باب

1 ہیکل کا خاکہ اور اُس کی آرائش اَور سُلیماؔن نے خُداوند کا گھر یرُو شلیِؔم میں کوہِ مورؔیاہ پر جو اُس کے باپ داؔؤد کو دکھایا گیا تھا تعمیر کر نا شُروع کِیا۔ اُس جگہ میں جِسے داؔؤد نے ارنؔان یبُوسی کے کَھلیان میں تیاّر کِیا تھا۔ 2 اُس کی سَلطنَت کے چوتھے برس کے دُوسرے مہینے کے دُوسرے دِن میں تعمیر شرُوع ہُوئی۔ 3 اَور بُنیاد یں جو سُلیماؔن نے خُداوند کے گھر کی عمار ت کے لئے رکھیں یہ تھیں۔ طُول میں ساٹھ ہاتھ قدیم ناپ کے مُطابق۔ اَور عرض میں بیس ہاتھ۔ 4 اَور سامنے کا برآمدہ طُول میں بیس ہاتھ گھر کے عرض کے برابر اَور ایک سَو بیس ہاتھ بُلندی۔ اَور اندروار اُسے خُالِص سونے سے مَڑھا۔ 5 اَور بڑے گھر کی چھت اُس نے صنوبر کی لکڑی کی بنائی۔ اَور اُس پر خالِص سونے کی چادریں لگائیں اَور اُن پر کھجُوریں اَور زنجیریں بنائیں۔ 6 اَور خوبُصورتی کے لئے گھر میں قیمتی پتّھر جَڑے۔ اَور سونا پروؔائم کا سونا تھا۔ 7 اَور گھر کے شہتیروں اَور سُتونوں اَور دِیواروں اَور کواڑوں کو خالِص سونے سے مَڑھا۔ اَور دِیواروں پر کرُّوبیوں کا نَقّش کِیا۔ 8 اَور اُس نے پاک ترین مکان گھر کے عرض کے مُوافِق بیس ہاتھ طُول میں اَور بیس ہاتھ عرض کا بنایا۔ اَور چھ سَو قنطار خالِص سونے کی چادریں اُس میں لگائیں ۔ 9 اَور کِیلوں کا وزن پچاس مِثقال سونا تھا۔ اَور اُوپر کے حُجروں کو اُس نے سونے سے مَڑھا۔ 10 اورپاک ترین مکان میں اُس نے دو کرُّوبیوں کے مجسّمے بنائے اَوراُنہیں سونے سے مَڑھا۔ 11 اَور کرُّوبیوں کے پَروں کی لمبائی بیس ہاتھ۔ ایک پَر پانچ ہاتھ کا گھر کی دِیوار کو چھُوتا اَور دُوسرا پَر پانچ ہاتھ کا دُوسرے کرُّوبی کے پَر سے مِلا ہُؤا تھا۔ 12 اَور دُوسرے کرُّوبی کا پَر پانچ ہاتھ کا گھر کی دِیوار کو چھُوتا اَور دُوسرا پَر پانچ ہاتھ کا دُوسرے کرُّوبی کے پَر سے مِلا ہُؤاتھا۔ 13 اَور اِن دونوں کرُّوبیوں کے پَر پھلے ہُوئے بیس ہاتھ تھے۔ اَور وہ اپنے پاؤں پر کھڑے تھے۔ اَور اُن کے مُنہ گھر کی طرف تھے۔ 14 اَور اُس نے ایک پردہ فیروزی اَور اَرغوانی اَور قِرمزی اَور بارِیک کَتان کا بنایا اَور اُس پر کرُّوبیوں کی تصویریں بنائیں۔ 15 اَور اُس نے گھر کے آگے دو ستُون بنائے۔ اُن کا طُول پینِتیس ہاتھ۔ اَور اُن کے سروں پر دو ٹوپ پانچ ہاتھ کے تھے۔ 16 اَور اُس نے ہاروں کی زنجیریں بنائیں۔ اَور اُنہیں ستُونوں کے سروں پر لگایا۔ اَور اُس نے ایک سَو اَنار بنائے۔ اَور اُنہیں زنجیروں کے درمیان رکھّا۔ 17 اَور اُس نے دونوں ستُون ہَیکل کے سامنے کھڑے کِئے۔ ایک دہنی طرف اَور ایک بائیں طرف۔ اَور دائیں کا یاکِیؔن نام رکھّا اَور بائیں کا بوؔعز۔