باب

1 خداوند کا ظہور جب سُلیماؔن نے دُعا ختم کی۔ تو آسمان سے آگ نازِل ہُوئی۔ اَور سوختنی قُربانی اَور ذَبیحوں کو کھا گئی۔اَور گھر خُداوند کے جلال سے بھر گیا۔ 2 تو کاہِن خُداوند کے گھر میں داخِل نہ ہو سکے۔ کیونکہ خُداوند کے جلال نے خُداوند کے گھر کو بھر دِیا تھا ۔ 3 اَور تمام بنی اِسرؔائیل نے آگ کا نازِل ہونا اَور گھر پر خُداوند کا جلال دیکھا۔ تو وہ اپنے مُنہ کے بَل زمین تک فرش پر گِرے اَور سجَدہ کِیا اَور کہا کہ"خُداوند کی سِتائش کرو کیونکہ وہ نیک ہَے کیونکہ اُس کی رحمت اَبد تک ہَے"۔ 4 تب بادشاہ اَور سب لوگوں نے خُداوند کے آگے ذَبیحے ذَبح کئے۔ 5 اَور سُلیماؔن بادشاہ نے بائیس ہزار بَیل اَور ایک لاکھ بیس ہزار بھیڑیں قُربانی گُزرانیں۔ اَور بادشاہ نے اَور تمام لوگوں نے خُدا کے گھر کی تَقدِیس کی۔ 6 اَور کاہِن اپنی خدمت کے لئے کھڑے تھے اَور لاوی بھی خُداوند کے لئے اُن باجوں کے ساتھ جو داؔؤد نے بنائے تھے۔تا کہ یہ راگ بجائیں"خُداوند کی سِتائِش کرو۔ کیونکہ اُس کی رحمت اَبد تک ہَے" اَور اپنی خدمت گُزاری میں داؔؤد کا گیت گاتے تھے۔ اَور کاہِن اُن کے آگے نرسِنگے پھُونکتے رہے۔ اَور سب اِسرؔائیل کھڑا ہُؤا۔ 7 اَور سُلیماؔن نے صحن کے درمیان کی تَقدِیس کی۔ جو خُداوند کے گھر کے آگے تھا۔ کیونکہ اُس نے سوختنی قُربانیوں اَور سلامتی کے ذَبیحوں کی چربیوں کووہاں گُزرانا تھا۔ اِس لئے کہ پِیتل کا مذَبح جو سُلیماؔن نے بنایا تھا۔ سوختنی قُربانیوں اَور نَذَر کی قُربانیوں اَور چربیوں کے لئے گُنجائش نہ رکھتا تھا۔ 8 اَور اُس وقت سُلیماؔن نے سات دِن عید کی۔ اَور اُس کے ساتھ تمام اِسرؔائیل کی حماؔت کے مدَخِل سے لے کر مِصؔر کی وادی تک کی نہایت بڑی جماعت تھی۔ 9 اَورآٹھویں دِن میں اُنہوں نے محِفل کی۔ چُونکہ اُنہوں نے سات دِن میں مذَبح کی تَقدِیس کی۔ اَور سات دِن تک عید کی تھی۔ 10 اِس لئے ساتویں مہینے کے تئیسویں دِن اُس نے لوگوں کو اپنے خَیموں کی طرف رُخصت کِیا۔ وہ سب اُس نیکی کے باعِث خُوش اَور شادمان دِل تھے جو خُداوند نے داؔؤد اَور سُلیماؔن اوراَپنے لوگوں اِسرؔائیل سے کی۔ 11 اَور سُلیماؔن خُداوند کے گھر سے اَور بادشاہ کے گھر سے فارِغ ہُؤا۔ اَور جو کُچھ کہ سُلیماؔن کے دِل میں تھا کہ خُداوند کے گھر میں اَور اپنے گھر میں بنائے اُس میں کامیاب ہُؤا۔ 12 اَور رات کے وقت خُداوند سُلیماؔن پر ظاہر ہُؤا۔ اَور اُس سے کہا۔ کہ مَیں نے تیری دُعا سُنی ہَے اَور مَیں نے اِس مقام کو اپنے لئے ذَبیحہ کا گھر چُن لِیا ہَے۔ 13 اگر مَیں آسمان کو بند کرُوں کہ بارش نہ ہو۔ یا ٹِڈّی کو زمین کے کھا جانے کا حُکم کرُوں ۔ یا وَبا اپنے لوگوں میں بھیجُوں۔ 14 تو اگر میرے لوگ جِن پر میرا نام پُکارا جاتا ہَے فروتنی کریں اَور دُعا مانگیں اَور میرے چہرے کو ڈھونڈیں۔ اَور اپنی بُری راہوں سے پھِریں۔ تو مَیں آسمان پر سے سُنوں گا۔ اَور اُن کے گُناہ بخشُوں گا اَور اُن کے مُلک کو شِفا دُوں گا۔ 15 اَور اَب اُس دُعا پر جو اِس مقام میں کی جائے گی میری آنکھیں کھُلی اَور میرے کان مُتوجّہ رہیں گے۔ 16 اَور مَیں نے اِس گھر کو چُن لِیا ہَے اَور اِسے مُقدّس کِیا ہَے۔ تاکہ میرا نام اِس میں اَبد تک رہے۔ میری آنکھیں اَور میرا دِل مُستِقل طور پر یہاں ہوں گے۔ 17 اوراگر تو میرے آگے اُس طرح چلے جیسا کہ تیار باپ داؤد چلا اور جو کچھ میں نے تجھے حکم دیا ہے اُس پر عمل کرے ۔ اور میرے قوانین اور احکام کو مانے۔ 18 تو مَیں تیری سَلطنَت کا تخت برقرار رکھُّوں گا۔ جیسا کہ مَیں نے تیرے باپ داؔؤد سے عہد کر کے کہا۔ کہ تیرے لئے تیری نسل میں سے مَرد کی کمی نہ ہوگی جو اِسرؔائیل پر حُکومت کرے۔ 19 پر اگر تُم برگشتہ ہو جاؤ اَور میرے قِوانیِن اَور اَحکام کو ترک کرو جِنہیں مَیں نے تُمہارے سامنے رکھّا ہَے اَور جا کر اجنبی مَعبُودوں کی پرستِش کرو اَور اُنہیں سجَدہ کرو۔ 20 تو مَیں اُنہیں اُس مُلک سے اُکھاڑ ڈالوں گا جو مَیں نے اُنہیں عطا کِیا۔ اَور اِس گھر کو جِسے مَیں نے اپنے نام کے لئے مُقدّس کِیا ہَے اپنے حضُور سے دُور کرُوں گا۔ یہ سب اقوام میں ایک کہاوت اَور ضرب المثل ہو گا۔ 21 اور یہ اعلیٰ گھر ہے جو ہر ایک کے لئے تعجب خیز ہوگا تو جو کوئی اِس کے قریب سے گُزرے گا ،حیران ہو گا اور کہے گا،خُداوندنے اُس مُلک اور گھر کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟ 22 تو جَواب دِیا جائے گا۔ کیونکہ اُنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو جو اُنہیں مُلک مِصؔر سے باہر نِکال لایا چھوڑ دِیا۔ اَور اجنبی مَعبُودوں کو اِختیار کِیا اَور اُنہیں سَجدہ کِیا اَور اُن کی پرستِش کی۔ تو اِس لئے کہ اُس نے یہ سب بَلا اُن پر نازِل کی ہَے۔