باب

1 اصلاحات اَور یہُوداؔہ کا بادشاہ یہوسفط یرُو شلیِؔم میں اپنے گھر کو سلامتی سے واپس آیا۔ 2 تو یاؔہُو بِن حنؔانی غیب بِین اُس کے مِلنے کے لے باہر نِکلا۔ اَور اِس نے یہوسفؔط بادشاہ سے کہا۔ کہ تُو خطاکاروں کی مدد کرتا ہَے۔ اَور خُداوند کے دُشمنوں سے مُحبّت رکھتا ہَے۔ اِس سبب سے تُو خُداوند کے حضُور سے غضب کا سزاوار ہُؤا ہَے۔ 3 مگر تُجھ میں نیک کام پائے گئے ہیں۔ کیونکہ تُو نےیسیرتوں کو مُلک سے دُور کِیا ہَے اَور خُدا کی تلاش کے لئے اپنے دِل کو تیاّر کِیا ہَے۔ 4 اَور یہوسفؔط یرُوشلیِؔم میں رہا۔ اَور بیرسبؔع سے لے کر کوہِ اِفراؔئیم تک پھِر لوگوں کے پاس گیا۔ اَور اُنہیں خُداوند اُن کے باپ دادا کے خُداکی طرف پھیرا۔ 5 اَور اُس نے مُلک کے درمیان یہُودؔاہ کے سب فصیل دار شہروں میں شہر بہ شہر قاضِیوں کومُقرّر کِیا۔ 6 اَور قاضِیوں سے کہا۔ خبردار رہو۔ تُم کیا کرتے ہو۔ کیونکہ تُم آدمی کے لئے نہیں بلکہ خُداوند کے لئے عدالت کرتے ہو۔اَور وہ فتویٰ میں تُمہارے ساتھ ہَے۔ 7 اَور اَب خُداوند کا خوف تُم پر رہے۔ اَور تُم سب کام دِیانتداری سےکرو۔ کیونکہ خُداوند ہمارے خُدا کے حضُور بے اِنصافی نہیں اَور نہ مُنہ کالحاظ ہَے اَور نہ رِشوت لینا ہَے۔ 8 اَور یہوسفؔط نے یرُو شلیِؔم میں بھی لاویوں اَور کاہِنوں اَور اِسرؔائیل کے آبائی رئیسوں کو مُقرّر کِیا۔ کہ خُداوند کے لئے عدالت کریں اَور جھگڑے فیصل کریں۔ تو وہ یرُوشلیِؔم میں رہے۔ 9 اَور اُس نے اُنہیں حُکم دے کر کہا کہ تُم خُداوند کے خوف اَور ایمانداری اَور صاف دِل سے ایسا ہی کرو۔ 10 اَور جب کبھی تُمہارے بھائیوں کی طرف سے جو اپنے شہروں میں رہتے ہیں کوئی مُقدّمہ تُمہارے سامنے آئے جو آپس کے خُون کے یا شریعت اَور حُکم یا قَوانیِن یا آئین کے مُتعلق ہو۔ تو تُم اُنہیں مُتنبہ کرنا کہ خُداوند کےخلاف گُناہ نہ کریں تاکہ اُس کا غضب تم پراَور تُمہارے بھائیوں پر نہ پڑے۔ تم ایسا ہی کرنا تو تم قُصور وار نہ ہوگے۔ 11 اَور امریاہ کاہِن تمام معاملوں میں جو خُداوند سے تعلق رکھتے ہوں۔ تُمہارا سردار ہوگا اور بادشاہ کے متعلق سب معاملوں میں زبدیاہ بِن اسمعیل بنی یہوداہ کا سردار ہوگا اور عہد ہ دار لاوی تُمہارے پاس ہیں۔ پس دلاور بنو اَور کام کرو اَور خُداوند نیکوں کے ساتھ ہو۔