باب

1 ہیکل کی تعمیر کی تیاری اَور سُلیمؔان نے خُداوند کے نام کے لئے گھر بنانے اَور اپن سَلطنَت کے لئے گھر بنانے کا فیصلہ کِیا۔ 2 اَور سُلیماؔن نے ستّر ہزار بار برداروں اَور پہاڑوں میں اَسّی ہزار سنگ تراشوں کو گِنا اَور تین ہزار چھ سَو آدمی اُن کے کام کو دیکھنے والے تھے۔ 3 اَور سُلیماؔن نے صُوؔر کے بادشاہ حورام کے پاس کہلا بھیجا۔ کہ جیسا تُو نے میرے باپ داؔؤد سے کِیا۔ اَور اُسے دِیودار بھیجے تاکہ وہ اپنے رہنے کے لئے گھر تعمیر کرے۔ 4 اَور میرے ساتھ بھی تُو ایسا ہی کر۔ کیونکہ مَیں خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لئے ایک گھر بنانے لگا ہُوں۔ تاکہ اُسے اُس کے لئے مُقدّس کرُوں۔ اَور اُس کے آگے خُوشبُودار بخُور جَلاؤں۔ اَور کہ وہ دائمی نَذَر کی روٹی کے لئے اَور سبتوں اَور نئے چاندوں اَور خُداوند اپنے خُدا کی عیدوں میں جو اِسرؔائیل پر دائمی فرض ہَیں صُبح اَور شام کی سوختنی قُربانیوں کے لئے ہو۔ 5 اَور جو گھر مَیں بنانے کو ہُوں عظیم گھر ہَے کیونکہ ہمارا خُدا سب مَعبُودوں سے بڑھ کر عظیم ہَے 6 اَور کِس کی طاقت ہَے کہ اُس کے لئے گھر بنائے؟ دیکھ نہ صرف آسمان بلکہ آسمانوں کے آسمان میں کیا وہ سما سکتا ہے؟کیا میں اُس کے حضور بخور جلانے (قربانی چڑھانے ) کے سوا کسی اور خیال سے گھر بنا سکتا ہوں؟ 7 اَب تُو میرے پاس ایک آدمی بھیج۔ جو سونے اَور چاندی اَور پیتل اَور لوہے اَور اَرغوان اَور قرمز اَور بنفشی کام میں ہُنر مند ہو۔ اَور اُن کاریگروں کے ساتھ جو یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم میں میرے پاس ہَیں جِنہیں میرے پاب داؔؤد نے مُقرّر کِیا نَقّاشی کرنے میں ماہر ہو۔ 8 اَور مُجھے لُبنؔان سے دِیودار اَور صنوبر اَور صندل کے لٹھّے بھیج۔ کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تیرے خادِم لُبناؔن سے لکڑی کاٹنے میں ہُنرمند ہَیں اَور میرے نوکر تیرے خادِموں کے ساتھ ہوں گے۔ 9 تو وہ میرے لئے بکثرت شہتیریاں تیاّر کریں۔ کیونکہ گھر جو مَیں بنانے کو ہُوں نہایت ہی عالی شان ہوگا۔ 10 اَور مَیں اُن کاٹنے والوں کو جو لٹّھے کاٹیں گے تیرے خادموں کی خُوراک کے لئے بیس ہزار کُر گیہُوں اَور بیس ہزار کُر جَو اَور بیس ہزار بَت مَے اَور بیس ہزار بَت تیل کے دُوں گا۔ 11 تب صُؔور کے بادشاہ حورؔام نے سُلیماؔن کے پاس خط بھیج کر کہا۔ کہ خُداوند نے اپنے لوگوں کی مُحبّت کے باعِث تُجھے اُن پر بادشاہ بنایا۔ 12 اَور حورؔام نے کہا۔ کہ خُداوند اِسرؔائیل کا خُدا آسمان اَور زمین کا بنانے والا مُبارَک ہو۔ جس نے داؔؤد بادشاہ کو ایک دانِشمند صاحبِ معرفت اَور فہیم بیٹا عطا کِیا۔ تاکہ خُداوند کے لئے ایک گھر اَوراپنی سَلطنَنت کے لئے ایک گھر بنائے۔ 13 اَور اَب مَیں نے تیرے پاس حوراؔم ایک ماہر صاحب ِ فہم آدمی بھیجا ہَے۔ 14 وہ داؔن کی بیٹیوں میں سے ایک عورت کا بیٹا ہَے اَور اُس کا باپ صُوؔر کا ایک آدمی تھا۔ وہ سونے اَور چاندی اَور پِیتل اَور لوہے اَور پتّھر اَور لکڑی اَور اَرغوانی اَور فیروزی اَور کَتانی اَور قِرمزی اَور نَقّاشی کی تمام کارِیگری اَور ہر ایک بات کے اِیجاد کرنے کے کاموں میں ہُوشیار ہَے۔ کہ وہ تیرے کاریگروں اَور میرے آقا تیرے باپ داؔؤد کے کارِیگروں کے ساتھ مُقرّر کِیا جائے۔ 15 اَور اَب وہ گیہُوں اَور جوَ اَور تیل اَور مَے جِن کی بابت میرے آقا نے بات کی ہَے اپنے خادِموں کے لئے بھیجے جائیں۔ 16 اَور ہم تیری تمام ضرُورت کے مُوافِق لُبناؔن سے لٹھّے کاٹیں گے۔ اَور ہم اُن کا بیَڑا بندھوا کر تیری طرف سمُندر کی راہ یاؔفا میں بھیجیں گے اَور تُو اُنہیں یرُوشلیِؔم میں اُٹھوا لے جانا۔ 17 اَور سُلیماؔن نے اُس شُمار کے بعد جو اُس کے باپ داؔؤد نے کِیا تھا۔ اُن سب پردیسیوں کو شُمار کِیا جو اِسرؔائیل کے مُلک میں تھے۔ تو وہ ایک لاکھ تِرپّن ہزاراور چھ سَو ہوئے۔ 18 تو اُس نے اُن میں سے ستر ہزا ر بار بردار اور اَسی ہزار پہاڑوں میں پتھر کاٹنے والے لئے اور اُن پر تین ہزار چھ سو ناظر مُقرّر کِئے جو اُن لوگوں کے کام کو دیکھیں۔