باب

1 مکروہات کا دور کرنا جب یہ سب کُچھ تمام ہُؤا۔ تو سب اِسرؔائیل جو وہاں موجُود تھے یہوداہ کے شہر وں میں گئےاو ر سارے یہوداہ اور بِنیمِؔین کے بلکہ اِفراؔئیم اَور مَنؔسّی کے بھی ستونوں کو ٹکڑے ٹکڑے کیا اور یسیرتوں کو کاٹ ڈالا اور اونچے مقاموں اور مذبحوں کو ڈھا دیا یہاں تک کہ ان سبھوں کو نابود کرد یا۔ تب سب بنی اسرائیل اپنے اپنے شہر میں اپنی اپنی ملکیت کو لوٹ گئے۔ 2 اَور حِزقیاؔہ نے کاہِنوں اَور لاویوں کو بمطابق اُن کی باریوں کے ہر ایک کو اُس کی خدمت کے مُوافق یعنی کاہِنوں اَور لاویوں کو سوختنی قُربانیوں اَور سلامتی کے ذَبیحوں کے لئے خدمت کرنے اَور سِتائش کرنے اَور خُداوند کے درباروں کے پھاٹکوں میں حمد گانے کے لئے مُقرّر کِیا۔ 3 اَور بادشاہ نے اپنی جائیداد میں سے سوختنی قُربانیوں اَور صُبح اَور شام کی سوختنی قُربانیوں اَور سبتوں اَور نئے چاندوں اَور عیدوں کی سوختنی قُربانیوں کے لئے جیسا کہ خُداوند کی شریعت میں لِکھا ہُؤا ہَے حِصّہ دِیا۔ 4 اَور اُس نے لوگوں کو جو یرُو شلیِؔم میں رہتے تھے حُکم دِیا۔ کہ کاہِنوں اَور لاویوں کو اُن کا حِصّہ دیں۔ تاکہ وہ خُداوند کی شریعت میں لگے رہیں۔ 5 جب یہ حُکم جاری ہُوا ۔ تو بنی اِسرؔائیل گیہُوں کے پہلےپھَلوں اَور مَے اَور تیل اَور شہد اَور کھیتوں کی سب پیداوار سے بُہت کُچھ لائے۔ اَور سب چیزوں کا دسواں حِصّہ کثرت سے لائے۔ 6 اَور ایسا ہی بنی اِسرؔائیل اَور یہوداہ جو یہوداہ کے شہروں میں رہتے تھے گائے بَیلوں اَور بھیڑ بکریوں کا دسواں حِصّہ اَور سب پاک چیزوں کا دسواں حِصّہ جو خُداوند اُن کے خُدا کے لئے پاک ٹھہرائی گئی تھیں لے آئے۔ 7 اَور تیسرے مہینے میں اُنہوں نے ڈھیر لگانا شرُوع کیا اَور ساتویں مہینے میں ختم کِیا۔ 8 تب حِزقیاؔہ اَور سردار آئے اَور اُنہوں نے ڈھیروں کو دیکھا۔ تو اُنہوں نے خُداوند کواَور اُس کی قوم اِسرؔائیل کو مُبارَک کہا۔ 9 اَور حِزقیاؔہ نے کاہِنوں اَور لاویوں سے ڈھیروں کے بارے میں پوچھا۔ 10 تو صدوؔق کے گھرانے کے عَزرؔیاہ سردار کاہِن نے جَواب دے کر کہا۔ کہ جب سے خُداوند کے گھر میں نَڈّروں کا آنا شُروع ہُؤا۔ تب سے ہمیں کافی خُوراک ملی ہے۔ اَور اس میں سے بُہت کُچھ بچ رہا ہَے کیونکہ خداوند نے ان لوگوں کو برکت دی ہے اور جو بچ رہا ہےوہ یہی بڑا اَنبار ہَے۔ 11 تب حِزقیاؔہ نے حُکم دِیا۔ کہ خُداوند کے گھر میں اَنبار خانے بنائیں۔ تو اُنہوں نے بنادیئے۔ 12 اَور وہ ہدیوں اَور دَہ یکیوں اَور مخصُوص کی ہوئی چیزوں کو امانت داری سے اُن میں لائے اَور اُن پر کُنعنیاہ لاوی مُختار تھا اَور اُس کا بھائی سمؔعی نائب تھا۔ 13 اَور حِزقیاؔہ بادشاہ اَور خُدا کے گھر کے سردار عَزرؔیاہ کے حُکم سے یحئیل اَور عَزرؔیاہ اَور نَحاَؔت اَور عَسؔاَہیل اَور یریموت اَور یوزبد اَور اِلی ؔ ایل اَور اسماکیاہ اَور مَحَتؔ اَور بناؔیاہ کُنعَنیاہ اَور اُس کے بھائی سمؔعی کے ماتحت نگران تھے۔ 14 اَور قورؔے بِن یمنہ لاوؔی مشرقی طرف کا دربان خُداوند کی قُربانیوں کا جو خُوشی سے دی جاتی تھیں مُختار تھا۔ تاکہ خُداوند کے ہدیوں اَور پاک ترین چیزوں کو تقسیم کرے۔ 15 اَور کاہِنوں کے شہروں میں عدؔن اَور بِنیمِؔین اَور یِشُوؔع اَور سمعیاہ اَور اَمَرؔیاہ اَورسکنیاہ اُس کے ماتحت تھے۔ تاکہ اپنے بھائیوں کی اُن کے باریوں کے مُطابِق کیا بڑے کیا چھوٹے کوامانت داری سے حِصّہ دیں ۔ 16 اگر وہ اُن مَردوں کے شُمار میں درج ہوں جو تین برس کی عُمر اَور اُس سے زیادہ کے تھے۔ اُن سب کو جو اپنی باریوں کے مُطابِق خُداوند کے گھر میں اپنے ذِمّے کی خدمت کے لئے ہر روز آتے تھے۔ 17 کاہِنوں کا یہ اندراج اُن کے آبائی گھرانوں کے مُطابِق ہُوا۔ اَور لاویوں کا جو بیس برس کی عُمر اَور اُس سے زیادہ کے تھے اُن کی باریوں اَور ذِمّوں کے مطابق ۔ 18 یہ اندراج بچّوں اَور بیویوں اَور بیٹوں اَور بیٹیوں سمیت پُورے گھرانے کا تھا ۔ کیونکہ اپنی خدمت کی وجہ سے وہ پاک چیزوں میں شریک ہونے کے حَق دار تھے۔ 19 اور بنی ہاروؔن کاہِنوں کے لئے بھی جو۔ شہر بہ شہر اپنےشہروں کے گِردونواح کے کھیتوں میں تھے۔ ایسے آدمی نام بنام مُقرّرکئے گئے جو کاہِنوں میں سے ہر مَرد کو اَور ہر ایک درج شُدہ لاوی کو حِصّہ دیں۔ 20 اَور حِزقیاؔہ نے سب یہوداہ میں ایسا ہی کِیا۔ اَور خُداوند اپنے خُدا کے سامنے نیکی اَور راست کاری اَور صداقت کی۔ 21 اَور ہرایک کام خُدا کے گھر کی خدمت کا اَور خُدا کا طالِب ہو کر اُس کے حُکموں اَور شریعت کی مُحافطت کا جو اُس نے شرُوع کِیا۔ اپنے سارے دِل سے کِیا۔ اَور کامیاب ہُؤا۔