باب

1 یہو آخز ۔یہویقیم۔یہویاکین تب مُلک کے لوگوں نے یہو آخز بنی یوسیاہ کو لِیا۔ اَور اُسے اُس کے باپ کی جگہ یرُوشلیِؔم میں بادشاہ بنایا۔ 2 اَوریہوآخز جس وقت بادشاہ ہُؤا تئیس برس کا تھا۔ اَور اُس نے یرُوشلیِؔم میں تین مہینے بادشاہی کی۔ 3 تب شاہِ مِصؔر نے اُسے یرُوشلیِؔم کے تخت سے اُتارا۔ اَور مُلک پر ایک سَو قنطار چاندی اَور ایک قنطار سونا تاوان لگایا۔ 4 اَور شاہِ مِصؔر نے اُس کے بھائی الِیاؔقیم کو یہُودؔاہ اَور یرُوشلیِؔم پر بادشاہ مُقرّر کِیا۔ اَور اُس کا نام بدل کر یہوؔیقیم رکھّا۔ اَور نِکؔو اُس کے بھائی یہوآخز کو پکڑ کر مِصؔر میں لے گیا۔ 5 جس وقت یہوؔیقیم بادشاہ ہُؤا۔ وہ پچیس برس کا تھا۔ اَور اُس نے یرُوشلیِؔم میں گیارہ برس بادشاہی کی۔ اَور اُس نے خُداوند اپنے خُدان کی نِگاہ میں بَدی کی۔ 6 تب اُس کے خلاف بابؔل کا بادشاہ نبُوکدنِضؔر چڑھ آیا۔ اَور اُسے زنجیروں سے باندھا تاکہ اُسے بابؔل کو لے جائے۔ 7 اَور نبُوکدنِضؔر خُداوند کے گھر کے کُچھ برتن بھی بابؔل کو لے گیا۔ اَور وہاں اُنہیں اپنے مندر میں رکھّا۔ 8 اَور یہوؔیقیم کا باقی احوال اَور مکرُوہ کام جو اُس نے کئے اَور جو کُچھ اُس میں واقع ہُؤا اِسرؔائیل اَور یہوُداہ کے بادشاہوں کی کِتاب میں لِکھے ہُوئے ہیں۔ اَور اُس کا بیٹا یہویاکیؔن اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ 9 جس وقت یہویاکیؔن بادشاہ ہُؤا۔ وہ اَٹھارہ برس کا تھا اَور اُس نے یرُوشلیِؔم میں تین مہینے اَور دس دِن بادشاہی کی۔ اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ 10 اَور سال کے شروع میں نبوکدنِضر بادشاہ نے لشکر بھیجا۔ جو اُسے سمیت خُداوند کے گھر کے عُمدہ برتنوں کو ساتھ بابؔل میں لایا۔ اَور اُس کے بھائی صِدقیاہ کو یہُوداہ اَور یُروشلیِم پر بادشاہ مُقرّر کِیا۔ 11 صدقیاہ کی سلطنت جس وقت صِدقؔیاہ بادشاہ بنا وہ اکیس برس کی عُمر کا تھا۔ اَور اُس نے یرُوشلیِؔم میں گیارہ برس بادشاہی کی۔ 12 اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور اُس نے یرِمؔیاہ نبی کے سامنے فروتنی نہ کی جس نے خُداوند کے مُنہ سے کلام کِیا۔ 13 اَور اُس نے نبُوکدنِضؔر بادشاہ سے بھی جس سے اُس نے خُدا کی قَسم کھائی تھی بغاوت کی۔ اَور خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کی طرف رجوُع کرنے سے گردن کشی کی اَور اپنے دِل کو سخت کِیا۔ 14 اَور کاہِنوں کے تمام سردار بھی اَور لوگ غیر قوموں کی تمام مکُروہات کے مُطابِق بے وفائی کرنے میں بڑھ گئے۔ اَور خُداوند کے گھر کو جو اُس نے یرُوشلیِؔم میں پاک کیا تھا ناپاک کیا۔ 15 تو خُداوند اُن کے باپ دادا کا خُدا اپنے پیغمبروں کے ذریعے پیغام بھیجتا رہا۔ صُبح سویرے ہی بھیجا۔ کیونکہ وہ اپنی قوم پر اَور اپنے مَسکِن پر مہربان تھا۔ 16 پر اُنہوں نے خُدا کے پیغمبروں پر ٹھٹھا کِیا۔ اَور اُس کے کلام کی حقارِت کی۔ اَور اُس کے نبیوں پر ہنسے یہاں تک کہ خُداوند کا غضب اپنی قوم پر بھڑکا اَور کوئی چارہ نہ رہا۔ 17 یروشلیم کی تباہی تب وہ کسدیوں کے بادشاہ کو اُن پر چڑھا لایا۔ اَور اُس نے اُن کے مَقدِس کے گھر میں اُن کے جوانوں کو قتل کِیا۔ اُس نے نہ جوان پر اَور نہ کُنواری پر اَور نہ بُوڑھے پر اَور نہ کُبڑے پر رحم کِیا۔ پر سب کو اُس کے ہاتھ میں دے دیا۔ 18 اَور وہ خُدا کے گھر کے سب برتن کیا چھوٹے کیا بڑے اَور خُداوند کے گھر کے خزانے اَور بادشاہ اَور اُس کے اَمیروں کے خزانے سب کے سب بابؔل کو لے گیا۔ 19 اَور خُدا کے گھر کو جَلا دیا۔ اَور یرُوشلیِؔم کی دِیوار کو گِرا دِیا۔ اَور اُس کے سارے محلّوں کو آگ میں جَلایا۔ اَور اُس کی سب قیمتی چیزوں کو تلف کِیا۔ 20 اَور وہ جو تلوار سے بچ گئے۔ اُنہیں اُس نے بابؔل میں جَلا وطن کِیا۔ جہاں وہ اُس کے اَور اُس کے بیٹوں کے غُلام ہو کر رہے جب تک کہ فارؔس کی سَلطنَت شرُوع نہ ہُوئی۔ 21 تاکہ خُداوند کا کلام جو یرمؔیا ہ کی معرفت سے کہا گیا تھا پُورا ہو۔ جب تک کہ زمین اپنے سبتوں کو پُورا نہ کرے۔ کیونکہ اُس کی ویرانی کے سارے دِنوں میں اُس نےسبت منایا۔ جب تک کہ ستّربرس پُورے نہ ہُوئے۔ 22 مگر فارس خورؔس کے پہلے سال میں تاکہ خُدا کا کلام جو اُس نےیرمیؔاہ کی معرفت فرمایا تھاپُورا ہو۔خُداوند کی رُوح نے شاہِ فارس خورس کے دِل کو اُبھارا۔ تو اُس نے اپنی تمام مَملکُتَ میں مُنادی کروائی۔ اَور تحریر کر کے یُوں کہا۔ 23 کہ شاہِ فارسؔ خورسؔ یُوں فرماتا ہَے۔ کہ خُداوند آسمان کے خُدا نے زمین کے تمام مُمالِک مُجھے عطا کئے ہیں۔ اَور مُجھے حُکم دِیا ہَے۔ کہ مَیں اُس کے لئے ایک گھر یہوداہ کے یرُوشلیِؔم میں بناؤں۔ پس تُمہارے درمیان اُس کی ساری قوم میں سے جو کوئی ہے خُداوند اُس کا خُدا اُس کے ساتھ ہو۔ اَور وہ روانہ ہو جائے۔