باب

1 یوآس کی سلطنت اَور جس وقت یوآسؔ بادشاہ بنا۔اُس کی عُمر سات برس کی تھی۔ اَور اُس نے یرُو شلیِؔم میں چالیس برس بادشاہی کی۔ اُس کی ماں کا نام ضبیاہ تھا۔ جو بیرسبع سے تھی۔ 2 اَور یہویدؔع کاہِن کے تمام دِنوں میں یوآؔس نے وہی کام کِیا جو خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا۔ 3 اَوریہویدؔع نے اُس کے لئے دو بیویاں لِیں۔ جِن سے بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 4 اُس کے بعد ایسا ہُؤا۔ کہ یوآؔس نے خُداوند کے گھر کی مَرمّت کرنے کا اِرادہ کِیا۔ 5 تو اُس نے کاہِنوں اَور لاویوں کو جمع کر کے اُن سے کہا۔ کہ یُہودؔاہ کے شہروں میں جاؤ اَور سال بہ سال سارے اِسرؔائیل سے اپنے خُدا کے گھر کی مَرمّت کے لئے نقدی جمع کرو۔ اَور اِس کام میں تُم جلدی کرو۔ لیکن لاویوں نے جلدی نہ کی۔ 6 تب بادشاہ نے یہویدؔع سردار کو بُلایا اَور کہا۔ کہ تُو نے لاویوں کو کیوں مجُبور نہیں کِیا۔ کہ وہ شہادت کے خَیمہ کے لئے جو نقدی خُداوند کے بندے مُوسؔیٰ نے اِسرؔائیل کی جماعت پر ٹھہرائی ، یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم سے لیں۔ 7 کیونکہ شریر عورت عَتَلیاہ اَور اُس کے بیٹوں نے خُدا کے گھر کو برباد کِیا۔ اَور خُداوند کے گھر کی سب مُقدْس چیزوں کو بعل دیوتا کے لئے کام میں لائے۔ 8 اَور بادشاہ نے حُکم دِیا تو اُنہوں نے ایک صندُوق بنایا۔ اَور اُسے خُداوند کے گھر کے پھاٹک کے پاس باہر کی طرف رکھّا۔ 9 اَور اُنہوں نے یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم میں مُنادی کروائی۔ کہ ہر ایک خُداوند کے لئے وہ نقدی ادا کرے۔ جو خُدا کے بندے مُوسؔیٰ نے بِیابان میں اِسرؔائیل کے لئے ٹھہرائی۔ 10 تب تمام سردار اَور تمام لوگ خُوش ہُوئے۔ اَور اُنہوں نے اندر جا کر صندُوق میں نقدی ڈالی۔ یہاں تک کہ وہ بھر گیا۔ 11 اَور ایسا ہُؤا کہ جب وہ صندُوق لاویوں کےہاتھ سے بادشاہ کے دِیوان کے پاس لایا گیا۔ اَور اُنہوں نے دیکھا کہ اُس میں بُہت نقدی ہَے تو بادشاہ کا مُحرّر اَور سردار کاہِن کا مددگار اندر آئے۔ اَور اُنہوں نے صندُوق کو خالی کِیا۔ پھِر اُسے لے جا کر اُس کی جگہ میں رکھّ دِیا۔ اَور وہ ایسا ہی روز بروز کرتے تھے۔ اَور بُہت سی نقدی جمع ہو گئی۔ 12 تو وہ بادشاہ اَور یہویدؔع نے خُدا کے گھر کی خدمت کے کام کے مُختاروں کو دی۔ اَور اُنہوں نے سنگ تراش اَور ترکھّان مزدُوری پر لگائے۔ تاکہ خُداوند کا گھر بَحال کریں اَور لوہے اَور پِیتل کے کارِیگروں کو بھی تاکہ خُداوند کے گھر کی مَرمّت کریں۔ 13 سو کارِیگروں نے اپنا اپنا کام کِیا۔ اَور شِکسَت و ریخت اُن کے ہاتھ سے دُرست کی گئی۔ اَور اُنہوں نے خُدا کے گھر کو اُس کی پہلی حالت پر بَحال کِیا۔ اَور اُسے مضبُوط کِیا۔ 14 جب سب کام کر چُکے۔ توباقی ماندہ نقدی کو وہ بادشاہ اور یہویدع کے پاس لائے۔ تو اُس نے اُس سے خُداوند کے گھر کے لئے برتن یعنی خدمت کے برتن اَور قُربانی چڑھانے کے برتن اَور طاس اَور سونے اَور چاندی کے برتن بنائے تویہویدؔع کے سب دِنوں میں وہ خُداوند کے گھر میں ہمیشہ سوختنی قُربانیاں چڑھاتے رہے۔ 