باب

1 ۔پس بضلی ایل اور اُہلیاب اور کل مرد صاحب حِکمت جِن کے دِلوں میں خُداوند نے حِکمت اور فہم بخشا۔کہ وہ مقَدس کے کام کی سب کاریگری کو سمجھیں ۔ خُداوند کے حکم کے مطُابِق کام کرنے لگے۔ 2 ۔اور موسیٰ نے بضلی ایلؔ اور اُہلیاب اور تمام صاحبِ حِکمت مردوں کو بُلایا جن کے کے دِلوں میں خُداوند نے حِکمت ڈالی۔اور سب کو ، جِن کے دِلوں نے اُنہیں ترغیب دِی۔کہ کام کرنے کے لئے سامنے آئیں۔ 3 ۔تب اُنہوں نے سب نَذر کی چیزیں جو بنی اِسرائیل مقَدس کی خدمت کے کاموں کے لئے لائے تھے۔ موسیٰ کے ہاتھ سے لیں۔ اور ہر صُبح کے وقت لوگ ہر ایک چیز جو اُن کے دِل میں آتا تھا لاتے تھے۔ 4 ۔تب سب عقلمند کاریگر جو مقُدس کے سب کام کرتے تھےہر ایک اپنے کام سے جو کرتا تھا۔ آئے۔ 5 ۔اور اُنہوں نے موسیٰ سے کہا ، کہ اُس کام کے تمام کرنے کے لئے جس کا خُدانے حکم دِیا ہے۔ لوگ ضُرورت سے زیادہ چیزیں لاتے ہیں۔ 6 ۔تب موسیٰ نے حکم دِیا۔کہ خیمہ گاہ میں مُنادی کی جائے اور کہا جائے کہ اب سے کوئی مرد یا عورت مقَدس کی نذر کے واسطے کچھ نہ لائے ۔ تب لوگ نذر لانے سے رُکے ۔ 7 ۔کیونکہ جو کچھ لایا گیا تھا ۔ وہ سب کام بنانے کے لئے کافی بلکہ زیادہ تھا۔ 8 مَسکن کے پردے ۔ غلاف اور تختے اور کام کرنے والوں میں سے جو صاحب حِکمت تھے مَسکن بنانے لگے۔ اُنہوں نے دس پردے مہین کتَی ہُوئی کتان کے آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کے اور اُن پر مہارت سے کرُوبیوں کی بنی ہُوئی صورتیں بنائیں۔ 9 ۔ہر ایک پردہ کا طُول اٹھائیس ہاتھ اور عرض چار ہاتھ۔ سب پردے اِسی ناپ کے تھے۔ 10 ۔اور پانچ پردے ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑے ۔ اور باقی پانچ پردے بھی ایک دُوسرے کےساتھ جوڑے ۔ 11 ۔اور ایک پردہ کے حاشیہ میں مِلانے والی طرف میں آسمانی رنگ کے حلقے بنائے۔ اور ایسا ہی دُوسرے پردہ کے مِلانے والی طرف میں بنائے۔ 12 ۔اُنہوں نے پچاس حلقے ایک پردہ کے حاشیہ میں اور پچاس حلقے دُوسرے پردہ کی مِلنے والی طرف میں بنائے۔ 13 ۔اور انہوں نے پچاس چھلّے سونے کے بنائے ۔ اور چھلّوں سے پردوں کو ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دِیا ۔ تو ایک مَسکن بن گیا۔ 14 ۔اور اُنہوں نے بکری کی پشم کے گیارہ پردے مَسکن کے اُوپر کےخیمہ کے لئے بنائے ۔ 15 ۔ہر ایک پردہ کا طُول تیس ہاتھ اور عرض چار ہاتھ۔ گیارہ پردے ایک ہی ناپ کےتھے۔ 16 ۔اور پانچ پردے ایک دُوسرے کے ساتھ اور چھ پردے ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑے۔ 