باب

1 یوتام کی سلطنت جس وقت یوتاؔم بادشاہ ہُؤا۔ اُس کی عُمر پچیس برس کی تھی۔ اَور اُس نے یرُو شلیِؔم میں سولہ برس سَلطنَت کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام یروؔسہ تھا جو صدؔوق کی بیٹی تھی۔ 2 اَور اُس نے جو کُچھ خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا کِیا۔ اُس سب کی مانند جو اُس کے باپ عُزّیاہ نے کِیا تھا۔ ماسِوائے اِس کے کہ وہ خُداوند کی ہَیکل کے اندر نہ گُھسا۔ اَور لوگ شرارت ہی کرتے رہے۔ 3 اَور اُس نے خُداوند کے گھر کا اُونچا پھاٹک بنوایا اَور عؔوفل کی دِیوار پر بُہت کُچھ تعمیر کِیا۔ 4 اَور اُس نے یہُودؔاہ کے پہاڑ پر شہر بنائے۔ اَور اُس نے جنگلات میں قِلعے اَور بُرج تعمیر کِئے۔ 5 اَور اُس نے بنی عموّؔن کے بادشاہ سے لڑائی کی اَور اُن پر غالِب ہُؤا۔ تو اُس برس میں بنی عموّؔن نے اُسے ایک سَو قنطار چاندی اَور دس ہزارکُر گیہُوں اَور دس ہزار کُر جَوادا کِئے اَور ایسا ہی بنی عمّؔون نے اُسے دوسرے برس اَور تیسرے برس بھی ادا کِیا۔ 6 اَور یوتاؔم طاقت پکڑ گیا ۔ کیونکہ اُس نے اپنی راہیں خُداوند اپنے خُدا کے سامنے سِیدھی رکھیں۔ 7 اَور یوتاؔم کا باقی احوال اَور اُس کی سب لڑائیاں اَور اُس کے کام اِسرؔائیل اَور یہُودؔاہ کے بادشاہوں کی کِتاب میں لِکھے ہوئے ہیں۔ 8 جس وقت وہ بادشاہ ہُؤا۔ اُس کی عُمر پچیس برس کی تھی۔ اَور اُس نے یرُو شلیِؔم میں سولہ برس سَلطنَت کی۔ 9 اَور یوتاؔم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور داؔؤد کے شہر میں دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا آخؔز اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