باب

1 ۔بعد اِن باتوں کے یُوں ہُؤا ۔ کہ شاہ ِمصر کے ساقی اور نان پز نے اپنے آقا شاہ ِمصر کا قصُور کیِا ۔ 2 ۔تو فرعون اپنے دو خواجہ سراؤں اور ساقیوں کے سردار اور نان پزوں کے سردار سے ناراض ہُؤا۔ 3 ۔اور اُنہیں پہرے داروں کے سردار کے گھر کی نظر بندی میں اُسی قید خانہ میں جہاں یُوسف بند تھا قید کروایا ۔ 4 ۔ پہرے داروں کے سردار نے اُنہیں یُوسف کے سپُرد کیِا اور اُس نے اُن کی خدمت کی اور وہ کچھ مدُت تک قید خانہ میں رہے۔ 5 ۔اور اُن دونوں نے یعنی شاہ ِمصر کے ساقی اور نان پز نے جو قید خانہ میں بند تھے ایک ہی رات ایک ایک خواب جُدا جُدا تعبیر کا دیکھا ۔ 6 ۔اور یُوسف صبح کو اُن کے پاس اندر گیا اور دیکھا کہ وہ اُداس ہیں۔ 7 ۔اُس نے فرعون کے خواجہ سراؤں سے جو اُس کے ساتھ اُس کے آقا کے گھر کے قید خانے میں تھے ، پُوچھا ۔کہ کس لئے آج تمہارے چہرے اُداس نظر آتے ہیں؟ 8 ۔وہ بولے۔ ہم نے ایک ایک خواب دیکھا ہے اور کوئی نہیں جو ہمارے لئے اِن کی تعبیر کرے ۔یُوسف نے اُنہیں کہا ۔کیا تعبیریں خُدا ہی سے نہیں ؟ مجھ سے بیان کرو۔ 9 ۔ تب سردار ساقی نے اپنا خواب یُوسف سے بیان کیِا اور اُسے کہا ۔ میں نے دیکھا ۔کہ انگور کی تاک میرے سامنے تھی 10 ۔جس میں تین ڈالیاں تھیں۔ اُن میں کلیاں نکلیں اور پھول آئے اور انگور کے گچھے پکے ۔ 11 ۔اور فرعون کا جام میرے ہاتھ میں تھا ۔پس میَں نے انگوروں کولے کر فرعون کے جام میں نچوڑا ۔ اور وہ جام میں نے فرعون کو دِیا ۔ 12 ۔تب یُوسف بولا ۔ اُس کی تعبیر یہ ہے کہ وہ تین ڈالیاں تین دِن ہیں۔ 13 ۔ اورتین دِن کے بعد فرعون تیری عزت بحال کرے گا۔ اورتجھے تیرا منصب پھر دے گا۔ اور تُو اُس کے ہاتھ میں پھر جام دِیا کرے گا ۔پہلے کی طرح جب تُو فرعون کا ساقی تھا ۔ 14 ۔لیکن جب تُو خُوشحال ہو تو مجھے یاد کرنا اور مجھ پر مہربانی کرنا اور فرعون سے میرا ذکر کرنا ۔اور اِس گھر سے مجھے رہائی دِلوانا ۔ 15 ۔کہ میں عبرانیوں کے ملک سے دھوکے سے لایا گیا ۔اور یہاں بھی میَں نے ایسا کوئی کام نہیں کیِا جس کے سبب میَں قید خانہ میں ڈالا جاتا ۔ 16 ۔جب سردار نان پز نے دیکھا کہ اُس نے اچھی تعبیر کی۔تو یُوسف سے کہا ۔کہ میَں نے بھی خواب دیکھا ۔کہ میرے سر پرسفید روٹی کی تین ٹوکریاں تھیں۔ 17 ۔اور اُوپر کی ٹوکری میں فرعون کے لئے سب قسم کا کھانا تھا جو نان پز بناتا ہے۔ اور پرندے میرے سر پر کی اُس ٹوکری میں سے کھاتے تھے ۔ 18 ۔ یُوسف نے جواب میں کہا ۔اِس کی تعبیر یہ ہے ۔کہ وہ تین ٹوکریاں تین دِن ہیں ۔ 19 ۔تین دِن کے بعد فرعون تیرا سر تیرے تن سے جُدا کرے گا ۔اور درخت پر تجھے لٹکائے گا اور پرندے تیرا گوشت کھائیں گے۔ 20 ۔ اور تیسرے دِن جو فرعون کی سالگرہ کا دِن تھا یُوں ہُؤا کہ اُس نے اپنے سب درباریوں کی ضیافت کی ۔اور اُس نے سردار ساقی اور سردار نان پز کو اپنے درباریوں میں سے یاد کیِا ۔ 21 ۔اور اُس نے سردار ساقی کو اُس کے عہدہ پر بحال کیِا اور اُس نے فرعون کے ہاتھ میں جام دِیا ۔ 22 ۔لیکن اُس نے سردار نان پز کو پھانسی دی ۔جیسا یُوسف نے اُن سے تعبیریں کہی تھیں ۔ 23 ۔مگر سردار ساقی یُوسف کو بھول گیا اور اُسے یاد نہ کیِا۔