باب

1 اخزیاہ کی سلطنت اَور یرُو شلیِؔم کے باشِندوں نے اُس کے چھوٹے بیٹے اَخَؔزیاہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔ کیونکہ عرؔب کے راہزن جو خَیمہ گاہ پر آپڑے تھے۔ اُنہوں نے اُس کے سب بڑے بھائیوں کوقتل کر دِیا تھا۔ تو شاہِ یہُودؔاہ یہوراؔم کا بیٹا اَخَؔزیاہ بادشاہ بنا۔ 2 جس وقت اَخزیاہ بادشاہ ہُؤا۔ وہ بائیس برس کی عُمر کا تھا اَور اُس نے یرُو شلیِؔم میں ایک برس بادشاہی کی۔ اُس کی ماں کا نام عَتَلیاہ تھا جو عُمؔری کی بیٹی تھی۔ 3 اَور وہ اَخی اب کے گھرانے کی راہوں پر چلا۔ کیونکہ اُس کی ماں اُسے بَدی کرنے کی صلاح دِیا کرتی تھی۔ 4 اَور اُس نے اَخی اب کے گھرانے کی مانند خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ کیونکہ وہ اُسے اُس کےباپ کی مَوت کے بعد اُس کی ہلاکت کی صلاح دیتے تھے۔ 5 تو وہ اُن کی صلاح کے مُطابِق چلا۔ اَور شاہ اِسرؔائیل یہوراؔم بِن اخی اب کے ساتھ شاہِ اَراؔم حزاؔئیل کے خلاف جنگ کرنے کے لئے راماؔت جلعاد پر چڑھا۔ تو اَرامیوں نے یہوراؔم کو زخمی کِیا۔ 6 تب وہ یزر ؔعیل میں اُن زخموں کے عِلاج کے لئےگیا۔ جو اُس نے راماؔت میں شاہِ اَراؔم حؔزائیل کے خلاف جنگ کرنے میں کھائے تھے۔ اَور یہُودؔ اہ کا بادشاہ اَخزیاہ بِن یہوراؔم گیا۔ تاکہ یزرؔعیل میں یہوراؔم بِن اَخی اب کی بیمار پُرسی کرے۔ 7 اَور یہوراؔم کے پاس آنے سے اَخَؔزیاہ کی ہلاکت خُدا کی طرف سے ہُوئی۔ کیونکہ جب وہ آیا تو وہ یہوراؔم کے ساتھ یاہؔو بِن نمسی کے اِستِقبال کو باہر نِکلا۔ جِسے خُداوند نے مَسح کِیا تھا۔ تاکہ اَخی اب کے خاندان کو نابُود کرے۔ 8 تو ایسا واقع ہُؤا۔ کہ جس وقت یاہُوؔ اَخی اب کے گھرانے سے اِنتقام لے رہا تھا ۔ تو اُس نے یہُودؔاہ کے رئیسوں اَور اَخَؔزیاہ کے بھائیوں کے اُن بیٹوں کوپایا جو اخزیاہ کی خدمت کیا کرتے تھے اور انہیں قتل کر دیا۔ 9 اس نے اخزیاہ کی تلاش کی۔ تو اُنہوں نے اُسے پکڑا۔ جب کہ وہ سامریہ میں چھُپا ہُؤا تھا۔ اَور اُسے یاہُو کے پاس لائے۔ تو اُنہوں نے اُسے قتل کِیا اَور دفن کِیا۔ کیونکہ اُنہوں نے کہا کہ وہ یہوسفط کا بیٹا ہَے۔ جس نے خُداوند کو اپنے سارے دِل سے ڈُھونڈا۔سو اَحَؔزیاہ کے گھرانے میں کوئی باقی نہ رہا جو سَلطنَت سنبھال سکے۔ 10 عتلیاہ کی دست درازی جب اَخَؔزیاہ کی ماں عَتلَیاہ نے دیکھا کہ اُس کا بیٹا مَر گیا تو وہ اُٹھی اَور اُس نے یہُودؔاہ کے گھرانے سے تمام شاہی نسل کو ہلاک کِیا۔ 11 تب بادشاہ کی بیٹی یہوسَبَعؔت نے یوآؔس بِن اَخَؔزیاہ کو لِیا۔اور اُسے بادشاہ کے بیٹوں کے درمیان سے چرا یا جو قتل کر دئیے گئے تھے اور اُسے اور اُس کی دائی کو بستروں کی کوٹھڑی میں رکھّا۔ اَور اُس یہوسَبعَتؔ شاہِ یہوراؔم کی بیٹی نے جویہویدع کاہِن کی بیوی تھی۔ اُسے عَتلَیؔاہ کے سامنے سے چُھپایا کیونکہ وہ اَخزیاہ کی بہن تھی۔ تو اُس نے اُسے قتل نہ کِیا۔ 12 اَور وہ اُن کے ساتھ خُدا کے گھر میں چھ برس تک چُھپا رہا۔ اَور عتَلَیاہ مُلک پر بادشاہی کرتی رہی۔