باب

1 مَسکن کی باقی آرائش اور اُس نے سوختنی قُربانی کا مَذبح کیکر کی لکڑی سے بنایا۔اُس کا طُول پانچ ہاتھ عرض پانچ ہاتھ مرُبع اور اُس کی بُلندی تین ہاتھ۔ 2 ۔اور اُس کے چاروں کونوں پر سیِنگ بنائے۔ سیِنگ اُ س میں سے نِکلتے تھے۔ اور اُنہیں پیِتل سے مڑھا۔ 3 ۔اور مَذ بح کے سب ظرُوف بنائے ۔ دیگیں اور پھاؤڑیاں اور پیالے اور سیِخیں اور انگھیٹیاں یہ سب ظرُوف پیِتل کے بنائے۔ 4 ۔اور مذبح کا آتش دان جالی دار پیِتل کا بنایا۔ جو کناروں سے نیچے آدھی دُور تک تھا۔ 5 ۔اور پیِتل کے آتش دان کے چاروں کونوں میں چار حلقے چوبوں کے لئے گھڑ کر بنائے ۔ 6 ۔اور کیکر کی لکڑی کی دو چوبیں بنائیں اور اُنہیں سونے سے مڑھا۔ 7 ۔اور مَذبح کی دونوں طرف کے حلقوں میں چوبیں ڈالیں ۔ تاکہ اُن سے اُٹھایا جائے اور وہ تختوں سے کھوکھلا بنا ہُؤا تھا۔ 8 ۔اور حوض اور اُس کی چوکی پیِتل کی بنائی۔ اُن عورتوں کے آئینوں سے جو خیَمہ اجتماع کے دروازہ پر خِدمت کرتی تھیں۔ 9 ۔اور اُس نے صحن بنایا۔ اُس کے پردے جنُوب کی جانِب مہین کتَی ہُوئی کتَان کے ایک سو ہاتھ کے تھے۔ 10 ۔اور اُس کے بیس ستُون اور بیس پائے پیِتل کے تھے۔ اور ستُونوں کے سر اور الگنیاں چاندی کی تھیں۔ 11 ۔اور شمال کی جانِب ایک سَو ہاتھ۔ اُس کے بیس ستُون اور بیس پائے پیِتل کے ۔ اور ستُونوں کے سر اور اَلگنیاں چاندی کی۔ 12 ۔اور مغرب کی جانِب کے پردے پچاس ہاتھ۔ اُس کے دس ستُون اور دس پائے اور ستُونوں کے سر اَور الگنیاں چاندی کی۔ 13 ۔ اَور مشرق کی جانِب پچاس ہاتھ۔ 14 ۔اُس کی ایک طرف کے پردے پندرہ ہاتھ کے۔ اُس کے تین ستُون اور اُ س کے تین پائے۔ 15 ۔اَور دُوسری طرف صحن کے دروازہ کے اِدھر اُدھر پندرہ ہاتھ کے پردے تھے۔اُس کے تین ستُون اور تین پائے۔ 16 ۔اور صحن کے گرِدا گرِد کے سب پردے باریک کتَی ہُوئی کتَان کے تھے۔ 17 ۔اور ستُونوں کے پائے پیِتل کے اور ستُونوں کی اَنکڑیاں اور اَلگنیاں چاندی کی اور اُن کے سرِے چاندی سے مڑھے ہُوئے ۔ اور صحن کے سب ستُون چاندی کی اَلگنیوں سے ملے تھے۔ 18 ۔اور صحن کے دروازے کا پردہ آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور قرمزی رنگ کے کپڑے اور باریک کتَی ہُوئی کتَان کا مُنقش تھا۔ اُس کا طُول بیس ہاتھ اور اُونچائی پانچ ہاتھ صحن کے پردوں کے ناپ کے مطُابِق تھی۔ 19 ۔اور اُس کے چار ستُون اور چار پائے پیِتل کے تھے ۔ اور اُن کی اَنکڑیا ں چاندی کی ، اور اُن کے سرِے اور اَلگنیاں چاندی سے مڑھی ہُوئی تھیں۔ 20 ۔اور مَسکن کی اور صحن کے گرِداگرِد کی سب سیخیں پیِتل کی تھیں۔ 21 ۔یہ ہے اُن چیزوں کا شمار جو مَسکنِ شہادت کے لئے اِستعمال کی گئیں۔ اتمر بِن ہارون کاہِن کی ہدایت سے موسیٰ کے حُکم کے مطُابِق لاویوں نے بنائیں۔ 22 ۔اور یہوداہؔ کے قبیلہ میں سے بضلی ایل بِن اُوری بِن حُور نے وہ سب کچھ جو خُدا نے موسیٰ کو حُکم دِیا ، بنایا۔ 23 ۔اور اُس کے ساتھ دانؔ کے قبیلہ میں سے اُہلیاب بِن اخیسمک تھا۔ جو ترکھان اور قابل کندہ کار اور آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کے کپڑے اور مہین کتان کا نقاش تھا۔ 24 ۔اور سب سونا جو مقَدس کے سب کام میں خرچ ہُؤا،نَذرانہ کا سونا تھا۔ اور وہ اُنتیس قنطار اور سات سو تین مثقال مقَدس کے مِثقال کے مطُابِق تھا۔ 25 ۔اور اُن کی چاندی جِن کا جماعت میں سے شُمار کیِاگیا تھا ۔ ایک سو قنطار اور ایک ہزار سات سو پچھتر مِثقال مقَدس کے مِثقال کے مطُابِق تھی۔ 26 ۔اور ہر مرد حِصہ ایک بیکا مقَدس کے حساب کے مطُابِق آدھا مِثقال تھا۔ یعنی ہر ایک آدمی کا جو مردم شُماری میں گنِا گیا بیس برس اور اِس سے زیادہ کا۔ کل چھ لاکھ تین ہزار ساڑھے پانچ سَو مرد۔ 27 ۔پس چاندی جس سے مقَدس کے پائے اور پردے کے پائے ڈھالے گئے سو قنطار تھی۔ اور سو پائے تھے۔ چُنانچہ ایک قنطار سے ایک پایہ تھا۔ 28 ۔اور ایک ہزار سات سو پچھتر مثقال سے اُس نے ستُونوں کے سر بنائے اور اُن کے سروں اور اَلگنیوں کو مڑھا۔ 29 ۔اور نَذرانے کا پیِتل سّتر قنطار اور دو ہزار چار سو مِثقال ہُؤا۔ 30 ۔اَور اُس نے اُس سے خیَمہ اجتماع کے دروازہ کے پائے اور پیِتل کا مَذبح اور اُس کا پیِتل کا آتش دان اور مذبح کے سب ظرُوف ۔ 31 ۔اور صحن کے گرِدا گرِد کے پائے اور صحن کے دروازہ کے پائے اور مَسکن کی سب سیخیں اور صحن کر گرِداگرِد کی سیخیں بنائیں۔