باب

1 ۔ اور اسرائیل نے اُن سب کے ساتھ جو اُس کے تھے سفر کیِا اور بیرسبع پر آکر اپنے باپ اِضحاق کے خُدا کے لئے قُربانیاں گزُرانیں ۔ 2 ۔اور خُدا نے رات کو خواب میں اِسرائیل سے کلام کیِا اور کہا ۔اے یعقوب ! وہ بولا ‘ میَں حاضر ہوں ۔ 3 ۔اُس نے کہا ۔ میَں خُدا تیرے باپ کا خُدا ہُوں ۔ مصر میں جانے سے نہ ڈر ۔کیونکہ میں تجھے وہاں بڑی قوم بناؤں گا ۔ 4 ۔میَں تیرے ساتھ مصر کو جاؤں گا اور تجھے ضرور پھر لے آؤں گا۔ او ر یوسف اپنا ہاتھ تیری آنکھوں پر رکھے گا۔ 5 ۔تب یعقوب بیرسبع سے اُٹھا او ر اِسرائیل کے بیٹے اپنے باپ یعقوب کو اور اپنے لڑکوں اور اپنی بیویوں کو اُن گاڑیوں پر جو فرعون نے اُسے لے جانے کے لئے بھیجی تھیں لے چلے۔ 6 ۔اور اُنہوں نے اپنے مویشی اور اپنا سب کچھ جو اُنہوں نے ملک کِنعان میں جمع کیِا تھا ،لیِا ۔اور یعقوب نے اپنی سب اولاد کے ساتھ مصر میں آیا۔ 7 ۔اُس کے بیٹے اور اُس کے بیٹوں کے بیٹے اور اُس کی بیٹیاں اور اُس کے بیٹوں کی بیٹیاں اور اُس کی سب نسل اُس کے ساتھ مصر میں آئی۔ 8 ۔ اور بنی اِسرائیل جو مصر میں آئے اُن کے نام یہ ہیں ۔یعقوب اور اُس کے بیٹے ۔یعقو ب کا پہلوٹھا روبن ۔ 9 ۔بنی روبن یہ ہیں۔ حنوک اور فلو اور حصرون اور کرمی ۔ 10 ۔بنی شمعون ۔ یموایل اور یمین اور اُہد اور یکین اور صُحر اور کِنعانی عورت کا بیٹاساؤل ۔ 11 ۔بنی لاوی ۔جیرسون اور قہات اور مراری۔ 12 ۔اوربنی یہوداہ ۔ عیر اور اونان اور سیلہ اور فارص اورزارح۔ اِن میں سے عیر اور اونان کِنعان کی سرزمین میں مر گئے تھے۔بنی فارص ۔حصرون اور حمول ۔ 13 ۔اور بنی اشکار ۔تولع اورفووہ اور یوب اور سمرون ۔ 14 ۔بنی زبولون ۔سرد اور ایلون اور یحلی ایل ۔ 15 ۔یہ لیِاہ کے بیٹے ہیں ۔جو فدان ارام میں اُس سے یعقوب کے لئے اُس کی بیٹی دینہ سمیت پیدا ہُوئے ۔اُس کے بیٹے اور بیٹیاں کل تینتیس جانیں تھیں ۔ 16 ۔بنی جد۔ صفیان اور حجی اور سونی اور اصبان اور عیری اور ارودی اور اریلی ۔ 17 ۔بنی آشر ۔یمنہ اور اسواہ اور اسوی اور بریعاہ اور سرہ ان کی بہن ۔اور حبر اور ملکی ایل ۔ 18 ۔یہ زلفہ کے بیٹے ہیں جو لابن نے اپنی بیٹی لیِاہ کو دی ۔یہ سولہ جانیں ہیں جو اُس کے لئے یعقوب سے پیدا ہُوئیں 19 ۔یعقوب کی بیوی راخل کے بیٹے یُوسف اور بنیمین ۔ 20 ۔یُوسف سے مصر میں اُون کے پجاری فوطیفر ع کی بیٹی آسناتھ سے منَسی اور افرائیم پیدا ہُوئے ۔ 21 ۔اور بنی بنیمین ۔بالع اور بکر اور اشبیل اور جیرا اور نعمان اخی اور روس مفُیم اور حفُیم اور ارد ۔ 22 ۔یہ راخل کے بیٹے ہیں۔جو اُس کے لئے یعقوب سے پیدا ہُوئے ۔کل چودہ جانیں تھیں ۔ 23 ۔دان کا بیٹا حشیم ۔ 24 ۔بنی نفتالی ۔یحصی ایل اور جوُنی اور یصر اور سلیم ۔ 25 ۔یہ بلہاہ کے بیٹے ہیں جو لابن نے اپنی بیٹی راخل کو دی۔کل سات جانیں جو اُس سے یعقوب کے لئے پیدا ہُوئیں 26 ۔پس سب جو یعقوب کے ساتھ مصر میں داخل ہُوئے یعنی جو اُس کے صلب سے پیدا ہُوئے ۔یعقوب کے بیٹوں کی بیویوں کے سوا چھیاسٹھ جانیں تھیں۔ 27 ۔اور یوسف کے دو بیٹے تھے جو ملک مصر میں پیدا ہُوئے سو جو یعقوب کے گھرانے کے مصر میں داخل ہُوئے وہ سب ستر جانیں تھیں 28 ۔ اور اُس نے یہوداہ کو یوُسف کے پاس خبر دینے کے لئے اپنے آگے بھیجا کہ وہ جشن میں اُسے ملے ۔اور وہ جشن کی سرزمین میں آئے ۔ 29 ۔اور یوسف اپنی گاڑی پر اپنے باپ اسرائیل کے استقبال کے لئے جشن کی سرزمین کو گیا۔ اور جب اُس نے اُسے دیکھا تو اُس کے گلے لپٹے ہُوئے دیر تک رویا ۔ 30 ۔تب اسرائیل نے یوسف سے کہا ۔ اب موت کی کوئی پرواہ نہیں۔کیونکہ میَں نے تیرا مُنہ دیکھا ۔کہ تُو ابھی تک زندہ ہے ۔ 31 ۔اور یُوسف نے اپنے بھائیوں اور اپنے باپ کے خاندان سے کہا ۔ میَں فرعون کے پاس خبر دینے جاتا ہوں ۔اور اُسے کہتا ہوں ۔کہ میرے بھائی اور میرے باپ کا خاندان جو کِنعان کی سرزمین میں تھے میرے پاس آگئے ہیں۔ 32 ۔اور وہ لوگ چوپان ہیں ۔کیونکہ وہ مویشی رکھتے ہیں ۔اور وہ اپنی بھیڑ بکری اور گائے بیل اور سب کچھ جو اُن کا ہے لے آئے ہیں ۔ 33 ۔اور جب فرعون تمہیں بُلائے اور کہے تمہارا پیشہ کیا ہے ؟ 34 ۔تو تم یہ کہنا کہ ہم لڑکپن سے۔ اور ہمارے باپ داد ا بھی مویشی رکھتے رہے ہیں۔ تاکہ تم جشن کی سرزمین میں رہ سکو ۔اِس لئے کہ مصریوں کو ہر ایک چوپان سے کراہیت ہے۔