باب

1 سبت کی شریعت تب موسیٰ نے بنی اِسرائیل کی تمام جماعت کو اِکٹھا کیِا۔ اور اُس سے کہا۔ وہ باتیں جن کے کرنے کا خُداوند نے حکم دِیا ہے۔ یہ ہیں۔ 2 ۔چھ دِن تُو اپنا کام کاج کر۔ ساتواں دِن تمہارے لئے مقُدس ہوگا۔خُداوند کے لئے آرام کا سبت۔ جو کوئی اُس میں کچھ کام کرے گا۔قتل کیِا جائے گا۔ 3 ۔تم اپنے سب مکانوں میں سبت کے دِن آگ مت جلاؤ۔ 4 ۔ مَسکن کے لئے نَذرانے اور کاریگروں کا تقّرر اور موسیٰ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہا۔ کہ خُدا کا فرمان جس کے بجا لانے کا اُس نے حُکم دِیا یہ ہے۔ 5 ۔کہ تم اپنے پاس سے خُداوند کے لئے نَذرانہ لاؤ ہر ایک اپنے دل کی رغبت کے مطُابق۔ خُداوند کے لئے سونا اور چاندی اور پیِتل نَذرانہ لائے۔ 6 ۔اور آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور قرمزی رنگ کا کپڑا اور مہین کتَان اور بکریوں کی پشم۔ 7 ۔اور مینڈوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور بکرے کی کھالیں اور کیکر کی لکڑی۔ 8 ۔اور شمع دان کا تیل اور مسح کے تیل اور بخُور کے لئے خُوشبُوئیں۔ 9 ۔اور سَنگ جزع اَور نگینے اِفود پر جڑنے کے لئے اور سیِنہ پوش کے لئے۔ 10 ۔اور تم میں سے سب جو عقلمند ہیں آئیں۔اور جو کچھ خُدا نے فرمایا ہے ۔بنائیں۔ 11 ۔مَسکن اوراُس کا خیَمہ اَور اُس کا غلاف اور اُس کے حلقے اور اُس کے تختے اور اُس کے بینڈے ۔ اُس کے ستُون اور اُس کے پائے۔ 12 ۔اور صندُوق اور اُس کی چوبیں۔ اورسرپوش اور پردہ۔ 13 ۔ اور میز اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب برتن اورحُضوری کی روٹیاں۔ 14 ۔اور روشنی کے لئے شمع دان اَور اُس کے برتن اور چراغ اور شمع دان کا تیل۔ 15 ۔اور بخُور کی قُربان گاہ اور اُس کی چوبیں اور مسح کرنے کا تیل اور اور خُوشبودار بخُور اور مَسکن میں داخِل ہونے کے دروازہ کا پردہ۔ 16 ۔ اور سوختنی قُربانی کا مَذبح اور اُس کے لئے پیِتل کا آتش دان اور اُس کی چوبیں اوراُس کے سب برتن اور حوض اور اُس کی چوکی۔ 17 ۔ اور صحن کے پردے اور اُس کے ستُون اور اُس کے پائے اور صحن کے دروازہ کا پردہ۔ 18 ۔اور مَسکن اور صحن کی میِخیں اور اُن دونوں کی رسیاں۔ 19 ۔اور خِدمت کا لباس مقَدس میں خِدمت کرنےکے لئے اور ہارون کاہِن کے لئے مقُدس لبا س اور اُس کے بیٹوں کے لئے کہانت کا لباس۔ 20 ۔تب ساری جماعت موسیٰ کے سامنے سے چلی گئ۔ 21 ۔اور وہ آئے۔ ہر ایک ، جس کی روح کی خُوشی ہُوئی اور جس کے دِل نے اُسے ترغیب دی خُداوند کے لئے خیَمہ اجتماع کے واسطے اور اُس کی سب خدمت کے واسطے اور مقُدس لبا س کے واسطے ، نَذرانہ لایا۔ 22 ۔اور مرد اور عورتیں جن کے دِل کی خُوشی ہُوئی ، آئے۔ اور کنگن اور بالیاں اور انگھوٹھیاں اور بازوبند اور سب سونے کے زیور لائے اور سب جو آئے خُداوند کے لئے سونے کا نَذرانہ لائے۔ 23 ۔اور ہر ایک جس کے پاس آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور قرمزی رنگ کا کپڑا اور مہین کتَان اور بکری کی پشم اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور بکرے کی کھالیں اور تحس کی کھالیں تھیں سب لے آئے ۔ 24 ۔اور ہر ایک جس کے پاس چاندی اور پیِتل نَذر کے لئے تھا ۔ خُداوند کے لئے نَذر نہ لایا۔ اور ہر ایک جس کے پاس کیکر کی لکڑی کام میں آنے کے لائق تھی اُسے لایا۔ 25 ۔اور جتنی عورتیں محنتی تھیں۔ وہ اپنے ہاتھوں سے کات کات کر آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کا سُوت اور مہین کتَان لائیں۔ 26 ۔اور جتنی عورتیں نیک نہاد اور ماہر تھیں اُنہوں نے بکریوں کی پشم کاتی۔ 27 ۔اور جو رئیس تھے وہ سنگ ِ سلیمان اور نگینے اِفود پر جڑنے کے لئے اور سیِنہ پوش کے لئے۔ 28 ۔اور شمع دان اور مَسح کے تیل اور بخُور کے لئے خُوشبوئیں اور تیل لائے۔ 29 ۔اور بنی اِسرائیل میں سے سب مرد یا عورتیں جن کے دِلوں نے اُنہیں ابھارا کہ اِس سب کام کے لئے چیزیں لائیں جن کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا تھا۔ کہ موسیٰ کے ہاتھ سے بنایا جائے۔ خُداوند کے لئے خُوشی سے لائے۔ 30 ۔اور موسیٰ نے بنی اِسرائیل سے کہا ۔ دیکھو!خُداوند نے یہوداہ کے قبیلہ میں سے بضلی ایل بِن اُوری بِن حُور کا نام لے کر بُلایا ہے ۔ 31 ۔اور روحِ خُدا سے یعنی حکمت اور فہم ۔ ہنُر اور مہارت سے اُسے بھر دِیا۔ 32 ۔تاکہ سونے اور چاندی اور پیِتل کے کاموں کی تجاویز ایجاد کرے۔ 33 ۔اور جواہرات کو جڑنے کے لئے رگڑے اور لکڑی تراشے پس ہر طرح کی کاریگری میں نادر کام کرے۔ 34 ۔ اور اُس کے دِل میں ڈال دِیا ہے ۔کہ وہ اور دان کے قبیلہ میں سے اہلیاب بن اخیسمک سِکھائیں ۔ 35 ۔اور اُن دونوں کے دِلوں حکمت بھر دِی ہے۔ تاکہ وہ دونوں سب کام کروائیں ۔ نّجار کا۔ عاقل مُصور اور نقاش کا جو آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کے کپڑوں اور مہین کتَان کا کام کرتا ہے اور سب کام جولاہے کا ۔ پس وہ سب کام کاریگری سے کروائیں اَور نئی چیزیں ایجاد کریں۔