باب

1 یہو سفط کی سلطنت اَور اُس کا بیٹا یہوسفؔط اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔اَور اُس نے اِسرؔائیل کے مُقابِل اپنے آپ کو قَوی کِیا۔ 2 اُس نے یہُودؔاہ کے تمام فصیل دار شہروں میں فوج رکھّی۔ اَور یہُودؔاہ کے مُلک اَور اِفراؔئیم کے اُن شہروں میں پَہرے دار بٹھائے جو اُس کے باپ آسؔا نے لئے تھے۔ 3 اَور خُداوند یہوسفؔط کے ساتھ تھا۔ کیونکہ وہ اپنے باپ کی راہوں پر چلا اَور بَعلؔیم کی تلاش نہ کی۔ 4 بلکہ اپنے باپ دادا کے خُدا کا طالِب ہُؤا ۔ اَور اُس کے حُکموں پر نہ کہ اِسرؔائیل کے کاموں کے مُطابِق چلا۔ 5 تو خُداوند نے اُس کے ہاتھوں میں سَلطنَت کو قائم کِیا۔ اَور تمام یہُودؔاہ اُس کے پاس تحفے لاتے تھے۔ سو اُس کی دولت اَور عِزّت بڑی ہوئی۔ 6 اَور اُس کا دِل خُداوند کی راہوں میں مسرُور ہُؤا۔ اَور اُس نے یہُودؔاہ سے اُونچی جگہیں اَوریسیرتوں کو دُور کردیا۔ 7 اَور اپنی سَلطنَت کے تیسرے برس میں اُس نے سرداروں بِن خیل اَور عبؔدیاہ اَور زکرؔیاہ اَور نِتنئیل اَور مِیکاؔیاہ کو بھیجا۔ تاکہ وہ یہُودؔاہ کے شہروں میں تعلیم دیں۔ 8 اَور اُن کے ساتھ لاویوں میں سے سمعیاہ اَور نتنؔیاہ اَور زبدؔیاہ اَور عساؔہیل اَور سمِیرؔاموت اَوریہونتن اَور اُدونیاہ اَور طُوؔبیاہ لاویوں کو۔ اَور اُن کے ساتھ اِلیسمع اَوریہوراؔم کاہنوں کو۔ 9 تو وہ یہُودؔاہ میں تعلیم دیتے تھے اَور اُن کے پاس خُداوند کی شریعت کی کِتاب تھی اَور وہ یہُودؔاہ کے سارے شہروں میں لوگوں کو تعلیم دیتے ہوئے گھوُمتے پھرتے تھے۔ 10 اَور زمین کی اُن سب مَملکُتَوں پر خُداوند کا رُعب تھا جو یہُودؔاہ کے اِردگرِد تھیں۔ تو اُنہوں نے یہوسفؔط سے جنگ نہ کی۔ 11 اَور فِلستیوں میں سے بعض یہوسفؔط کے پاس تُحفے اَور جزیہ کی چاندی لائے۔ اَور ایسا ہی اہلِ عرت چوپایوں سے سات ہزار سات سَو بکرے لائے۔ 12 اَور یہوسفط بُہت ہی بڑھا۔ اَور اُس نے یہُودؔاہ میں بُرج اَور ذخیرہ کے لئے شہر بنائے۔ 13 اَور یہُودؔاہ کے شہروں میں اُس کا بُہت کاروبار تھا۔ اَور یرُوشلیِؔم میں اُس کے طاقتور جنگی مَرد تھے۔ 14 اُن کے آبائی گھرانوں کے مُطابِق اُن کی یہ تعداد تھی۔ یہُودؔاہ میں ہزاروں کے سردار یہ تھے۔ سردار عَدؔنہ اَور اُس کے ساتھ تین لاکھ طاقتور جنگی مرد۔ 15 اُس کے ماتحت سردار یہوحنؔان اَور اُس کے ساتھ دو لاکھ اسّی ہزار۔ 16 اَور اُس کے ماتحت عمؔسیاہ بِن زِکرؔی جس نے خُوشی سے اپنے آپ کو خُداوند کی نَذَر کیا تھا اَور اُس کے ساتھ دو لاکھ بَہادُر دلیر مَرد تھے۔ 17 اَور بِنیمِیؔن میں سے الِیدع بَہادُر دلیر آدمی اَور اُس کے ساتھ دو لاکھ کمان اَور ڈھال سے مُسلّح تھے۔ 18 اُس کے ماتحت یہوزبد اَور اُس کے ساتھ ایک لاکھ اَسّی ہزار لڑائی کے لئے تیاّر تھے۔ 19 یہ بادشاہ کے حضُور خدمت گُزار تھے ماسِوائے اُن کے جِنہیں بادشاہ نے تمام یہُودؔاہ کے فصیل دار شہروں میں مُقرّر کِیا تھا۔