باب

1 عَزرؔیاہ کی نبوت اَور خُداوند کی رُوح عَزرؔیاہ بِن عودؔدپر نازِل ہُوئی۔ 2 تو وہ آسؔا کے مِلنے کے لئے باہر گیا اَور اُس سے کہا۔ اَے آسؔا اَور تمام یہُودؔاہ اَور بِنیمؔین میری سُنو۔ خُداوند تُمہارے ساتھ ہَے جب تک کہ تُم اُس کے ساتھ ہو۔ اَور اگر تُم اُسے ڈھونڈو گے تو تُم اُسے پالو گے اَور اگر تُم اُسے چھوڑ دو گے تو وہ بھی تُمہیں چھوڑ دے گا۔ 3 اَور اِسرؔائیل بُہت دِنوں تک بغیر سچّے خُدا کے اَور بغیر سِکھانے والے کاہِن کے اَور بغیر شریعت کے رہا۔ 4 مگر جب اپنی تنگی میں اُنہوں نے خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کی طرف رجُوع کِیا۔ اَور اُسے ڈھونڈا تو اُسے پا لِیا۔ 5 اَور اُن وقتوں میں باہر جانے والے اوراَندر آنے والے کی سلامتی نہ تھی۔ بلکہ مُمالِک کے تمام باشِندوں پر سخت اِضطراب واقع ہُؤا۔ 6 ۔قوم قوم سے اَور شہر شہر سے لڑا۔ کیونکہ خُداوند نے اُنہیں سب مُصِیبت سے بے چَین کِیا۔ 7 پر تُم مضبُوط ہو اَوراپنے ہاتھوں کو ڈِھیلا نہ ہونے دو۔ کیونکہ تُمہارے کام کا اَجر مِلے گا۔ 8 جب آسؔا نے عَزریؔاہ بِن عودؔدنبی کی نُبوّت کی اُن باتوں کو سُنا۔ اُس نے دِلاوری کی۔ اَور اُس نے یہُودؔاہ اَور بِنیمِؔین کے تمام مُلک سے اَور اُن شہروں سے مکرُوہات کو دُور کِیا۔ جو اُس نے کوہِ اِفرؔائیم میں لئے تھے ۔ اَور خُداوند کے اُس مذَبح کو از سِر نَو بنایا جو خُداوند کے برآمدے کے آگے تھا۔ 9 اَور اُس نے سارے یہُودؔاہ اَور بِنیمِین کو اَور اُن پردیسیوں کو جمع کِیا جو اِفرؔائیم اَور منؔسّی اَور شمعُوؔن میں سے اُن کے ساتھ تھے کیونکہ جب اُنہوں نے دیکھا کہ خُداوند اُس کا خُدا اُس کے ساتھ ہَے۔ تو اِسرؔائیل میں سے وہ بکثرت اُس کے پاس آئے۔ 10 تو آسؔا کی سَلطنَت کے پندرھویں برس کے تیسرے مہینے میں وہ سب یرُو شلیِؔم میں جمع ہُوئے۔ 11 اَور اُس روز اُنہوں نے لُوٹ کی چیزوں میں سے جو لائے تھے سات سَو بیَل اَور سات ہزار بھیڑیں خُداوند کے لئے ذَبح کیں۔ 12 اَور وہ اُس عہد میں شامِل ہو گئے کہ اپنے سارے دِل اَور اپنی ساری جان سے اپنےباپ دادا کے خُدا کے طالب ہُوں گے۔ 13 اَور جو کوئی خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کو نہ ڈُھونڈے گا وہ قتل کِیا جائے گا کیا بڑا کیا چھوٹا۔ کِیا مَرد کیا عورت۔ 14 اَور اُنہوں نے بُلند آواز سے اَور خُوشی کی للکار اَور نرسِنگوں اَور بانسریوں سے خُداوند کے لئے قَسم کھائی۔ 15 اَور تمام یہُودؔاہ اُس قَسم سے خُوش ہُؤا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے سارے دل سے قَسم کھائی۔ اَور اپنی ساری رَغبت سے اُسے دُھونڈا۔ اَور اُسے پا لِیا۔ اَور خُداوند نے اُنہیں چاروں طرف سے آرام بخشا۔ 16 اَور آسؔا بادشاہ کی ماں مَعکہَ سے اُس نے مَلکہ کا لقب ہٹا دِیا۔ کیونکہ اُس نے یسیرت کے لئے ایک مُورت بنائی تھی۔ تو آسؔا نے اُس مُورت کو توڑا۔ اَور اُسے چُور چُور کِیا۔ اَور وادی قدروؔن میں اُسے جَلا دِیا۔ 17 لیکن اونچی جگہیں اِسرؔائیل سے دُور نہ کی گئیں۔ تاہم آسؔا کا دِل اُس کے کُل ایّام میں کامِل تھا۔ 18 اَور وہ اپنے باپ کی مخصُوص شُدہ چیزیں اَور اپنی مخصُوص شُدہ چیزیں چاندی کی اَور سونے کی اَور ظُرُوف خُدا کے گھر میں لایا۔ 19 اَور آسؔا کی مَملکُتَ کے پینتیسویں برس تک پھِر لڑائی نہ ہُؤئی۔