیں تراش کر بنا ۔ اور پہاڑ پر میرے پاس چڑھ آ۔ اور اپنے لئے لکڑی کا ایک صندُوق بنا ۔ 2 اور میَں اُن لوحوں پر وہی احکام لکھ دُوں گا ۔ جو اُن پہلی لوحوں پر تھے جِنہیں تُو نے توڑا ۔ تُو اُنہیں صندُوق میں رکھ لینا ۔ 3 تب میَں نے کیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنایا۔اور پہلی لوحوں کی مانند پتّھر کی دو لوحیں تراشیں اور لوحوں کو لے کرپہاڑ پر چڑھ گیا ۔ 4 تب اُس نے اُن پر پہلی لکھائی کی طرح وہ دس احکام لکھے ۔ جو خُداوندنے پہاڑ پر آگ کے درمیان سے مجمع کے دِن فرمائے تھے اور خُداوندنے اُنہیں مجھے دِیا ۔ 5 تب میَں لوٹ کر پہاڑ سے اُترا اور جیسا خُداوندنے مجھے فرمایا تھا لوحوں کو اُس صندُوق میں رکھا جو میَں نے بنایا تھا ۔ چُنانچہ وہ وہیں ہیں۔ 6 اور بنی اِسرائیل نے بیروت بنی یعقان سے موسیرہ کو کوُچ کیِا ۔ وہاں ہارون نے وفات پائی اور وہیں دفن کیِا گیا ۔ اور اُس کا بیٹا الیعزر اُس کی جگہ کہانت پر ماموُر ہُؤا۔ 7 اور وہاں سے اُنہوں نے جُد جودہ کو کوُچ کیِا اور جُد جودہ سے یوطبات کو جو پانی کی ندیوں کا ملک ہے ۔ 8 اُس وقت خُداوندنے لاوی کے قبیلے کو علیحدہ کیِا ۔ تاکہ خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ۔ اور خُداوند کے حضُور حاضر ہوکر اُس کی خدمت ادا کرے ۔ اور اُس کے نام سے برکت دے۔ آج کے دن تک یُوں ہی ہوتا ہے ۔ 9 اِسی سبب سے لاویوں کو کوئی حصہ یا میِراث اُن کے بھائیوں کے ساتھ نہ ملی۔ کیونکہ خُداوند ہی ان کی میِراث ہے جیسا کہ خُداوند تیرے خُدا نے اُنہیں فرمایا ۔ 10 اور پہلے دِنوں کی طرح میَں پہاڑ پر چالیس دِن اور چالیس رات ٹھہرارہا۔ اور اِس دفعہ بھی خُداوند نے میری سُن لی ۔ اور نہ چاہا کہ تجھے ہلاک کرے ۔ 11 تب خُداوندنے فرمایا کہ اُٹھ اور لوگوں کےآگے کوُچ کرتا ہُؤا چل ۔ تاکہ وہ اُس ملک میں جس کی بابت میَں نے اُن کے باپ دادا سے قسم کھائی تھی ۔ کہ میَں اُنہیں عطا کرُوں گا ، داخل ہوں اور اُس کے مالک بنیں۔ 12 اب اَے اِسرائیل ! خُداوند تیرا خُدا تجھ سے کیا چاہتا ہے ؟ فقط یہ کہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے ڈرے ۔ اُس کی سب راہوں پر چلے ۔ اُسے پیار کرے ۔ اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی عبادت کرے 13 اور اُس کے سب اُن احکام اور قوانین کو مانے جِن کی بابت میَں آج کے دِن تمہیں حکم دیتا ہوںتاکہ تیرا بھلا ہو۔ 14 کیونکہ فلک اور فلک الافلاک اور زمین اور جو کچھ اُس میں ہے ، یہ سب خُداوند تیرے خُدا ہی کا ہے۔ 15 لیکن اُس نے تیرے باپ دادا کو عزیز جانا اور اُنہیں اپنی محبت کا مدُعا بنا لیِا ۔ اور اُن کے بعد اُن کی اولاد کو یعنی تمہیں قوموں کے درمیان سے چُن لیِا۔ جیسا تم آج دیکھتے ہو۔ 16 پس اپنے دِلوں کے غلاف کا ختنہ کرو۔ اور سخت گردن نہ رہو ۔ 17 کیونکہ خُداوند تمہارا خُدا وہی خُداؤں کا خُدا اور خُداوندوں کا خُداوند ہے یعنی وہ خُدائے عظیم و جبّار و مہیب جو منُہ کا لحاظ نہیں کرتا اور رِشوت قبُول نہیں کرتا ۔ 18 وہ یتیموں اور بیواؤں کا انصاف کرنے والا ہے ۔ پردیسی سے وہ محبت رکھنے والا جو اُسے کھانا اور کپڑا دیتا ہے ۔ 19 پس تم پردیسیوں کو پیار کرو ۔ کیونکہ تم بھی مصر کے ملک میں پردیسی تھے ۔ 20 تُو خُداوند اپنے خُدا سے ڈر۔ اور اُسی کی عبادت کر ۔ اُسی سے لپٹا رہ۔ اور اُسی کے نام کی قسم کھا۔ 21 وہی تیرا فخر ہے اور وہی تیرا خُدا ہے ۔ اُسی نے تیرے لئے وہ بڑے بڑے اور ہولناک کام کئے جو تیری آنکھوں نے دیکھے ۔ 22 تیرے باپ جب مصر کو گئے تو ستّرآدمی تھے۔ پر اِس وقت خُداوند تیرے خُدا نے تجھے کثر ت میں آسمان کے ستِاروں کی مانند کر دِیا ہے۔