باب

1 فسح کی پُر تکلف ادائیگی پھِر حِزقیاؔہ نے سارے اِسرؔائیل اَور یہوداہ کے پاس کہلا بھیجا۔ اَور اِفرؔائیم اَور مَنؔسی کو بھی نامے لِکھے۔ کہ یرُو شلیِؔم میں خُداوند کے گھر کو آئیں۔ اَور خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے لئے فسح کریں۔ 2 اَور بادشاہ نے تمام سرداروں اَور باقی جماعت کے ساتھ یرُوشلیِؔم میں مشورہ کِیا۔ کہ دُوسرے مہینے میں فسَح کریں۔ 3 کیونکہ وہ مُقرّرہ وقت پر اُسے نہ کر سکے۔ اِس لئے کاہِنوں میں سے بہتُوں نے اپنے آپ کو پاک نہ کِیا تھا کہ کافی ہوں۔ اَور نہ ہی لوگ یرُوشلیِؔم میں جمع ہُوئے تھے۔ 4 تو یہ بات بادشاہ کی نِگاہ میں اَور ساری جماعت کی نظر میں اچھّی معلُوم ہُوئی۔ 5 سو اُنہوں نے حُکم جاری کِیا۔ کہ تمام اِسرؔائیل میں بیرسبؔع سے لے کر داؔن تک مُنادی کی جائے کہ وہ خُداوند اِسرائیل کے خُدا کی فسَح منانے کے لئے یرُو شلیِؔم میں آئیں۔ کیونکہ بڑی مُدّت سے اُنہوں نے شریعت کے مُطابِق فسح نہ منائی تھی۔ 6 سو ہَر کارے بادشاہ اور اُس کے سرداروں کے ہاتھ سے خطُوط لے کر بَمطابِق بادشاہ کے حُکم کے تمام اِسرؔائیل اَور یہُوداہ کی طرف روانہ ہُوئے اَور بولے۔ اَے بنی اِسرؔائیل خُداوند اِبرہام اَور اِضحاؔق اَور اِسرؔائیل کے خُدا کی طرف رجُوع لاؤ تو وہ تُم میں سے اُن باقی لوگوں کی طرف جو اسُّور ؔ کے بادشاہوں کے ہاتھ سے بچ گئے ہیں توجہ کرے گا۔ 7 اَور تُم اپنے باپ دادا اَور اپنے بھائیوں کی مانند نہ بنو۔ جِنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا سے بے وفائی کی۔ تو اُس نے اُنہیں ہلاکت کے حوالے کِیا۔ جیسا کہ تُم دیکھتے ہو۔ 8 اَور اَب اپنے باپ دادا کی مانند اپنی گردن کش نہ ہو۔ بلکہ خُداوند کے سامنے فروتن ہو اَور اُس کے مَقدِس کی طرف آؤ جِسے اُس نے اَبد تک کے لئے پاک کِیا ہَے۔ اَور خُداوند اپنے خُدا کی عِبادَت کرو۔ تاکہ اُس کے غضب کی تیزی تم سے دُور ہو جائے۔ 9 کیونکہ اگر تُم خُداوند کی طرف رجُوع کرو گے۔ تو تُمہارے بھائی اَور تُمہارے بیٹے اپنے اسیر کرونے والوں سے مہربانی حاصِل کریں گے۔ اَور اِس مُلک کی طرف واپس آئیں گے۔ کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا بڑا مہربان اَور رحیم ہَے۔ اگر تُم اُس کی طرف رجوُع کرو۔ تو وہ اپنا مُنہ تُمہاری طرف سے نہ موڑے گا۔ 10 اَور ہر کارے اِفراؔئیم اَور مَنؔسّی کے مُلک میں شہر بہ شہر ہوتے ہُوئے زبوُلُوؔن تک گئے تو وہ اُن پرہنسے اَور اُن پرٹھٹّھا کِیا۔ 11 لیکن آشر اَور مَنؔسّی اَور زبُولُوؔن میں سے کئی ایک نے فروتنی کی اَور وہ یرُو شلیِؔم میں آئے۔ 12 لیکن یہوداہ کے درمیان خُداوند کا ہاتھ تھا اَور اُس نے اُنہیں یک دلی بخشی۔ تاکہ بادشاہ اَور سرداروں کے حُکم پر خُداوند کے کلام کے مُطابِق عمل کریں۔ 13 پس یرُو شلیِؔم میں بُہت لوگ جمع ہوئے۔ تاکہ دُوسرے مہینے میں عید ِ فطیر کریں۔ وہ ایک نہایت بڑی جماعت تھی۔ 14 اَور وہ اُٹھے۔ اَور سب قُربان گاہوں کو جو یرُوشلیِؔم میں تھے ڈھا دِیا۔ اَور خُوشبُو جَلانے کے سب برتنوں کو دُور کِیا اَور اُنہیں وادی قدرُوؔن میں پھینکا۔ 15 اَور دُوسرے مہینے کی چودھویں تارِیخ کو فسَح تیار کِی اَور کاہِن اَور لاویوں نے شرمِندہ ہو کر اپنے آپ کو پاک کِیا۔ اَور خُداوند کے گھر میں سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ 16 اَور اپنی ترتیب میں مَردِ خُدا مُوسؔیٰ کی شریعت کے مُطابِق اپنی اپنی جگہوں میں کھڑے ہُوئے اَور کاہِن لاویوں کےہاتھ سے خُون لے کر چھِڑکتے تھے۔ 17 کیونکہ جماعت میں سے بُہت تھے جِنہوں نے اپنے آپ کو پاک نہ کِیا تھا۔ اِس لئے لاوی ہر ایک کے لئے جو ناپاک ہونے کی وجہ سے خُداوند کے لئے قُربانی چڑھا نہ سکا۔ فسح تیار کرنے میں مشغُول تھے۔ تاکہ وہ خُداوند کے لئے مخصُوص ہوں۔ 18 اَور لوگوں میں سے ایک بڑا گروہ اِفراؔئیم اَور مَنؔسّی اَوراشکار اَور زبُولُوؔن میں سے پاک نہ تھا۔ تاہم اُنہوں نے لکِھے ہُوئے کے خلاف فسح کھا لی۔ تو اُن کے لئے حِزقیاؔہ نے دُعا مانگی اَور کہا۔ 19 خُداوند جو نیک ہَے ہر ایک کو مُعاف کرے جس نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کی طلب میں اپنا دِل لگایا۔ اگرچہ مَقدِس کی پاگیزگی کے مُطابِق پاک نہ ہو۔ 20 اَور خُداوند نے حِزقیاؔہ کی سُنی اَور لوگوں کو مُعاف کِیا۔ 21 سو بنی اِسرؔائیل نے جو یرُو شلیِؔم میں موجُود تھے۔ سات دِن تک بڑی خُوشی سے عیدِفطیر منائی اَور کاہِن اَور لاوی ہر روز حمد کے سازوں سےخُداوند کی سِتائش کرتے تھے۔ 22 اَور حِزقیاؔہ نے سب لاویوں سے جِوخُداوند کی خدمت میں ماہر تھے دِل پسند باتیں کیں۔ اَور وہ عید کے ساتویں دِن تک کھاتے اَور سلامتی کے ذَبیحے ذَبح کرتے اَور خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کی حمد کرتے رہے۔ 23 پِھر تمام جماعت نے صلاح کی کہ اَور سات دِن عید منائیں۔ تو اَور سات دِن وہ خُوشی سے عید مناتے رہے۔ 24 کیونکہ شاہِ یہوداہ حِزقیاہ نے جماعت کے لئے ایک ہزار بَیل اَور سات ہزار بھیڑیں دِیں اَور سرداروں نے جماعت کے لئے ایک ہزار بَیل اَور دس ہزار بھیڑیں دیں۔ اَور بُہت سے کاہِنوں نے اپنے آپ کو پاک کِیا۔ 25 اَور یہوداہ کی سب جماعت سمیت کاہِنوں اَور لاویوں کے اَور باقی جماعت جو اِسرؔائیل سے آئی تھی۔ اَور پردیسی بھی جو مُلک اِسرؔائیل سے آئے ہُوئے تھے اور وہ بھی جو یہوداہ میں رہتے تھے خُوشی سے بھرے تھے۔ 26 سو یرُوشلیِؔم میں نہایت بڑ ی خُوشی ہُوئی۔ کہ شاہِ اِسرؔائیل سُلیماؔن بِن داؔؤد کے دِنوں سے یرُوشلیِؔم میں اُس کی مانند نہیں ہُوئی تھی۔ 27 پھِر لاوی کاہِن اُٹھے۔ اَور اُنہوں نے لوگوں کو برکت دی۔ تو اُن کی آواز سُنی گئی اَور اُن کی دُعا آسمان میں اُس کے مُقدّس مَسکِن تک پُہنچی۔