باب

1 حملہ آوروں پر فتح اَور اُس کے بعد ایسا ہُؤا۔ کہ بنی موآبؔ اَور بنی عموّؔن اَور اُن کے ساتھ عمونی یہوسفط سے جنگ کرنے کو آئے۔ 2 تب بعض لوگوں نے آ کر یہوسفط کو خبر دی اَور کہا کہ سمُندر کے پار ادوم سے تیرے خلاف ایک بڑی بھیڑنِکل کر آئی ہَے۔ اَور دیکھ وہ حصاصُوؔن تمر میں ہیں جو عین جدؔی ہَے۔ 3 تب یہو سفط ڈرا۔ اَور خُداوند سے دُعا مانگنے لگا۔ اَور تمام یہُودؔاہ میں روزہ رکھنے کی منُادی کروائی۔ 4 تب بنی یہُودؔاہ خُداوند سے دُعا مانگنے کے لئے جمع ہُوئے۔ وہ یہُودؔاہ کے سارے شہروں سے خُداوند کی مِنّت کرنے کو آئے۔ 5 اَور یہوسفط یہُودؔاہ اَور یرُوشلیِؔم کی جماعت کے درمیان خُداوند کے گھر میں نئے صحن کے آگے کھڑا ہُؤا۔ 6 اَور کہا۔ اَے خُداوند ہمارے باپ دادا کے خُدا! کیا آسمان میں تُو ہی خُدا نہیں؟ اَور کیا تُو غیر قوموں کی سب مَملکُتَوں پر حُکومت نہیں کرتا ہَے؟ اَور زور اَور طاقت تیرے ہی ہاتھ میں ہَے اَور کوئی تیرا سامنا نہیں کر سکتا۔ 7 کیا تُو ہی ہمارا خُدا نہیں؟ جس نے اُس مُلک کے باشِندوں کو اپنے لوگوں اِسرؔائیل کے سامنے سے نِکال دِیا اَور اپنے دوست ابرہام کی نسل کو اُسے ہمیشہ کے لئے عطا کِیا۔ 8 تو وہ اُس میں سکُونت پذیر ہُوئے۔ اَور اُنہوں نے اُس میں تیرے نام کے لئے ایک مَقدِس بنایا۔ یہ کہہ کر۔ 9 کہ جب تلوار سے یا آفت سے یا وَبا یا کال سے ہم پر کوئی مُصِیبت پڑے۔ اَور ہم اُس گھر کے آگے اَور تیرے آگے کھڑے ہوں۔ کیونکہ تیرا نام اُس گھر میں ہَے۔ اَور اپنے دُکھ میں تیرے پاس فریاد کریں۔ تو تُو سُن لے گا اَور رِہائی دے گا۔ 10 اَور اُس وقت یہ بنی عموؔن اَور موآؔبی کوِہ شِیعؔر کے لوگ جِن کے درمیان سے تُو نے اِسرؔائیل کو گُزرنے نہ دِیا۔ سو وہ اُن سے ایک طر ف کو گئے اَور اُنہیں ہلاک نہ کِیا۔ 11 دِیکھ وہ آکر ہمیں یہ بدلہ دِیتے ہیں کہ ہمیں تیری اُس مِیرَاث سے نِکال دِیں جس کا تُو نے ہمیں وارِث کِیا ہَے۔ 12 اَے ہمارے خُدا! کیا تُو اُنہیں سزا نہ دے گا؟کیونکہ اُس بڑی بھیڑ کے آگے جو ہمارے خلاف آئی ہَے ہماری کُچھ طاقت نہیں۔ اَور ہم نہیں جانتے کہ ہم کیا کریں۔ اَور ہماری آنکھیں تیری طرف ہیں۔ 13 اَور تمام یہُودؔاہ اپنے بچّوں اَور اپنی عورتوں اَور اپنے لڑکوں کے ساتھ خُداوند کے سامنے کھڑے ہُوئے۔ 14 تب یحزیؔ ایل بِن زکرؔیاہ بِن بناؔیاہ بِن یَعی ؔا یل بِن مَتَنیاہ لاوی پرجو بنی آسف میں سے تھا، جماعت کے درمیان خُداوند کی رُوح نازِل ہُوئی۔ 