باب

1 امصیاہ کی سلطنت اَور جس وقت اَمَصیاہ بادشاہ بنا۔ اُس کی عُمر پچیس برس کی تھی۔ اَور اُس نے یرُوشلیِؔم میں اُنتیس برس سَلطنَت کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام یہوعدّاؔن تھا جو یرُو شلیِؔم کی تھی۔ 2 اَور اُس نے سب کُچھ جو خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا کِیا مگر کامِل دِل سے نہیں۔ 3 جب سَلطنَت اُس پر قائم ہُوئی۔ تو اُس نے اُن درباریوں کو قتل کِیا جِنہوں نے اُس کےباپ بادشاہ کو مارا تھا۔ 4 لیکن اُن کے بیٹوں کو اُس نے قتل نہ کِیا اُس کے مُطابِق جو مُوسؔیٰ کی شریعت میں لِکھا ہَے جہاں خُداوند نے حُکم دے کر فرمایا۔ کہ بیٹوں کے بدلے باپ مارے نہ جائیں گے۔ اَور نہ والدوں کے بدلے بیٹے مارے جائیں گے پر ہر ایک آدمی اپنے ہی گُناہ کے لئے مارا جائے گا۔ 5 اَور اَمَصیاہ نے یہُودؔاہ کو جمع کِیا۔ اَور تمام یہُودؔاہ اَور بِنیمِؔین میں اُنہیں اُن کے آبائی گھرانوں کے مُطابِق ہزاروں کے سردار اَور سینکڑوں کے سردار مُقرّر کِیا۔ اَور بیس برس سے لے کر اُس سے زیادہ عُمر والوں کا شُمار کِیا۔ تو وہ تین لاکھ مُنتخب آدمی تھے جو لڑائی میں جانے کے لائق اَور نیزہ ڈھال اُٹھاتے تھے۔ 6 اَور اُس نے اِسرؔائیل میں سے ایک لاکھ بَہادر دلیر مَرد ایک سَو قنطار چاندی کے اُجرت پر رکھّے۔ 7 تب ایک مَرد ِ خُدا نے اُس کے پاس آکر کہا۔ اَے بادشاہ اِسرؔائیل کا لشکر تیرے ساتھ نہ جائے۔ کیونکہ خُداوند اِسرؔائیل کے ساتھ نہیں اَور نہ تمام بنی اِفراؔئیم کے ساتھ ہَے۔ 8 اَور اگر تُو جائے تو لڑائی کے لئے مضبُوط ہو کیونکہ خُدا تُجھے تیرے دُشمن کے سامنے گِرا دے گا۔ کیونکہ مدد کرنا اَور گِراد دینا خُدا ہی کے اِختیار میں ہَے۔ 9 تب اَمَصیاہ نے مَردِ خُدا سے کہا۔ تو پِھر اُس سَو قنطار کے لئے جو مَیں نے اِسرؔائیل کی فوج کو دیئے ہیں مَیں کیا کرُوں؟ مَردِ خُدا نے جَواب دِیا۔ کہ خُداوند اُس سے بُہت زیادہ تُجھے عطا کرے گا۔ 10 تب اَمَصیاہ نے اُس لشکر کو جو اِفراؔئیم سے آیا تھا جُدا کِیا تاکہ اپنے گھر کو جائیں۔ مگر اُن کا غُصّہ یہُودؔاہ پر بھڑکا۔ اَور وہ اپنے مُلک کو واپس چلے گئے پر بڑے غُصّے میں تھے۔ 11 اَور اَمَصؔیاہ نے دِلاوری کی۔ اَور اپنے لوگوں کو لے کر نمک کی وادی تک گیا۔ اَور بنی شِعیؔر میں سے دس ہزار کو مارا۔ 12 اَور بنی یہُودؔاہ نے دس ہزار کو زِندہ پکڑا اَور اُنہیں صاؔلح کی چوٹی پر لائے۔ اَور صاؔلح کی چوٹی پر سے اُنہیں نیچے پھینک دِیا۔ تو وہ سب کے سب ٹکُڑے ٹکُڑے ہو گئے۔ 13 مگر اُس کے لشکر کے لوگ جِنہیں اَمَصؔیاہ نے لَوٹا دِیا تھا۔ کہ اُس کے ساتھ لڑائی میں نہ جائیں یہُودؔاہ کے شہروں میں سامریہ سے لے کر بَیت حوروؔن تک پھیل گئے اَور تین ہزار آدمیوں کو قتل کر کے لُوٹ کا بُہت سا مال لئے گئے۔ 14 اِس کے بعد ایسا ہُؤا۔ کہ جب اَمَصؔیاہ اِدومؔیوں کو قتل کرکے واپس ہُؤا۔ تو وہ بنی شِعؔیر کے مَعبُود لایا۔ اَور اُنہیں اپنے مَعبُود بنا کر کھڑا کِیا۔ اَور اُن کے آگے سجَدہ کِیا۔ اَور اُن کے لئے خُوشبُو جلائی۔ 15 تب خُداوند اَمَصؔیاہ سے ناراض ہُؤا۔ اَور اُس کے پاس ایک نبی کو بھیج کر کہا۔ کہ قوموں کے مَعبُودوں کا جو اپنے ہی لوگوں کو تیرے ہاتھ سے نہ چھُڑا سکے تُو کیوں خواہشمند ہُؤا؟ 16 اَور جب وہ اُس سے باتیں کرتا تھا اُس نے اُس سے کہا۔ کیا ہم نے تُجھے بادشاہ کا مُشِیر بنایا ہَے؟ خاموش رہ۔ تُو کیوں مارکھائے۔ تو اُس نبی نے جاتے وقت کہا۔ مُجھے معلُوم ہوتا ہَے۔ کہ خُدا کا اِرادہ تیرے ہلاک کرنے کا ہَے۔ کیونکہ تُو نے یہ کِیا۔ اَور میری صلاح نہ مانی۔ 17 پھِر شاہِ یہُودؔاہ اَمَصؔیاہ نے مشورت کی اَور اِسرؔائیل کے بادشاہ یوآؔس بِن یہوآخز بِن یاؔہُو کے پاس ایلچی بھیج کر کہا۔ کہ تُم آؤ تاکہ ہم ایک دوسرے کو رُوبرُو دیکھیں۔ 18 تو شاہِ اِسرؔائیل یوآؔس نے شاہ یہُودؔہ اَمَصؔیاہ کے پاس پیغام بھیج کر کہا کہ ایک جھاڑی نے جو لُبنؔان میں تھی ایک دیودار کو جو لُبناؔن میں تھا پیغام بھیج کر کہا۔ کہ اپنی بیٹی کا میرے بیٹے کے ساتھ بِیاہ کر دے۔ تب لُبناؔن کا ایک جنگلی درندہ گُزرا اَور اُس نے جھاڑی کو لتاڑ دِیا۔ 19 تُو نے اپنے دِل میں کہا۔ کہ مَیں نے اِدومؔیوں کو مارا ہَے ۔ تو تیرا دِل پھُول گیا ہَے۔ کہ تُو فخر کرے۔ اَب اپنے گھر میں ہی پڑا رہ۔ تُو اپنے خلاف بَدی کے لئے کیوں اِشتعال دیتا ہَے۔ تاکہ تُو اَور تیرے ساتھ یہُودؔاہ بھی گِر جائے۔ 20 پر اَمَصیاہ نے اُس کی بات نہ سُنی کیونکہ یہ خُدا کی طرف سے تھا۔ کہ اُنہیں اُن کے ہاتھ میں حوالے کرے۔ کیونکہ اُنہوں نے اِدوؔم کے مَعبُودوں کی پیروی کی تھی۔ 21 تب شاہِ اِسرؔائیل یوآؔس نے چڑھائی کی۔ اَور وہ اَور شاہِ یہُودؔاہ اَمَصؔیاہ یہُودؔاہ کے بَیت شمؔس میں ایک دوسرے کے مُقابل ہُوئے۔ 22 اَور یہُودؔاہ نے اِسرؔائیل کے سامنے سے شِکسَت کھائی۔ اَور ہر ایک اپنے خَیمے کو بھاگا۔ 23 لیکن شاہ یہُودؔاہ اَمَصؔیاہ بِن یوآس بِن اَخَزؔیاہ کو شاہِ اِسرؔائیل یوآؔس نے بَیت شمس میں پکڑ لِیا اَور اُسے یرُوشلیِؔم میں لایا۔ اَور یرُوشلیِؔم کی دِیوار کو اِفرؔائیم کے پھاٹک سے لے کر کونے کے پھاٹک تک چار سَو ہاتھ تک گِرا دِیا۔ 24 اَور تما م سونا اَور چاندی اَور سب برتن جو خُدا کے گھر میں عوبید اِدوؔم کے پاس اَور بادشاہ کے گھر کے خزانوں میں پائے گئے لے لئے۔ اَور یرغمال پکڑے اَوراَور سامریہ کو واپس گیا۔ 25 اَور شاہِ یہُودؔاہ اَمَصؔیاہ بِن یوآؔس شاہِ اِسرؔائیل یوآؔس بِن یہوآخز کے مَرنے کے بعد پندرہ برس جِیتا رہا۔ 26 اَور اَمَصؔیاہ کا باقی احوال پہلا اَور پچھلا کیا وہ یہُوداہ اَور اِسرؔائیل کے بادشاہوں کی کِتاب میں درج نہیں ؟ 27 اَور جس وقت کہ اَمَصیاہ خُداوند کی پیروی کرنے سے پِھرا۔ یرُو شلیِؔم میں اُس کے خلاف سازِش کی گئی۔ تو وہ لکیس کو بھاگ گیا۔ اَور اُنہوں نے اُس کے پیچھے آدمی بھیجے۔ تو اُنہوں نے اُسے وہاں قتل کِیا۔ 28 اَور وہ اُسے گھوڑوں پر ڈال کر لائے۔ اَور داؔؤد کے شہر میں اُس کے باپ داد ا کے ساتھ اُسے دفن کِیا۔