باب

1 یو آس بادشاہ جب ساتواں برس ہُؤا۔یہویدؔع نے زور پکڑا۔ اَور سینکڑوں کے سرداروں عَزرؔیاہ یہوراؔم اَور اِسمعیل بِن یہوحناؔن اَور عَزریؔاہ بِن عوؔبید اَور مَعسیاہ بِن عداؔیاہ اَور الیسافاؔط بِن زِکرؔی کو عہد کر کے اپنے ساتھ مِلایا۔ 2 اَور وہ یہُودؔاہ میں گئے اَور یہُودؔاہ کے تمام شہروں میں سے لاویوں کو اَور اِسرؔائیل کے آبائی سرداروں کو جمع کِیا۔ اَور وہ یرُوشلیِؔم میں آئے۔ 3 اَور ساری جماعت نے خُدا کے گھر میں بادشاہ کے ساتھ عہد باندھا۔ اَوریہویدع نے اُن سے کہا۔ دیکھو بادشاہ کا بیٹا سَلطنَت کرے گا۔ جیسا کہ خُداوند نے داؔؤد کے بیٹوں کی بابت فرمایا ہَے۔ 4 اَور تُم یُوں کرو کہ کاہِنوں اَور لاویوں میں سے جو سبت کو اندر آتے ہیں۔ ایک تہائی دہلیز پر دربان ہوں۔ 5 اَور ایک تہائی بادشاہ کے گھر میں۔ اَور ایک تہائی بُنیاد کے پھاٹک پر۔ اَور سب لوگ خُدا کے گھر کے صحنوں میں ہوں۔ 6 اَور خُداوند کے گھر کے اندر کوئی نہ آئے۔ سِوائے کاہِنوں اَور لاویوں کے جو خدمت کرنے والے ہیں۔ وہیں اندر آئیں۔ کیونکہ وہ مُقدّس ہیں۔ اَور باقی لوگ خُداوند کی نِگہبانی پر مامُور رہیں۔ 7 اَور لاوی بادشاہ کے گِرد رہیں ہر شخص اپنے ہتھیار اپنے ہاتھ میں رکھّے اَور جو کوئی گھر کے اندر آئے وہ قتل کِیا جائے۔ اَور وہ بادشاہ کے اندر آنے اَور باہر جانے میں اُس کے ساتھ رہیں۔ 8 سو لاویوں اَور تمام یہُودؔاہ نے یہویدؔع کاہِن کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اَور اُنہوں نے اپنے سب آدمیوں کو لِیا جو سبت کے دِن اندر آئے مع اُن کے جو سبت کو باہر گئے۔ کیونکہ یہویدؔع کاہِن نے باری داروں کو رخُصت نہیں کیا تھا۔ 9 اَوریہویدؔع کاہِن نے داؔؤد بادشاہ کے نیزے اَور پھریاں اَور ڈھالیں جو خُدا کے گھر میں تھیں سینکڑوں کے سرداروں کو دیں۔ 10 اَور اُس نے سب لوگوں کو ہر ایک کے ہاتھ میں ہتھیار دے کر گھر کی دہنی طرف سے لے کر گھر کی بائیں طرف تک مذَبح اَور گھر کے نزدِیک بادشاہ کے گِرد گھیرا ڈالے ہُوئے کھڑا کِیا۔ 11 اَور اُنہوں نے بادشاہ کے بیٹے کو نِکالا۔ اَور اُس پر تاج رکھّ کر شہادت نامہ دِیا۔ اَور اُسے بادشاہ بنایا۔ اَوریہویدؔع اَور اُس کےبیٹوں نے اُسے مَسح کِیا اَور بولے۔ بادشاہ زِندہ رہے۔ 12 اَور عتَلَؔیاہ نے لوگوں کا شور سُنا۔ جو دوڑتے اَور بادشاہ کو دُعا دیتے تھے۔تو وہ خُداکے گھر میں لوگوں کے پاس آئی۔ 13 اَور اُس نے نظر کی تو دیکھا کہ مدَخِل کے پاس بادشاہ مَنبر پر کھڑا ہَے۔ اَور رئیس اَور نرسِنگے بجانے والے بادشاہ کے پاس ہَیں۔ اَور سب لوگ خُوشی کرتے اَور نرسِنگے بجاتے ہیں۔ اَور گانے والے موسیقی کے سازوں سے حمد گا رہے ہیں۔ تو عَتلَؔیاہ نے اپنے کپڑے پھاڑے اَور کہا۔ غداری، غداری۔ 14 تب یہوید ؔع کاہِن سینکڑوں کے سرداروں کو جو فوج پر مُتعّین تھے باہر نِکال لایا اَور اُن سے کہا کہ اِسے صفوں کے درمیان سے باہر کرو۔ اَور جو کوئی اُس کی پیروی کرے اُسے تلوار سے قتل کرو۔ کیونکہ کاہِن نے کہا۔ کہ وہ خُدا کے گھر کے اندر قتل نہ کی جائے۔ 15 تب اُنہوں نے اُس کے لئے رستہ چھوڑا۔ جس وقت کہ وہ گھوڑے پر پھاٹک کے مدَخِل کے پاس بادشاہ کے گھر کو جارہی تھی۔ اَور اُسے وہاں قتل کر دِیا۔ 16 اَور یہویدؔع نے اپنے درمیان اَور تمام لوگوں اَور بادشاہ کے درمیان عہد باندھا۔ کہ وہ خُداوند کے لوگ ہوں۔ 17 اَور سب لوگ بَعلَؔ کے گھر میں داخل ہُوئے اَور اُسے ڈھا دِیا۔ اَور اُس کے مذَبحوں اَور اُس کی مُورتوں کو ٹکُڑے ٹکُڑے کیا اَور بَعلَؔ کے کاہِن متاؔن کو مذَبحوں کے سامنے قتل کِیا۔ 18 اَوریہویدع نے خُداوند کے گھر میں کاہِنوں کے ماتحت لاویوں کو ناظِر مُقرّر کِیا۔ جِن کی داؔؤد نے خُداوند کے گھر میں باریاں ٹھہرائی تھیں۔ تاکہ خُداوند کے لئے سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ جیسا کہ مُوسؔیٰ کی شریعت میں لِکھا ہُؤا ہَے۔ خُوشی سے اَور راگوں سے جیسا کہ داؔؤد کا دستُور تھا۔ 19 اَور اُس نے خُداوند کے گھر کے پھاٹکوں پر دربان مُقرّر کئے تاکہ جو کوئی کِسی چیزسے ناپاک ہو وہ اندر نہ جائے۔ 20 اَور اُس نے سینکڑوں کے سرداروں اَور اَمیروں اَور لوگوں کے حاکِموں اَور مُلک کے سب لوگوں کو ساتھ لِیا اَور بادشاہ کو خُداوند کے گھر سے لے آیا۔ اَور وہ اُونچے پھاٹک کی راہ بادشاہ کے گھر کو آئے اَور اُنہوں نے بادشاہ کو سَلطنَت کے تخت پر بٹھایا۔ 21 اَور مُلک کے تمام لوگ خُوش ہُوئے۔ اَور شہر کو چَین آیا۔ اَور عَتلیاہ کو اُنہوں نے تلوار سے قتل کر دِیا۔