باب

1 ہیکل کا باقی سامان اَور اُس نے پِیتل کا مذَبح بنایا۔ طوُل بیس ہاتھ اَور عرض بیس ہاتھ اَور بُلندی دس ہاتھ۔ 2 اَور اُس نے ڈھالا ہُؤا گول حوض بنایا۔ اُس کا قطر ایک کِنارے سے دُوسرے کِنارے تک دس ہاتھ۔ اَور اُس کی بُلندی پانچ ہاتھ۔ اَور اُس کا مُحِیط تیس ہاتھ تھا۔ 3 اَور اُس کے نیچے ہر طرف بیلوں کی صورتیں اُس کے گرداگرد دس ہاتھ تک تھیں اَور وہ حوض کو گھیرتی تھیں۔ 4 ۔وہ بارہ بَیلوں پر رکھّا ہُؤا تھا۔ اُن میں سے تین کا مُنہ شِمال کی طرف اَور تین کا مغرب کی طرف اَور تین کا جنُوب کی طرف اَور تین کا مشرق کی طرف تھا۔ اَور حوض اُن کے اُوپر تھا۔ اَور اُن کے سب پچھلے حِصّے اندر کی طرف کو تھے۔ 5 اَور اُس کی موٹائی بالِشت بھر اَور اُس کے کِنارے پیالے کے کِنارے کی طرح سوسن کے پُھول کی مانند تھے۔ اَور اُس کی گُنجائش تین ہزار بَت کی تھی۔ 6 پھِر اُس نے دس حوض بنائے ۔اُن میں سے پانچ دائیں طرف اَور پانچ بائیں طرف رکھّے تاکہ اُن میں سب چیزیں جو سوختنی قُربانی کے لئے چڑھائی جانے کو تھیں دھوئی جائیں۔ اَور حوض کاہِنوں کے وُضُو کے لئے تھا۔ 7 اَور اُس نے سونے کے دس شمعدان اُن کے حُکم شُدہ شکل کے مُطابِق بنائے۔ اَور وہ ہیکل میں پانچ دائیں طرف اَور پانچ بائیں طرف رکھّے۔ 8 اَور اُس نے دس میزیں بنائیں۔ اَور ہَیکل میں پانچ دائیں طرف اور پانچ بائیں طرف رکھیں۔ اَور اُس نے سونے کے سَو پیالے بنائے۔ 9 اَور اُس نے کاہِنوں کا صحن اَور بڑا صحن اَور صحن کے کواڑ بنائے۔ اَور کواڑوں کو پِیتل سے مَڑھا۔ 10 اَور اُس نے حوض کو دہنی جانِب مشرق کو جنُوب کی طرف رکھّا۔ 11 اَور حورام نے دیگیں اَور کَڑچھے اَور پیالے بنائے۔ اَور حُورؔام اُس کا م سے فارِغ ہُؤا جو اُس نے خُدا کے گھر میں سُلیماؔن بادشاہ کے لئے کِیا۔ 12 دو ستُون اَور دو گولے اَ ور دو ٹوپ جو ستُونوں کے سروں کے لئے تھے۔ اَور دوجالیاں جو دونوں ٹوپوں کے گولوں کو ڈھانپتی تھیں۔ 13 اَور چار سَو اَنار دونوں جالیوں کے لئے تھے۔ ہر ایک جالی کے لئے اَناروں کی دو قطاریں تاکہ ٹوپوں کو جو ستُونوں کے سر پر تھے ڈھانپیں۔ 14 اَور چوکیاں اَور حوض جو چوکیوں پر تھے۔ 15 اَور ایک حوض اَور بارہ بَیل جو اُس کے نیچے تھے۔ 16 اَور دیگیں اَور کَڑچھے اَور پیالے اَور حوراؔم نے سب ظرُوف سُلیماؔن بادشاہ کے لئے خُدا کے گھر کے واسطے صاف شُدہ پِیتل کے بنائے۔ 17 بادشاہ نے اُنہیں یردن کے میدان میں سکاؔت اَور صرؔیدا کے درمیان چِکنی مِٹّی میں ڈھالا۔ 18 اَور سُلیماؔن نے یہ سب ظروُف نہایت کثرت سے بنوائے۔ یہاں تک کہ پِیتل کا وزن تحِقیق نہ ہو سکا۔ 19 اَور سُلیماؔن نے خُدا کے گھر کے سب ظرُوف بنائے اَور سونے کا مذبح اور میزیں جِن پر نَذَر کی روٹیاں تھیں۔ 20 اَور شمعدان اَور اُن کے چراغ خالِص سونے کے تاکہ حُکم کے مُطابِق مِحراب کے سامنے جَلتے رہیں۔ 21 اَور پھوُل اَور چراغ اَور چمٹے سونے کے۔ سب خالِص سونے کے تھے۔ 22 اَور گُلگیِر اَور پیالے اَور طاس اَور بُخور سوز خالِص سونے کے تھے۔ اَور پاکترین مکان کے اندرونی دروازے کے کواڑ سونے کے تھے۔