باب

1 سخیرب کی یورش اُن واقعات اَور اُس دیانت داری کے بعدشاہ اِسوؔر سِخیرؔب آیا۔ اَور یہوداہ میں داخِل ہُؤا۔ اَورفصیل دار شہروں کے مُقابِل ڈیرا لگایا۔ اَور اُنہیں فتح کرنا چاہا۔ 2 جب حِزقیاؔہ نے دیکھا۔ کہ سِخیِربؔ یرُوشلیِؔم کے خلااف لڑائی کرنے کا ارادہ کر کے چڑھ آیا ہَے۔ 3 تو اُس نے اپنے سرداروں اَور بَہادرُوں کے ساتھ صلاح کی۔ کہ پانی کے چشموں کو جو شہر سے باہر تھے بند کر دے۔ تو اُنہوں نے اِتفاق کِیا۔ 4 اَور بُہت لوگوں نے جمع ہو کر سب چشموں کو اَور ندی کو جو مُلک کے بیچ میں بہتی تھی بند کر دِیا اَور کہا۔ کہ اسُورؔ کے بادشاہ کِس لئے آکر بُہت سا پانی پائیں؟ 5 پھِر اُس نے ہَمّت کی اَور ساری دِیوار جہاں سے گِری ہُوئی تھی بنائی۔ اَور برُجوں سے اُسے مُضبُوط کِیا۔ اَور ایک دُوسری دِیوار باہر کی طرف بنائی۔ اَور داؔؤد کے شہرمیں مِلّؔو کو مضُبوط کِیا۔ اَور سب قَسم کے ہتھیار اَور ڈھالیں کثرت سے بنوائیں۔ 6 اَور اُس نے لوگوں پر جنگی سردار مُقرّر کِئے۔ اَور اُنہیں شہر کے پھاٹک کے پاس کی کُشادہ جگہ میں جمع کِیا۔ اَور اُن کے دِلوں کو تسلّی دے کر کہا۔ 7 ہِمّت باندھو۔ اَور دلیری کرو۔ اَور اسورؔ کے بادشاہ اَور اُس کے تمام لشکر کے سامنے سے جو اُس کے ساتھ ہے نہ ڈرو اَور نہ گھبراؤ۔ کیونکہ جو ہمارے ساتھ ہے وہ اُن سے بڑا ہے جو اُس کے ساتھ ہیں ۔ 8 اُس کے ساتھ بشر کا ہاتھ ہَے پر ہماری مدد کرنے اَور ہماری جنگ لڑنے کے لئے خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔ تب شاہِ یہوداہ حِزقیاہ کے کلام سے لوگوں کو تسلی مِلی ۔ 9 اِس کے بعد شاہِ اسُورؔ سِخیربؔ نے جو اپنے سارے لشکر کے ساتھ لکیس کے مُقابِل آیا تھا۔ اپنے نوکروں کو یرُوشلیِمؔ میں شاہِ یہوداہ حِزقیاہ کے پاس اَور تمام یہوداہ کے پاس بھیجا جو یرُوشلیِؔم میں تھے اَور کہا۔ 10 کہ اسُورؔ کا بادشاہ سِخیرب یُوں کہتا ہَے۔ کہ تُم کِس پر بھروسا کرتے ہُو؟ اَور یرُوشلیِؔم میں اُس کے مُحاصرہ کے وقت بیٹھے ہو۔ 11 کِیا حِزقیاہ نے تُمہیں بُھوک اَور پیاس کی مَوت کے حوالے کرنے کے لئے یُوں کہہ کر بہکایا نہیں کہ خُداوند ہمارا خُدا ہمیں اسُّورؔ کے بادشاہ کے ہاتھ سے چھُڑائے گا؟ 12 کیا یہ حِزقیاہ وہی نہیں؟ جس نے اُس کی اُونچی جگہیں اَور مذَبحے دُور کردیئے ہیں اَور یہوداہ اَور یرُو شلیِؔم سے کلام کر کے کہا کہ تُم ایک ہی مذَبح کے سامنے سجَدہ کرو۔ اَور اُس پر بخُور جَلاؤ۔ 13 کِیا تُم نہیں جانتے ہو کہ میں نے اَور میرے باپ دادا نے مُمالِک کی سب قوموں سے کیا کِیا ہَے؟ کیا اُن مُمالِک کی قوموں کے مَعبُودوں کی ہمت ہُوئی کہ اپنی سَرزمین کو میرے ہاتھ سے چھُڑا لیں؟ 14 جِن قوموں کو میرے باپ دادا نے بِالکُل ہلاک کر دِیا۔ کیا اُن کے سب مَعبُودوں میں سے کسی کی طاقت ہُوئی۔ کہ اپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے چُھڑائے۔ کہ تُمہارا مَعبُود بھی تُمہیں میرےہاتھ سے بچا سکےگا۔ 15 پس حِزقیاہ تمہیں دھوکا نہ دے۔ اَور تُم اُس سے فریب نہ کھاؤ۔ اَر اُس کی بات کو سچ نہ مانو۔ کیونکہ کِسی قوم یا مَملُکت کے مَعبُود کی طاقت نہ ہوئی کہ اپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے اَور میرے باپ دادا کے ہاتھ سے چُھڑائے۔ تو کیا تُمہارا مَعبُود میرے ہاتھ سے تُمہیں چھُڑائے گا؟ 16 اَور اُس کے نوکروں نے خُداوند خُدا کے خلاف اَور اُس کے بندے حِزقیاہ کے خلاف اِس سے زیادہ باتیں کہیں۔ 