باب

1 صندوق شہادت کا لایا جانا اَور جب وہ سب کا م تمام ہُؤا جو سُلیماؔن نے خُداوند کے گھر کے لئے کِیا۔ تُو سُلیماؔن اپنے باپ داؔؤد کی مخصوص شُدہ چاندی اَور سونے کی چیزوں اَور برتنوں کو لایا۔ اَور اُنہیں خُدا کے گھر کے خزانوں میں رکھّا۔ 2 تب سُلیماؔن نے اِسرؔائیل کے بزُرگوں اور قبیلوں کے تمام سرداروں اور بنی اِسرؔائیل کے آبائی رئیسوں کو اپنے پاس یرُوشلیِؔم میں جمع کِیا۔ تاکہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کو داؔؤد کے شہر سے جو صیون ہَے، اُٹھا لائیں۔ 3 تو ساتویں مہینے میں عید کے روز اِسرؔائیل کے تمام لوگ بادشاہ کے پاس جمع ہُوئے۔ 4 اَور اِسرؔائیل کے سب بزُرگ آئے۔ اَور لاویوں نے صندُوق کو اُٹھایا۔ 5 اَور وہ صندُوق مع خَیمہ اجتماع اَور خَیمہ کے تمام پاک ظُرُوف کے اُٹھا کر لائے۔ کاہِن اَور لاوی اُنہیں اُٹھا کر لائے۔ 6 اَور سُلیماؔن بادشاہ اَور سارے اِسرؔائیل کی جماعت نے جو اُس کے پاس جمع تھی صندُوق کے آگے بے شُمار بھیڑ بکریاں اَور گائے بَیل ذَبح کِئے جو کثرت ے باعِث گِنے نہ گئے۔ 7 اَور کاہِنوں نے خُداوند کے صندُوق کو اندر لا کر اُس کی جگہ میں گھر کی محِراب کے اندر پاک ترین مکان میں کرُّوبیوں کے پَروں کے نیچے رکھّا۔ 8 اَور کرُّوبیوں کے پر صندُوق کی جگہ کے اُوپر پھیلے ہُوئے تھے۔ اَور اُوپر سے صندُوق کو اَور اُس کی چوبوں کو چھُپاتے تھے۔ 9 اَور چوبیں لمبی تھیں۔ یہاں تک کہ اُن کے سِرے صندُوق سے محِراب کے سامنے کی جگہ میں نظر آتے تھے۔ مگر باہر سے دِکھائی نہ دیتے تھے۔ اور وہ آج کے دِن تک وہاں ہی ہَیں۔ 10 اَور صندُوق کے اندر کُچھ نہ تھا۔ مگر دو لَوحیں جِنہیں مُوسؔیٰ نے حورِؔب میں اُس کے اندر رکھّا تھا جب خُداوند نے بنی اِسرؔائیل سے اُن کے مِصؔر سے نِکلنے کے وقت عہد باندھا۔ 11 اَور ایسا ہُؤا کہ جب کاہِن مَقدِس سے باہر نِکلے(کیونکہ سب کاہِن جو موجُود تھے اپنی باریوں کا لحاظ کِئے بغیر اپنے آپ کو پاک کر کے آئے تھے۔ 12 اَور لاوی جو گاتے تھے وہ سب کے سب جیسے آسف اَور ہیماؔن اَور یدُوتوؔن اَور اُن کے بیٹے اَور اُن کے بھائی کَتانی لباس پہنے ہُوئے اَور جھانجھ اَور بانسری اَور بربط لئے ہُوئے مذبح کے مشرقی کِنارے پر کھڑے تھے۔ اَور اُن کے ساتھ ایک سَو بیس کاہِن نرسِنگے پھُونک رہے تھے)۔ 13 تو وہ نرسِنگے پھُونکتے اَور گیت گاتے ہوئے ایک آدمی کی مانند تھے۔ اَور خُداوند کی حمد اَور شُکر گُزاری میں اُن کی آواز ایک ہی سُنائی دیتی تھی۔ اَور جب اُنہوں نے نرسِنگوں اَور جھانجھوں اَور موسیقی کے سازوں سے اپنی آواز بُلند کی کہ "خُداوند کی سِتائش کرو کیونکہ وہ نیک ہَے۔ کیونکہ اُس کی رحمت اَبد تک ہَے" تو گھر یعنی خُداوند کا گھر بادِل سے بھر گیا۔ 14 اَور کاہِنوں کو بادِل کے باعِث خدمت کرنے کے لئے ٹھہرنے کی طاقت نہ رہی۔ کیونکہ خُداوند کے جلال نے خُداوند کے گھر کو بھر دِیا تھا۔