باب

1 عیدِ فسح کی بحالی اَور یوسیاہ نے یرُوشلیِؔم میں خُداوند کے لئے فسح تیار کِیا۔ اَور اُنہوں نے پہلے مہینے کے چودھویں دِن فَسح تیار کی۔ 2 اَور اُس نے کاہِنوں کو اُن کی خدمت پر مُقرّر کِیا۔ اَور خُداوند کے گھر کی خدمت کے لئے اُنہیں نصِیحت کی۔ 3 اَور اُس نے لاویوں سے جو تمام اِسرؔائیل کو تعلیم دیتے تھے اَور جو خُداوند کے لئے مخصُوص تھے۔ کہا۔ کہ مُقدّس صندُوق کو اُس گھر میں رکھّو جو شاہِ اِسرؔائیل سُلیماؔن بِن داؔؤد نے بنایا۔ اَور پھِر تُم اُسے کندھوں پر نہ اُٹھاؤ گے اَور اَب تُم خُداوند اپنے خُدا کی اَور اُس کی قوم اِسرؔائیل کی خدمت کرو۔ 4 اَور اپنے آبائی گھرانوں کے مُطابِق اَور اپنی باریوں کے جو شاہِ اِسرؔائیل داؔؤد نے ٹھہرائیں اَور جِس طرح سے کہ اُس کے بیٹے سُلیماؔن نے لِکھا۔ تُم اپنے آپ کو تیاّر کرو۔ 5 اَور تُم قوم کے فرزندوں یعنی اپنے بھائیوں کے آبائی گھرانوں کی باریوں اور لاویوں کے آبائی گھرانوں کی تقسیم کے مُطابِق مَقدس میں کھڑے ہو۔ 6 اَور فسح تیار کرو۔ اَور پاک ہو۔ اَور اُسے اپنے بھائیوں کے لئے تیاّر کرو۔ کہ جو کُچھ خُداوند نے مُوسؔیٰ کی زبان سے فرمایا تھا اُس کے مُطابِق کریںَ ۔ 7 اَور یوسیاہ نے لوگوں کے لئے برّوں اَور حلوانوں کے ریوڑ اُن سب کو جو موجُود تھے فسَح کرنے کے لئے دِیئے۔ جو تعداد میں تیس ہزار تھے۔ اَور تین ہزار بَیل تھے ۔ یہ سب بادشاہ کی مِلکیّت میں سے تھے۔ 8 اَور سرداروں نے بھی خُوشی سے لوگوں اَور کاہنوں اَور لاویوں کے لئے دِیئے۔ تو خُدا کے گھر کے سرداروں خلقیاہ اَور زِکرؔیاہ اَور یحیئیل نے کاہِنوں کو فسح کے لئے دو ہزار چھ سَو بھیڑ بکریاں اَور تین سَو گائے بَیل دیئے۔ 9 اَور کُنعَنؔیاہ اَور سِمعَؔیاہ اَور نَتِنؔئیل اُس کے بھائی اَور حَسبیاہ اَور یعیؔ ایل اَور یوزبد لاویوں کے سرداروں نے لاویوں کو فسَح کے واسطے پانچ ہزار بھیڑ بکریاں اَور پانچ سَو گائے بیَل دیئے۔ 10 سو عِبادَت کا سامان تیاّر ہُؤا۔ اَور بادشاہ کے حُکم کے مُطابِق کاہِن اپنی جگِہوں میں اَور لاوی اپنی باریوں میں کھڑے ہُوئے۔ 11 اَور اُنہوں نے فسح ذَبح کی اَور کاہِنوں نے اُن کے ہاتھ سے خُون لے کر چھڑکا۔ اَور لاوی کھال اُتار تے تھے۔ 12 اَور اُنہوں نے سوختنی قُربانی الگ کی تاکہ قوم کے فرزندوں کو اُن کے آبائی گھرانوں کی تقسیم کے مُطابِق دیں تاکہ خُداوند کے حضُور چڑھائیں۔ جیسا کہ مُوسؔیٰ کی کِتاب میں لِکھا ہَے۔ اَور ایسا ہی اُنہوں نے بَیلوں سے کِیا۔ 13 اَور اُنہوں نے دستُور کے مُطابِق فسح کو آگ پر بُھونا۔ مگر پاک نَذّروں کو دیگوں اَور ہانڈیوں اَور کڑاہیوں میں پکایا۔ اَور جلدی سے عوام کو بانٹ دِیا۔ 14 اُس کے بعد اُنہوں نے اپنے لئے اَور کاہنوں کے لئے تیاّر کِی۔ کیونکہ کاہِن یعنی بنی ہاروؔن سوختنی قُربانیوں اَور چربی کے چڑھانے میں رات تک مصروُف رہے تو لاویوں نے اپنے لئے اَور کاہِنوں یعنی بنی ہاروؔن کے لئے تیاّر کِیا۔ 15 اَور گانے والے بنی آسف، داؔؤد اَور بادشاہ کے غیب بینوں آسف اَور ہیمؔان اَور یدّوتؔون کے حُکم کے مُطابِق اپنی جگہوں پر کھڑئے ہُوئے اَور دربان ہر ایک دروازے پر اپنی خدمت سے غیر حاضِر نہ ہوتے تھے۔ اِس واسطے اُن کے بھائیوں لاویوں نے اُن کے لئے تیاّر کِیا۔ 16 اَور یوسیاہ بادشاہ کے حُکم کے مُطابِق فسَح کرنے کے لئے اَور خُداوند کی قُربانگاہ پر سوختنی قُربانیاں چڑھانے کے لئے خُداوند کی ساری خدمت کی تیاّری ہوئی۔ 17 اَور بنی اِسرؔائیل میں سے ہر ایک نے جو موجُود تھا اُس وقت عیدِ فسح اَور سات دِن تک عیدِ فطیر کی۔ 18 اَور سمُؔوئیل نبی کے دِنوں سے اِسرؔائیل میں ایسی فسَح نہیں ہُوئی تھی۔ اَور نہ اِسرؔائیل کے تمام بادشاہوں نے ایسی فسح کی جیسی کہ یوسیاہ اَور کاہِنوں اَور لاویوں اَور سارے یہوُداہ نے اَور اَسرؔائیل میں سے ہر ایک نے جو موجود تھا اَور یرُوشلیِؔم کے رہنے والوں نے کی۔ 19 شاہِ یوسیاہ کی سَلطنَت کے اَٹھارھویں برس میں یہ فسح کی گئی۔ 20 یوسیاہ کی وفات اِس سب کُچھ کے بعد جب یوسیاہ ہَیکل کو تیاّر کر چُکا۔ مِصؔر کا بادشاہ نِکؔو چڑھ آیا۔ تاکہ کرکمیس میں جو فُراؔت کے پاس ہَے لڑائی کرے۔ تب یوسیاہ اُس کے مُقابلے کو نِکلا۔ 21 تو اُس نے اُس کے پاس قاصد بھیج کر کہا۔ کہ اَے شاہِ یہُوداؔہ ! مُجھے اَور تُجھے کیا؟ مَیں آج تیرے خلاف نہیں آیا۔ مگر اُس گھر کے خلاف آیا ہُوں جس سے میری لڑائی ہَے۔ کیونکہ خُدا نے مُجھے جلدی کرنے کا حُکم دِیا ہَے۔ پس تُو خُدا کا جو میرے ساتھ ہَے سامنا کرنا چھوڑ دے۔ تاکہ وہ تُجھے ہلاک نہ کرے۔ 22 لیکن یوسیاہ نے اُس سے اپنا مُنہ موڑا۔ بلکہ اُس سے لڑنے کے لئے تیاّر ہُؤا۔ اَور نِکؔو کی باتوں کو جو خُدا کے مُنہ سے تھیں، نہ سُنا اَور وادی مجؔدو میں جنگ کرنے کے لئے آیا۔ 23 تب تِیر اندازوں نے یوسیاہ کی طرف تیِر چلائے۔ تو بادشاہ نے اپنے نوکروں سے کہا۔ کہ مُجھے باہر لے چلو کیونکہ میں سخت زخمی ہو گیا ہُوں۔ 24 سو اُس کے نوکروں نے اُسے گاڑی پر سے اُتار کر دوسری گاڑی میں رکھّا جو اُس کی تھی۔ اَور اُسے یرُوشلیِؔم کو لائے اَور وہ مَر گیا۔ اَور اپنے باپ دادا کے مقبروں کے پاس دفن کِیا گیا۔ اَور تمام یہوُداہ اَور یرُوشلیِؔم نے یوسیاہ پر ماتم کِیا۔ 25 اَوریرمیاہ نے یوسیاہ پر مُرثیہ کہا۔ اَور سب گانے والے اور گانے والیاں آج کے دِن تک یوسیاہ پر اپنے مرثیوں میں نوحہ کرتے ہیں اور دیکھو ۔ وہ مرثیوں میں لکھے گئےہیں۔ 26 اَور یوسیاہ کا باقی احوال اَور اس کے نیک کام کے مُطابِق اُس کے جس کا خُداوند کی شریعت میں حُکم دِیا گیا ہَے۔ 27 اَوراُس کا پہلا اَور پچھلا احوال اِسرؔائیل اَور یہُوداہ کے بادشاہوں کی کِتاب میں لِکھا ہُؤاہَے۔