17 اَور اُس نے خُداوند اِسرائیل کے خُدا کی بے عزتی کرنے اَور اُس کے حَق میں کُفر بکَنے کے لئے اِس مضمُون کے خط بھی لِکھے کہ جس طرح سے مُمالِک کی قوموں کے مَعبوُدوں نے اپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے نہ چھُڑایا۔ تو حِزقیاہ کا مَعبوُد بھی اپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے نہیں بچا سکے گا۔ 18 اَور وہ یرُو شلیِؔم کے لوگوں کی طرف جو دِیوار پر تھے یہُودی زُبان میں بُلند آواز سے چِلاّئے۔ تاکہ اُنہیں ڈرائیں۔ اُور اُنہیں بے چَین کریں۔ تاکہ شہر کو لے لیں۔ 19 اَور اُنہوں نے یرُوشلیِؔم کے خُدا کے خلاف ایسی باتیں کہیں۔ جیسی اُنہوں نے مُلک کے لوگوں کے اُن مَعبُودوں کے خلاف کہی تھیں جو آدمیوں کے ہاتھ کی کاری گری تھے۔ 20 21 تب حِزقیاہ بادشاہ اَوریسعؔیاہ بِن آموؔص نبی نے اُس کی بابت دُعا مانگی۔ اَور آسمان کی طرف چِلْائے۔ تب خُداوند نے ایک فِرشتے کو بھیجا۔ َاَور اُس نے شاہِ اسُورؔ کے لشکر گاہ میں سے سب بَہادرُ مرَدوں اَور پیشواؤں اَور سرداروں کو ہلاک کِیا۔ تب وہ شرمندہ ہو کر اپنے مُلک کو واپس چلا گیا۔ اَور جب وہ اپنے مَعبوُد کے گھر میں داخِل ہُوا۔ تو اُنہوں نے جو اُس کی نسل میں سے تھے اُسے تلوار سے قتل کِیا۔ 22 اَور خُداوند نے حِزقیاہ اَور یرُوشلیِؔم کے رہنے والوں کو اسورؔ کے بادشاہ سخِیربؔ کے ہاتھ سے اَور سب کے ہاتھ سے خلاصی دی اَور ہر ایک طرف سے اُنہیں اَمن بخشا۔ 23 اَور بُہت لوگ یرُوشلیِؔم میں خُداوند کے لئے نَذؔریں اَور شاہ یہوداہ حِزقیاہ کے لئے قیمتی تحفے لائے۔ اَور اُس کے بعد وہ تمام قوموں کی آنکھوں میں بزُرگ ہو گیا۔ 24 اَور اُن دِنوں میں حِزقیاہ بیمار ہُؤا۔ یہاں تک کہ مرنے کے قریب ہو گیا۔ تو اُس نے خُداوند سے دُعا مانگی۔ تب اُس نے اُس کی سُنی۔ اَور اُسے ایک نِشان دِیا۔ 25 لیکن حِزقؔیاہ نے اُن اِحسانات کے مُطابِق جو اُس پر کِئے گئے، شُکر نہ کِیا۔ بلکہ اُس کے دِل میں گھمنڈ سمایا۔ تو اِس سبب سے اُس پر اَور یہوداہ اَور یرُوشلیِؔم پر خُدا کا غضب بھڑکا۔ 26 پھِر حِزقیاہ نے اپنے دِل کے گھمنڈ کو بدلا اَور یرُوشلیِؔم کے باشِندوں نے بھی اپنے دِلوں کو فروتن کِیا۔ تو حِزقیاہ کے دِنوں میں خُداوند کا غضب اُن پر نازِل نہ ہُؤا۔ 27 اَور حِزقیاہ کی دولت اَور شوکت بڑی تھی۔ اُس نے چاندی اَور سونے اَور قیمتی پتّھروں اَور خوشبوئیں اَور ڈھالیں اَور سب نفیس برتنوں کے لئے خزانے بنوائے۔ 28 اَور اناج کی بڑھتی اَور تیل اَورمَے کے لئے گودام اَور کثیر جانوروں کے لئے اصطبل اَور بھیڑ بکریوں کے لئے احاطے بنوائے۔ 29 اَور اُس نے بھیڑ بکری اَور گائے بیل کے گلّے بڑھائے۔ کیونکہ خُداوند نے اُسے بُہت بڑی جائیداد دی۔ 30 اَورحِزقیاہ ہی نے جیحوؔن کے پانی کے اُوپر کے منبع کو بند کِیا۔ جو داؔؤد کے شہر کے مغرب کی طرف اُسے چلایا۔ اَور حِزقیاہ اپنے سب کاموں میں کامیاب ہُؤا۔ 31 مگر بابل کے سردار نے اُن کے پاس بھیجے گئے قاصدوں سے اُس نشان کے بارے میں دریافت کیا جو مُلک میں واقع ہُوا تھا۔ خُدا نے اُس کا اِمتحان کرنے کے لئے اُسے چھوڑ دِیا۔ تاکہ جو کُچھ اُس کے دِل میں تھا ظاہر ہوجائے۔ 32 اَور حِزقیاہ کا باقی احوال اَور اُس کے نیک کام یسعیا ہ بِن آموصؔ نبی کی رُؤیا میں اَور شاہان یہوداہ اَور اَسرائیل کی کِتاب میں لِکھے ہُوئے ہیں۔ 33 اَور حِزقیاہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور بنی داؔؤد کی قبروں کی چڑھائی پر دفن کِیا ۔ اَور تمام یہوُداہ اَور یرُوشلیِؔم کے رہنے والوں نے اُس کی مَوت پر اُس کی تعظیم کی۔ اَور اُس کا بیٹا مَنؔسّی اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