17 ۔اور ایک پردہ کے حاشیہ میں مِلانے والی طرف پچاس حلقے اور دُوسرے پردہ کے حاشیہ میں مِلنے والی طرف پچاس حلقے بنائے ۔ 18 ۔اور پیِتل کے پچاس چھلے جوڑنے کے لئے بنائے تو ایک خیمہ گاہ بن گیا۔ 19 ۔اور خیمہ کے اُوپر کے لئے ایک غلاف مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا اور ایک غلاف تحس کی کھالوں کا بنایا۔ 20 ۔اور اُنہوں نے کیکر کی لکڑی کے کھڑے تختے مَسکن کے لئے بنائے ۔ 21 ۔ہر ایک تختہ کا طُول دس ہاتھ اور عرض ڈیڑھ ہاتھ۔ 22 ۔اور ہر ایک تختہ کی دو چوُلیں باہم مقُابل دُوسرے کے ساتھ جوڑنے کے لئے بنائیں ۔ مَسکن کے سب تختوںمیں ایسا ہی بنایا۔ 23 ۔اور مَسکن کے جنُوبی طرف کے لئے بیس تختے بنائے ۔ 24 ۔اور چالیس پائے چاندی کے بیِس تختوں کے نیچے رکھنے کے لئے بنائے۔ دو پائے ہر ایک تختہ کے چولوںکے لئے ۔ 25 ۔ اور مَسکن کی دُوسری جانِب شمال کی طرف بیِس تختے بنائے۔ 26 ۔اور چالیس پائے چاندی کے ۔ ہر ایک تختہ کے لئے دو دو۔ 27 ۔مَسکن کی پچھلی طرف مغرب کی جانِب چھ تختے بنائے۔ 28 ۔اور مَسکن کی پچھلی طرف ہر ایک کونے میں دو تختے بنائے۔ 29 ۔اور دونوں نیچے سے برابر اُوپر کو پہلے حلقے تک جُڑے ہُوئے تھے۔ ایسا ہی دونوں کونو ں میں تھا۔ 30 ۔پس وہاں آٹھ تختے اَور اُن کے سولہ پائے چاندی کے تھے ۔ ہر ایک تختہ کے نیچے دو دو پائے۔ 31 ۔اور مَسکن کی ایک جانِب کے تختوں کےلئے کیکر کی لکڑی کے پانچ بینڈے بنائے۔ 32 ۔اور مَسکن کی دُوسری جانِب کے تختوں کے لئے پانچ بیندے ۔ اور پچھلی طرف مغرب کی جانِب کے مَسکن کےتختوں کے لئے پانچ بینڈے ۔ 33 ۔اور تختوں کے بیچ ایک درمیانی بینڈا بنایا۔جو ایک سرِے سے دُوسرے سرِے تک پہنچتا تھا۔ 34 ۔اور تختوں کو سونے سے مڑھا۔اوربینڈوں کی جگہ کے لئے اُنہوں نے سونے کے حلقے بنائے۔ اور بینڈوں کو سونے سے مڑھا۔ 35 ۔اور آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کے کپڑے اور مہین کتَی ہُوئی کتَان کا ایک منُقش پردہ اور ہنُر مند کاریگری کی حِکمت سے کرُوبیوں کی صُورتیں بنائیں۔ 36 ۔اور چار ستُون کیکر کے بنائےاور اُنہیں سونے سے مڑھااور اُن کے سر سونے کے تھے۔ اور اُس کے لئے چار پائے چاندی کے ڈھالے ۔ 37 ۔اور خیمہ کے دروازہ کا پردہ آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کے کپڑے اور مہین کتَی ہُوئی کتَان کا منُقش کاریگری سے بنایا۔ 38 ۔اور اُس کے پانچ ستُون اَور اُن کے سر بنائے ۔ اور اُن کے سروں اور اَلگنیوں کو سونے سے مڑھا۔ اور اُن کے پانچ پائے پیِتل کے بنائے۔