باب

1 سُلیماؔن کی تقریر تب سُلیماؔن نے کہا۔ خُداوند نے فرمایا۔ کہ مَیں سِیاہ اَبر میں رہُوں گا۔ 2 اَور مَیں نے تیرے رہنے کے لئے ایک گھر بنایاہَے۔ ایک مقام تاکہ اَبد تک تُو اُس میں سکُونت کرے ۔ 3 اَور بادشاہ نے اپنا منہ پھیرا اَور اِسرؔائیل کی تمام جماعت کو برکت دی۔ اَور اِسرؔائیل کی ساری جماعت کھڑی تھی۔ 4 اَور اُس نے کہا۔ مُبارَک ہو خُداوند اِسرؔائیل کا خُدا جس نے میرے باپ داؔؤد کے ساتھ اپنے مُنہ سے کلام کِیا۔ اَور اپنے ہاتھ سے اُسے پُورا کِیا۔ اَور کہا۔ 5 کہ جس روز سے مَیں نے اپنے لوگوں کو مِصؔر کی زمین سے باہر نِکالا۔ مَیں نے اِسرؔائیل کے کِسی قبیلہ میں سے کِسی شہر کو پسند نہ کِیا۔ کہ اُس میں میرے لئے گھر بنایا جائے۔ تاکہ میرا نام وہاں ہو۔ اَور مَیں نے کِسی آدمی کو پسند نہ کِیا۔ کہ میرے لوگوں اِسرؔائیل کاحاکِم ہو۔ 6 لیکن مَیں نے یرُوشلیِؔم کو چُن لِیا۔ تاکہ میرا نام وہاں ہو۔ اَور مَیں نے داؔؤد کو چُن لِیا۔ کہ میرے لوگوں اِسرؔائیل پر حاکِم ہو۔ 7 اَور میرے باپ داؔؤد کے دِل میں تھا۔ کہ خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے لئے ایک گھر بنائے۔ 8 تو خُداوند نے میرے باپ داؔؤد سے کہا۔ چوُنکہ تیرے دِل میں ہَے کہ تُو میرے نام کے لئے ایک گھر بنائے۔ تو تُو نے اچھّا کِیا کہ اپنے دِل میں ایسا ٹھانا۔ 9 لیکن تُو گھر نہ بنائے گا بلکہ تیرا بیٹا جو تیری صُلب سے نِکلے گا۔ وہی میرے نام کے لئے گھر بنائے گا۔ 10 اَور خُداوند نے وہ بات جو کہی تھی پُوری کی۔ اَور مَیں اپنے باپ داؔؤد کی جگہ میں کھڑا ہُؤا اَور اِسرؔائیل کے تخت پر بیٹھا۔ جیسا کہ خُداوند نے فرمایا۔ اَور مَیں نے خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے نام کے لئے گھر بنایا۔ 11 اَور اُس میں مَیں نے وہ صندُوق رکھّا۔ جس کے اندر خُداوند کا عہد ہَے جو اُس نے بنی اِسرؔائیل سے باندھا۔ 12 سُلیماؔن کی دُعا پھِر وہ خُداوند کے مذَبح کے آگے اِسرؔائیل کی تمام جماعت کے سامنے کھڑا ہُؤا اَور اپنے ہاتھ پھیلائے۔ 13 کیونکہ سُلیماؔن نے پِیتل کا ایک مَنبر بنایا تھا۔ جِسے اُس نے صحن کے درمیان رکھّا تھا۔ اُس کا طوُل پانچ ہاتھ اَور عرض پانچ ہاتھ اَور بُلندی تین ہاتھ تھی۔ تو وہ اُس کے اُوپر کھڑا ہُؤا۔ اَور بنی اِسرؔائیل کی تمام جماعت کے سامنے اپنے گُھٹنوں پر جُھکا اَور آسمان کی طرف اپنے ہاتھ پھیلائے۔ 14 اَور کہا۔ اَے خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا! آسمان میں اَور زمین پر تیری مانند کوئی خُدا نہیں تُواپنے بندوں کے لئے جو تیرے حضُور اپنے سارے دِل سے چلتے ہیں عہد اَور رحمت کو یاد رکھتا ہَے۔ 15 جس نے اپنے بندے میرے باپ داؔؤد سے جو کُچھ کہا تھا پُورا کِیا۔ تُو نے اپنے مُنہ سے بات کہی اَور اپنے ہاتھوں سے پُوری کی۔ جیسا کہ آج کے دِن ظاہر کرتا ہَے۔ 16 اَب اَے خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا! اپنے بندے میرے باپ داؔؤد کے لئے اُس وعدے کو پُورا کر جو تُو نے اُس سے کِیا۔ کہ میرے حضُور تیرے لئے اِسرؔائیل کے تخت پر بیٹھنے کے لئے مَرد کی کمی نہ ہوگی۔ بشرطیکہ تیری اولاد اپنی راہوں کی حفاِظت کرے۔ اَور میری شریعت پر چلے۔ جیسا کہ تُو میرے سامنے چلا۔ 17 اَور اَب اَےخُداوند اِسرؔائیل کے خُدا!اپنے اُس قول کو جو تُو نے اپنے بندے داؔؤد سے فرمایا مُستحکم کر۔ 18 لیکن کیا خُدا اصل میں زمین پر بنی نوع انسان کے ساتھ رہے گا؟ دیکھ پوری کائنات اور آسمان کے آسمان میں نہیں سما سکتا۔ تو یہ گھر تو کُچھ بھی نہیں جسے میں نے بنایا۔ 19 اپنے بندے کی دُعا اَور مِنّت کی طرف توجُّہ کر۔ اَے خُداوند میرے خُدا! اَور اپنے بندے کی دُعا اَور اِلتجا کو سُن جو وہ تیرے سامنے کرتا ہےَ۔ 20 تیری آنکھیں دِن اَور رات اِس گھر پر کھُلی رہیں اِس جگہ پر جس کی بابت تُو نے کہا۔ کہ مَیں اپنا نام وہاں رکھُّوں گا۔ کہ تُو اِس دُعا کو سُنے جو تیرا بندہ اِس جگہ کی طرف رُخ کرکے کرتا ہَے۔ 21 اَور تُو اپنے بندے کی مِنّت کو اَور اپنے لوگوں اِسرؔائیل کی دُعا کو قبُول کر جو اِس جگہ کی طرف رُخ کر کے کرتے ہَیں۔ اَور آسمان میں اپنے رہنے کی جگہ میں سے سُن۔ اَور جب تُو سُنے تو رحم کر۔ 22 اگر کوئی اپنے ہمسائے سے بَدی کر۔ے اَور اُسے حلف دینے کے لئے اُس پر قَسم واجِب ہو اَور وہ حلف اُٹھانے کے لئے اِس گھر میں تیرے مذَبح کے سامنے آئے۔ 23 تو تُو آسمان سے سُن اَور عمل کر۔ اَور اپنے بندوں کے درمیان اِنصاف کر۔ کہ شریر کو سزا دے اَور اُس کی روِش کو اُس کے سر پر ڈال۔ اَور راستباز کو پاک ٹھہرا اَور اُس کی راستی کے مُطابِق اُسے اَجر دے۔ 24 اَور جب تیرے لوگ اِسرؔائیل تیرے خلاف گُناہ کرنے کے باعِث اپنے دُشمنوں کے سامنے سے شِکسَت پائیں۔ تب وہ پھِریں اَور تیرے نام کا اِقرار کریں۔ اَور اِس گھر میں تیرے آگے دُعا اَور مِنّت کریں۔ 25 تو تُو آسمان سے سُن۔ اَور اپنی قوم اِسرؔائیل کے گُناہ مُعاف کر۔ اَور اُنہیں اُس مُلک میں واپس لاجو تُو نے اُنہیں اَور اُن کے باپ دادا کو عطا کِیا۔ 26 اَور جب آسمان بند ہو جائے اَور تیرے خلاف اُن کے گُناہوں کے باعِث بارِش نہ ہو۔ اَور وہ اُس جگہ کی طرف رُخ کر کے دُعا کریں۔ اَور تیرے نام کا اِقرار کریں۔ اَور اپنے گُناہوں سے پھِریں۔ جب تُو اُنہیں مُصِیبت میں ڈالے۔ 27 تو تُو آسمان سے سُن۔ اَور اپنے بندوں اَور اپنی قوم اِسرؔائیل کے گُناہ مُعاف فرما۔ اُور اُنہیں نیک راہ کی ہِدایت کر کہ وہ اِس میں چلیں اَور اُس زمین پر جو تُو نے اپنی قوم کو مِیرَاث کے لئے دی بارِش نازِل کر۔ 28 اَور جب مُلک میں قحط یا وَبا یا بادِ سمُوم یا چیپا یا ٹِڈّی یا جھانجھے ہوں۔ اَور جب اُن کے دُشمن اُن کے مُلک کے شہروں میں اُن کا مُحاصرہ کریں اَور جب وہ کِسی مُصیِبت اَور بیماری میں مُبتلا ہوں۔ 29 تو جو دُعا اَور مِنّت خواہ کِسی ایک آدمی اَور خُواہ تیری ساری قوم اِسرؔائیل کی طرف سے ہو۔ جب ہر ایک اپنی بَدی اَور مُصیِبت کو پہچانے اَور اپنے ہاتھ اِس گھر کی طرف پھیلائے۔ 30 تو تُو اپنے رہنے کے مقام آسمان سے سُن اَور مُعاف کر۔ اَور ہر ایک کو اُس کی روِش کے مُطابِق بدلہ دے۔ جیسا کہ تُو اُس کے دِل کو جانتا ہَے۔ کیونکہ تُو ہی اکیلا بنی آدم کے دِلوں کو جانتا ہَے۔ 31 تاکہ وہ اِس مُلک میں جو تُو نے ہمارے باپ دادا کو عطا کِیا۔ اِن سب ایّام میں جِن میں وہ زِندہ ر ہیں۔ تُجھ سے ڈریں اَور تیری راہوں پر چلیں۔ 32 اگرکوئی اجنبی جو تیری قوم اِسرؔائیل سے نہ ہو تیرے عظیم نام اَور تیرے دستِ قادِراَور تیرے بڑھائے ہُوئے بازُو کی خاطِر دُور کے مُلک سے آئے۔ اَور آ کر اِس گھر کی طرف رُخ کرکے دُعا کرے۔ 33 توتُو آسمان سے اپنے رہنے کے مقام سے سُن۔ اَور سب جو کُچھ اُس اجنبی نے تُجھ سے اُس میں مانگا۔ اُس کے مُطابِق کر۔ تاکہ زمین کی سب قومیں تیرے نام کو پہچانیں۔ اَور تیری قوم اِسرؔائیل کی مانند تُجھ سے ڈریں اَور جانیں کہ تیرا نام اُس گھرمیں پُکارا جاتا ہے جِسے مَیں نے بنایا۔ 34 اَور جب تیری قوم اپنے دُشمنوں کے خلاف لڑائی کے لئے اُس راہ پر نِکلے جس میں تُو اُنہیں بھیجے۔ اَور وہ تیرے پاس اِس شہر کی طرف جِسے تُو نے چُن لِیا اَور اِس گھر کی طرف رُخ کر کے دُعا کرے جِسے مَیں نے تیرے نام کے لئے بنایا۔ 35 تو تُو آسمان سے اُن کی دُعائیں اَور اُن کی مِنّتیں سُن۔ اَور اُن کا اِنصاف کر۔ 36 اَور جب وہ تیرے خلاف گُناہ کریں۔ کیونکہ کوئی اِنسان نہیں جو گُناہ نہیں کرتا ہَے اَور تُو اُن سے غُصّے ہو اَور اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے حوالے کرے۔ اَور وہ اُنہیں کِسی دُور یا نزدِیک کے مُلک میں اسیر کر کے لئے جائیں۔ 37 پھِر اُس مُلک میں جس میں وہ اسیر ہو کر گئے اُن کے دِل تبدیل ہوں۔ اَور وہ اپنی اسیری کے مُلک میں تائب ہوں اَور تیری مِنّت کریں اَور کہیں کہ ہم نے گُناہ کِیا ہم نے شرارت کی اَور ہم نے قصُور کِیا۔ 38 اَور اپنے سارے دِلوں سے اَور اپنی ساری جانوں سے اپنی اسیری کے مُلک میں جس میں وہ اسیر ہُوئے تیرے پاس آئیں۔ اَور اپنے مُلک کی طرف جو تُو نے اُن کے باپ دادا کو عطا کِیا اَور اُس شہر کی طرف جِسے تُو نے چُن لِیا۔ اَور اِس گھر کی طرف رُخ کر کے دُعا کریں جو مَیں نے تیرے نام کے لئے بنایا ہَے۔ 39 تو تُو آسمان یعنی اپنے رہنے کی جگہ سے اُن کی دُعا اَور اُن کی مِنّتیں سُن اَور اُن کا اِنصاف کر۔ اَور اپنی قوم کو جس نے تیراگُناہ کِیا مُعاف فرما۔ 40 اَور اَب اَے میرے خُدا! ہر ایک دُعا جو اِس مقام میں کی جائے۔ اُس کی طرف تیری آنکھیں کُھلی اَور تیرے کان متُوجّہ رہیں۔ 41 اَوراب اَے خُداوند خُدا۔ اپنی آرام گاہ کو جانے کے لئے اُٹھ۔ تُو اَور تیری عظمت کا صندُوق۔ اَے خُداوندخُدا۔تیرے کاہِن نجات سے مُلبَّس ہوں اَور تیرے مُقدّس نیکی سے شادمان ہوں۔ 42 اَے خُداوند خُدا۔ اپنے ممسُوح کے چہرہ کو نہ پھیر۔ اَور اپنے بندے داؔؤد کی مہربانیاں یادکر۔