15 اَوریہویدؔع بُوڑھا اَور دِنوں سے سیر ہُؤا اَور مَر گیا۔ اَور جس وقت وہ مَرا اُس کی عُمر ایک سو تیس برس کی تھی۔ 16 اَور اُنہوں نے اُسے داؔؤد کے شہر میں بادشاہوں کے ساتھ دفن کِیا۔ کیونکہ اُس نے اِسرؔائیل میں خُدا کے لئے اَور اُس کے گھر کے لئے نیکو کاری کی تھی۔ 17 اَور یہویدؔع کی وفات کے بعد یہُودؔاہ کے سردار آئے اَور بادشاہ کو سجَدہ کِیا۔ اَور بادشاہ نے اُن کی سُنی۔ 18 تب اُنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے گھر کو چھوڑ دِیا۔ اَور کھمبوں اَور بُتوں کی پرستِش کی۔ تو اُس خطاکاری کے باعِث یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم پر غضب نازِل ہُؤا۔ 19 اَور اُس نے اُن کے پاس انِبیاء بھیجے تاکہ وہ اُنہیں خُداوند کی طر ف پھیریں۔ اَور اُنہوں نے اُن پر گواہی دی۔ مگر وہ شَنوَا نہ ہُوئے۔ 20 تب خُداوند کی رُوح زِکرؔیاہ بِن یہویدع کاہِن پر اُتری۔ تو وہ لوگوں کے آگے کھڑا ہُؤا اَور اُن سے کہا۔ خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ کہ تُم خُداوند کے حُکموں کی کیوں نافرمانی کرتے ہو۔ کہ تُم کامیاب نہ ہوگے۔ چُونکہ تُم نے خُداوند کو چھوڑا۔ تو اُس نے بھی تُمہیں چھوڑ دِیا۔ 21 تو اُنہوں نے اُس کے خلاف سازِش کی۔ اَور بادشاہ کے حُکم سے خُداوند کے گھر کے صحن میں اُسے سنگسار کِیا۔ 22 اَور یوآس بادشاہ نے اُس مہربانی کو جو اُس کے باپ یہویدؔع نے اُس پر کی تھی۔ یاد نہ رکھّا۔ بلکہ اُس کے بیٹے کو قتل کِیا۔ جس نے مَوت کے وقت کہا۔ خُداوند دیکھے اَور اِنصاف کرے۔ 23 اَور سال کے اِختتام پر ایسا ہُؤا۔ کہ اَراؔم کا لشکر اُس پر چڑھ آیا۔ اَور وہ یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم میں آئے اَور لوگوں کے تمام رئیسوں کو ہلاک کِیا۔ اَور اپنی لُوٹ کا سارا مال دمِشؔق کے بادشاہ کے پاس بھیجا۔ 24 اگرچہ اَراؔم کے لشکر سے آدمیوں کا چھوٹا سا جَتھا آیا تو بھی خُداوند نے ایک عظیم لشکر کو اُن کے ہاتھوں میں کرِدیا۔ کیونکہ انہوں نے خداوند اپنے باپ دادا کے خدا کو چھوڑ دیا تھا اَور اُنہوں نے یوآؔس کو اس کے کیے کابدلہ دِیا۔ 25 جب وہ اُس کےپاس سے چلے گئے اُنہوں نے اُسے بُہت بیماریوں میں چھوڑا۔ اَور اُس کے خادِموں نے یہویدع کاہِن کے بیٹے کے خُون کے سبب اُس کے خلاف سازِش کی۔ اَور اُسے اُس کے پلنگ پر قتل کِیا۔ تو وہ مَر گیا۔ اَور داؔؤد کےشہر میں دفنا دیا گیا۔ لیکن اُنہوں نے اُسے بادشاہوں کی قبروں میں نہ دفنا دیا۔ 26 اَور جِنہوں نے اُس کے خلاف سازِش کی تھی۔ اُن میں سے زبد بِن سماعتؔ عمونی اَور یہوزبد ؔ بِن سمریؔت موآبی تھے۔ 27 اَور اُس کےبیٹوں کاحال اَور زر کی رقم جو اُس کے ماتحت جمع کی گئی۔ اَورخُدا کے گھر کی مَرمّت ۔ سو دیکھو یہ بادشاہوں کی کِتاب کی تفسیر میں درج ہیں اَور اُس کا بیٹا اَمَصؔیاہ اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