باب

1 یوسیاہ کی سلطنت اَور یوسیاہ جس وقت بادشاہ بنا۔ آٹھ برس کی عُمر کا تھا۔ اَور اُس نے یُروشلیِؔم میں اِکتیس برس سَلطنَت کی۔ 2 اُس نے وہی کام کئے جو خُداوند کی نِگاہ میں راست تھے۔ اَور اپنے باپ داؔؤد کی راہوں پر چلا۔ اَور اُن سے دائیں یا بائیں تجاوُز نہ کِیا۔ 3 اَور اپنی سَلطنَت کے آٹھویں برس میں جب وہ ہنُوز لڑکا ہی تھا۔ وہ اپنے باپ داؔؤد کے خُدا کو ڈُھونڈنے لگا۔ اَور بارھویں برس میں یُہودؔاہ اَور یرُوشلیِؔم کو اُونچی جگہوں اَور کھمبوں اَور بُتوں اَور ڈھالی ہوئی مُورتوں سے پاک کرنا شُروع کِیا۔ 4 اَور لوگوں نے اُس کے سامنے بعلیؔم کے مذَبحوں کو ڈھا دِیا اَور سُور ج کے ستُونوں کو جو اُن پر تھے توڑ ڈالا۔ اَور کھمبوں کو کاٹ ڈالا۔ اَور تراشی ہُوئی اَور ڈھالی ہُوئی موُرتوں کو رِیزہ رِیزہ کر کے خاک کر دِیا۔ اَور خُاک کو اُن کی قبروں پر بکھیرا۔ جِنہوں نے اُن کے لئے قُربانیاں کی تھیں۔ 5 اَور اُس نے اُن کے کاہِنوں کی ہَڈّیاں اُن کے مذَبحوں پر جلائیں۔ اَور یہُودؔاہ اَور یرُوشلیِؔم کو پاک کِیا۔ 6 اَور مَنؔسّی اَور اِفراؔئیم اَور شمعُون کے شہروں میں بلکہ نفتاؔلی سمیت اُن وِیرانوں کے جو اُن کے اِردگرِد تھے۔ 7 اُس نے مذَبحوں اَور کھمبوں کو دُور کِیا۔ اَور تراشے ہُوئے بُتوں کو رِیزہ رِیزہ کر کے خاک بنا دِیا۔ اَور سُورج کے تمام ستُونوں کو اِسرؔائیل کے سارے مُلک میں توڑ ڈالا۔ تب وہ یرُوشلیِؔم کو واپس آیا۔ 8 اَور اُس کی سَلطنَت کے اَٹھارھویں برس میں جب وہ مُلک کو اَور گھر کو پاک کر چُکا۔ اُس نے سافؔن بِن اصلؔیاہ اَ ورشہر کے رئیس مَعسیاہ اَور یوآؔخ بِن یوآؔخز مَورّخ کو خُداوند اپنے خُدا کے گھر کی مَرمّت کرنے کو بھیجا۔ 9 اَور وہ خلقیاہ سردار کاہِن کے پاس آئے۔ اَور وہ نقدی لی۔ جو خُداوند کے گھر میں لائی گئی تھی۔ اُس میں سے جو دروازوں کے نِگہبان لاویوں نے مَنؔسّی اَور اَفرؔائیم کے ہاتھوں سے اَور سب باقی ماندہ اِسرؔائیل سے اَور تمام یہُودؔاہ اَور بِنیمِیؔن سے جمع کی تھی۔ اور وہ یرُوشلیِؔم کو لَوٹے۔ 10 اَور کارِندوں کے ہاتھوں میں جو خُداوند کے گھر پر نگران تھے دے دی۔ اَور خُداوند کے گھر کے کارِندوں نے گھر کی مَرمّت اَور اِصلاح کے لئے رکھّی۔ 11 اَور بڑھئی اَور معماِروں کو دی۔ تاکہ جوڑنے کے لئے تراشے ہوئے پتّھر اَور گھروں کے لئے شہتیر خریدے جِنہیں شاہان یہُودؔاہ نے برباد کر دِیا۔ 12 اَور آدمی امانتداری سے کام کرتے تھے۔ اَور بنی مَراؔری میں سے یحؔت اَور عبدؔیاہ لاوی اُن کے کام کے دیکھنے والے تھے۔ اَور بنی قہاؔت سے زکرؔیاہ اَور مسلاؔم کام کراتے تھے اَور لاویوں میں سے وہ سب جو راگ کے سازوں میں ماہر تھے۔ 13 اَور وہ باربَرداروں کے اَور سب کے جو کِسی قسم کا کام کرتے تھے داروغے تھے۔ اَور لاویوں میں سے امتحان لینے والے اَور مُنشی اَور دربان تھے۔ 14 جب اُنہوں نے وہ نقدی جو خُداوند کے گھر میں لائی گئی تھی باہر نِکالی۔ تو خلقیاہ کاہِن نے خُداوند کی شریعت کی کِتاب پائی جو موُسؔیٰ کے ہاتھ کی تھی۔ 15 اَورخلقیاہ نے ساؔفن کاتب سے کہا۔ کہ مَیں نے شریعت کی کِتاب خُداوند کے گھر میں پائی ہَے۔ اَور خلقیاہ نے وہ کِتاب سافؔن کو دے دی۔ 16 تب سافؔن وہ کِتاب بادشاہ کے پاس لایا۔ اَور بادشاہ کو اِس اَمر کی خبر دے کر کہا۔ کہ سب کُچھ جو تیرے خادِموں کے سپُرد کِیا گیا تھا وہ کر رہے ہیں۔ 17 اَور اُنہوں نے وہ نقدی جو خُداوند کے گھر میں پائی گئی گنی اَور مُختاروں اَور کام کے داروغوں کے ہاتھوں میں دی۔ 18 اَورسافؔن کاتِب نے بادشاہ کو خبر دے کر کہا۔ کہ خلقیاہ کاہِن نے مُجھے یہ کِتاب دی ہَے۔ اَور سافؔن نے بادشاہ کے سامنے اُس میں سے پڑھا۔ 19 جب بادشاہ نے شریعت کی باتیں سُنیں تو اُس نے اپنے کپڑے پھاڑے۔ 20 اَور بادشاہ نے خلقیاہ اَور اَخی قؔام بِن سافن اَور عبدؔون بِن میکؔاہ اَورسافؔن کاتِب اَور بادشاہ کے نوکر عساؔیاہ کو حُکم دے کر کہا۔ 21 کہ جاؤ۔ اَور میرے لئے اَور اَسرؔائیل اَور یہُوداہ میں باقیوں کے واسطے اِس کِتاب کے کلام کے بارے میں جو پائی گئی خُداوند سے دریافت کرو۔ کیونکہ خُداوند کا غضب جو ہم پر پڑا ہَے وہ بڑا ہَے۔ اِس لئے کہ ہمارے باپ دادا نے خُداوند کے کلام کو نہ مانا۔ کہ سب کُچھ جو اِس کِتاب میں لِکھا گیا ہَے اُس پر عمل کریں۔ 22 تب خلقیاہ اَور وہ جِنہیں بادشاہ نے حُکم دِیا خُلؔدہ نبیہ کے پاس گئے جو توشہ خانہ کے داروغہ سلُوؔم بِن توقہت بِن خَسَؔرہ کی بیوی تھی اَور یرُوشلیِؔم کے دوسرے حِصّے میں رہتی تھی۔ اَور اُنہوں نے اُسے اِس بارے میں کہا۔ 23 تو اُس نے اُن سے کہا۔ خُداوند اِسرؔائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم اُس آدمی کوجس نے تُمہیں میرے پاس بھیجا یُوں کہو۔ 24 کہ خُداوند فرماتا ہَے دیکھو مَیں اِس مقام پر اَور اِس کے باشندوں پر آفت نازِل کُروں گا۔ وہ سب لعنتیں جو اِس کتاب میں لِکھی گئی ہیں۔ جو یہوُداؔہ کے بادشاہ کے آگے پڑھی گئی۔ 25 چُونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا۔ اَور اجنبی مَعبُودوں کے آگے خُوشبو جَلائی۔ تاکہ اپنے ہاتھوں کے سب کاموں سے مُجھے غُصّہ دِلائیں اِس وجہ سے میرا غضب اِس مقام پر بھڑکے گا۔ اَور نہ بُجھے گا۔ 26 مگر شاہ یہُودؔاہ جس نے تُمہیں بھیجا۔ کہ خُداوند سے دریافت کرو۔ پس تُم اُس سے یُوں کہو۔ کہ خُداوند اِسرؔائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے کہ اِس کلام کے مُتعلق جو تُونے سُنا۔ 27 چُونکہ تیرا دِل نرم ہُؤا اَور تُو نے خُدا کے حضُور فروتنی کی جس وقت کہ تُو نے اُس کا کلام اِس مقام کے خلاف اَور اُس کے باشِندوں کے خلاف سُنا۔ اَور تُو نے میرے سامنے فروتنی کی۔ اَور اپنی عاجزی میں اپنے کپڑے پھاڑے۔ اَور تُو میرے آگے رویا۔ تو مَیں نے بھی تیری سُنی۔ 28 خُداوند یوُں فرماتا ہے کہ دیکھ ۔ مَیں تُجھے تیرے باپ دادا کے ساتھ شامِل کُروں گا اَور تُو سلامتی سے اپنی قبر میں جائے گا۔ اَور تیری آنکھیں اُس آفت کو جو مَیں اِس مقام پر اَور اُس کے باشِندوں پر لاؤں گا نہ دیکھیں گی۔ اَور اُنہوں نے بادشاہ کو یہ باتیں بتائیں۔ 29 تب بادشاہ نے قاصِد بھیج کر یہوُداہ اَور یُروشلیِؔم کے تمام بزُرگوں کو جمع کیا۔ 30 اَور بادشاہ خُداوند کے گھر کو گیا۔ اَور یہوُداہ کے تمام آدمی اَور یرُوشلیِؔم کے رہنے والے اَور کاہِن اَور لاوی اَور سب لوگ کیا چھوٹے کیا بڑے اُس کے ساتھ تھے۔ اَور اُس نے اُنہیں عہد کی کِتاب کی سب باتیں جو خُداوند کے گھر میں پائی گئی تھی پڑھ کر سُنائیں۔ 31 اَور بادشاہ مَنبر پر کھڑا ہُؤا۔ اَور خُداوند کے حضُور عہد کِیا۔ کہ وہ خُداوند کی پیروی کریں گے اَور اُس کے اَحکام اَور شہادتوں اَور قَوانین کو اپنے سارے دِل سے اَور اپنی ساری جان سے مانیں گے۔ تاکہ عہد کے اُس کلام پر جو اِس کتاب میں لِکھا گیا ہَے عمل کریں۔ 32 اَور اُس نے اِس پر سب کو جو یرُوشلیِؔم اَور بِنیمؔین میں تھے اُن سے عہد لِیا۔ تو یرُوشلیِؔم کے باشِندوں نے اپنے باپ دادا کے خُدا کے عہد کے مُطابِق عمل کِیا۔ 33 اَور یوسیاہ نے تمام مکرُوہات کو بنی اِسرؔائیل کے سب علاقوں سے دُور کِیا۔ اَور سب کو جو اِسرؔائیل میں پائے گئے خُداوند اپنے خُدا کی عِبادَت کی طرف بُلایا۔ تو وہ اُس کے سارے ایّام میں خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کی پیروی کرنے سے نہ پھِرے۔