15 تو اُس نے کہا۔ سُنو تُم اَے تمام یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم کے باشِندو اَور تُو اَے بادشاہ یہوسفط! خُداوند تُمہیں یُوں فرماتا ہَے۔ کہ تُم نہ ڈرو اَور اُس بڑی بھیڑ کے سامنے نہ گھبراؤ۔ کیونکہ لڑائی تُمہاری نہیں بلکہ خُدا کی ہَے۔ 16 کَل کے روز تُم اُن کے خلاف جاؤ۔ کیونکہ وہ صیص ؔ کی چڑھائی پر چڑھیں گے ۔ اَور دشت ِ یرؔوئیل کے مُقابِل نالے کے سِرے پر تُم اُنہیں پاؤ گے۔ 17 تُمہیں لڑائی کرنے کی حاجت نہیں۔ تُم کھڑے رہواَور قائم ہو۔ اَور تُم خُداوند کی مدد کو اپنے ساتھ دیکھو گے۔ اَے یُہودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم تُم مت ڈرو اَور نہ گھبراؤ۔ کل تم ان کے خلاف نکلو گے اور خداوند تمہیارے ساتھ ہو گا۔ 18 تب یہوسفط اپنے مُنہ کے بَل زمین پر گِرا۔ اَور سب یہُودؔاہ اَور یرُوشلیِؔم کے باشِندے خُداوند کو سجَدہ کرنے کے لئے خُداوند کے آگے گِرے۔ 19 اَور بنی قہاؔت اَور بنی قَورؔح میں سے لاوی اُٹھ کھڑے ہُوئے۔ تاکہ نہایت بڑی آواز سے خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کی حمد کریں۔ 20 پھِر صُبح کو وہ سویرے اُٹھے۔ اَور دشتِ تقوؔع کی طرف باہر نِکلے۔ اَور اُن کے باہر نِکلنے کےوقت یہوسفط کھڑا ہُؤا اَور بولا۔ اَے یہُوؔدا ہ اَور یرُو شلیِؔم کے رہنے والو میری بات سُنو۔ خُداوند اپنے خُدا پر اِیمان لاؤ۔ تو تُم اَمن سے رہو گے۔ اَور اُس کے انبیاء کی بات مانو تو تُم کامیاب ہو گے۔ 21 اَور اُس نے لوگوں سے مشورت کی اَور خُداوند کے لئے گانے والوں اَور پاک آرائش کے ساتھ اُس کی حمد کرنے والوں کو مُقرّر کِیا۔ اُس کے شایان ِشان تعریف کرتے ہوئے کہیں"خُداوند کی سِتائش کرو۔ کیونکہ اُس کی رحمت اَبد تک ہَے"۔ 22 اَور جب اُنہوں نے گانا اَور حمد کرنا شُروع کِیا۔ تو خُداوند نے کمِین والوں کوبنی عمّؔون اَور موآبیؔوں اَور کوہِ شِعؔیر کے اُن باشِندوں کے خلاف بِٹھا دِیا جِنہوں نے یہُودؔاہ پر چڑھائی کی تھی۔ پس وہ مارے گئے۔ 23 کیونکہ بنی عمّؔون اَور موآؔبی کوہِ شِعؔیر کے باشِندوں کے خلاف اُٹھے۔ تاکہ اُنہیں مار ڈالیں اَور ہلاک کریں اَور جب و ہ شِعؔیر کے باشِندوں کا کام تمام کر چُکے تو وہ آپس میں ایک دُوسرے کو ہلاک کرنے لگے۔ 24 اَور جب یُہوؔداہ ایک ایسے مقام تک پُہنچا جہاں سے بِیابان نظر آتا تھا۔ تو اُنہوں نے بڑی بھیڑ کی طرف نِگاہ کی۔ تو دیکھو لاشیں ہی لاشیں زمین پرپڑی ہوئی تھیں۔ اَور اُن میں سے کوئی نہ بچا تھا۔ 25 تب یہوسفط اَور اُس کے لوگ اُنہیں لُوٹنے کے لئے آگے آئے۔ اَور لاشوں کے درمیان اُنہوں نے بکثرت مویشی اَو ر اَسباب اَور پوشاکیں پائیں۔ تو اُنہوں نے اُنہیں اپنے لئے لے لِیا اَو ر وہ سب اُن کے اُٹھا لے جانے کے اِمکان سے زیادہ تھا۔ اَور وہ تین دِن تک غنیمت کو جمع کرتے رہے۔ کیونکہ وہ کثر ت سے تھی۔ 26 اَور چوتھے دِن وہ برَاؔکاہ کی وادی میں جمع ہوئے۔ کیونکہ وہاں پر اُنہوں نے خُداوند کو مُبارَک کہا۔ تو اُس وقت سے وہ جگہ آج کے دِن تک وادی برَاؔکاہ کہلائی۔ 27 پھِر یہُودؔاہ اَور یرُو شلیِؔم کے سب لوگ واپس پھِرے۔ اَور یہوسفط اُن کے آگے آگے تھا۔ وہ خُوشی سے یرُوشلیِؔم کو لَوٹے کیونکہ خُداوند نے اُن کے دُشمنوں پر اُنہیں شادمانی بخشی۔ 28 اَور بانسریوں اَور بربطوں اَور نرسِنگوں کے ساتھ خُداوند کے گھر کی طرف یرُو شلیِؔم میں داخِل ہوئے۔ 29 اَور خُدا کا خوف اُن مُلکوں کی سب سَلطنَتوں پر چھا گیا۔ جب اُنہوں نے سُنا۔ کہ اِسرؔائیل کے دُشمنوں سے خُداوند نے لڑائی کی۔ 30 اَور یہوسفط کی سَلطنَت میں اَمن رہا۔ کیونکہ خُدا نے اُسے ہر ایک طرف سے آرام بخشا۔ 31 اَوریہوسفط یہُودؔاہ پر بادشاہی کرتا رہا۔ جس وقت وہ بادشاہ ہُوا تو اُس کی عُمر پینتیس برس کی تھی۔ اَور اُس نے یرُوشلیِؔم میں پچیس برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام عُزوؔبہ تھا جو سِلحؔی کی بیٹی تھی۔ 32 اَور وہ اپنے باپ آؔسا کی راہوں پر چلا اَور اُن سے تجاوُز نہ کِیا۔ اَور جو کُچھ خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا وہی کِیا۔ 33 لیکن اُونچی جگہیں ڈھائی نہ گئیں۔ اَور لوگوں کے دِل بھی اُن کے باپ دادا کے خُدا کی طرف تب مائل نہیں ہوئے تھے۔ 34 اَوریہوسفط کے پہلے اَور پچھلے باقی کام یاؔہُو بِن حناؔنی کی توارِیخ میں لِکھے ہوئے ہیں جو اِسرؔائیل کے بادشاہوں کی کِتاب میں شامِل ہَے۔ 35 اِس کے بعد یہُودؔاہ کے بادشاہ یہوسفط نے اِسرؔائیل کے بادشاہ اَخزؔیاہ سے اِتحاد کِیا جو بَد اَعمال تھا۔ 36 اَور اُس نے اِس لئے اِتحاد کِیا۔ تاکہ جہاز بنا کر ترسیسؔ کو بھیجیں۔ چُنانچہ اُنہوں نے عصیؔون جابر میں جہاز بنوائے۔ 37 تب الیعزؔر بِن دودؔاواہونے جو مریسہ کا تھا یہوسفط کے خلاف پیشین گوئی کر کے کہا۔ چُونکہ تُو نے اَخزیاہ سے اِتحاد کِیا۔ خُداوند تیرے کاموں کو بِگاڑ دے گا۔ سو وہ جہاز ٹوٹ گئے۔ اَور اُن کا ترسیس کو جانا رہ گیا۔